دنیا کے تمام لوگوں میں مختلف وقتوں میں رسول بھیجے
مورخہ17؍نومبر2024ء کو امام جماعتِ احمدیہ عالمگیر حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کے گلف ریجن کے اکیس(21) خدام کو بالمشافہ ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی ۔
ایک سوال جو حضورانور کی خدمت میں پیش کیا گیا، وہ یہ تھا کہ ہمیں قدیم اقوام، جیسے ایزٹیک (Aztec)، مایا (Maya) اور ایبورجین (Aborigines) میں انبیاء کے مبعوث ہونے کا ذکر کیوں نہیں ملتا؟ جبکہ یہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ قومیں بھی ایک خدا پر ایمان رکھتی تھیں۔
حضورِانور نے جواب دیتے ہوئے فرمایا کہ دیکھو! قرآنِ پاک میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ مَیں نے ہر قوم میں رسول بھیجےاور دنیا کے تمام لوگوں میں مختلف وقتوں میں بھیجے ۔ لہٰذا یہ وہ معلومات ہیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآنِ پاک میں عطا فرمائی ہیں کہ ہر قوم کی طرف مختلف اوقات میں رسول بھیجے گئے اور صرف چند انبیاء کے نام قرآنِ پاک میں مذکور ہیں ، جن کی تعداد تقریباً پچیس ہے مگر ہر نبی نے ایک ہی بنیادی تعلیم سکھائی ہے۔
حضورِانور نے مزید وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ چاہے وہ انبیاءآسٹریلیا کے ہوں، کینیڈا، امریکہ، ایشیا یا کہیں اَور سے ہوں ، خواہ وہ چین یا انڈیا سے ہوں، ان سب نے ایک ہی بنیادی تعلیم سکھائی ہے کہ اللہ کے حضور جھکو اور ایک دوسرے کے حقوق ادا کرو۔ سو یہ بنیادی تعلیمات ہیں ۔ اگرچہ اللہ نے قرآنِ پاک میں معیّن طور پر تو تمام انبیاء کے نام بیان نہیں فرمائے مگر اس نے یہ فرمایا ہے کہ مَیں نے اپنے انبیاء کو ہر ایک قوم میں اور تمام لوگوں میں مبعوث کیا ہے۔
(الفضل انٹر نیشنل 28؍ نومبر 2024ء)