کینیڈا بھر میں نماز عیدالفطر کی ادائیگی
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال کینیڈا بھر میں عیدالفطر مورخہ ۱۰؍اپریل بروز بدھ منائی گئی۔ یاد رہے کینیڈا رقبے کے لحاظ سے دنیا بھر میں رشیا کے بعد دوسرے نمبر پر آتا ہے جس کے ایک سرے سے دوسرے سرے تک بذریعہ ہوائی جہازسفر کرنے میں تقریباً پانچ گھنٹے صرف ہوتے ہیں۔ اتنے وسیع و عریض رقبہ پر پھیلے ملک بھر میں جماعت ہائے احمدیہ کے ۲۳؍مختلف جگہوں پرنمازعیدالفطر کی ادائیگی کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ چنانچہ عید کا سب سے بڑا اجتماع انٹرنیشنل سینٹر مسی ساگا میں منعقد ہوا جس میں دس ہزار سے زائد نمازی شامل ہوئے۔ سب سے چھوٹا اجتماع صوبہ نوواسکوشیا میں منعقد ہوا جس میں کُل حاضری ۲۸؍تھی۔ اس طرح تمام ملک کے نماز سنٹرز میں تقریباً ۳۲؍ہزار ۳۰۴؍نمازی شامل ہوئے۔
یاد رہے مسی ساگا کا انٹرنیشنل سینٹر وہی جگہ ہے جہاں گذشتہ سالہا سال سے جماعت احمدیہ کینیڈاکا جلسہ سالانہ بھی منعقد ہوتا آرہا ہے۔ مگر امسال یہ جلسہ جماعت کے اپنے وسیع و عریض رقبہ ’’حدیقہ احمد‘‘ (بمقام برینٹ فورڈ) میں منعقد ہورہا ہے۔ انشاء اللہ – جس پر کام پورے زور و شور سے جاری ہے۔
مکرم ملک لال خان صاحب امیر جماعت کینیڈا نے انٹرنیشنل سینٹر میں نمازعید پڑھائی۔ نمازعید کا اجتماع دیکھنے کےلیے بعض ممبران اسمبلی اور کچھ دیگرحکومتی ارکان بھی تشریف لائے ہوئے تھے جنہوں نے خطبہ عیدالفطر بھی بڑی توجہ اور دلچسپی کے ساتھ سنا۔
(رپورٹ: ناصر احمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)