بچوں کا الفضل

کیوں؟

پیارے بچو! آج کے نئے سوال اور اس کے جواب کے ساتھ حاضر ہیں۔ اور آج کا سوال یہ ہے کہ

لابوبو گڑیا کیا ہے اور کیوں اتنی مقبول ہو رہی ہے؟

پیارے بچو! سادہ الفاظ میں لابوبو (Labubu)ایک کھلونا ہے جو کہ ہانگ کانگ میں پیدا ہونے والی فنکار ’کاسنگ لنگ‘ کی تخلیق کردہ کہانیوں کی سیریز ’دی مونسٹرز‘ سے متاثر ہے۔ کاسنگ لنگ بعد میں نیدرلینڈز منتقل ہو گئے۔

ٹوائے کمپنی پاپ مارٹ کے مطابق، یہ کتابیں نورڈک (شمالی یورپی) دیو مالا سے متاثر ہیں ان میں دی مونسٹرز کے ’جادوئی کردار‘ شامل ہیں جو اچھے بھی ہیں اور برے بھی۔ اِن میں سب سے مشہور کردار ایک چھوٹا مونسٹر ہے جس کے نوکیلے کان اور دندانے دار دانت ہیں۔اُسے لابوبو کہا جاتا ہے۔

شرارتی شکل کے باوجود، لابوبو ایک نرم دل مخلوق بتائی گئی ہے جو ہمیشہ مدد کرنا چاہتی ہے، لیکن اکثر غیر ارادی طور پر الٹا نتیجہ نکال بیٹھتی ہے۔ اگرچہ لابوبو کے کان خرگوش سے مشابہت رکھتے ہیں، لیکن یہ کردار حقیقت میں ایلفز (پریوں جیسی مخلوق) سے متاثر ہیں۔

لابوبو کی قیمت مختلف ہو سکتی ہے۔ تاہم پاپ مارٹ کے کھلونے اکثر جلدی فروخت ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات لوگ انہیں دوبارہ فروخت کی ویب سائٹس پر مہنگے داموں بیچ دیتے ہیں۔

اسے فروخت کرنے والی کمپنی پاپ مارٹ کا کہنا ہے کہ درحقیقت، لابوبو کا ڈیزائن یورپی لوک کہانیوں سے متاثر ہے، خاص طور پر شمالی یورپ (نورڈک) کی پریوں کی کہانیوں سے جو جنگلات کی مخلوقات اور ایلفز (پری نما کرداروں) کے بارے میں ہوتی ہیں۔ یہ گڑیاں کسی شیطانی قوت یا نقصان دہ عمل سے کوئی تعلق نہیں رکھتیں۔

تو بچو !کھلونوں سے کھیلنا اور عجیب وغریب کھلونے ہونا کوئی آجکل کی بات نہیں ہے بلکہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ حضرت عائشہ رضی اللّٰہ تعالیٰ عنھا بھی کھلونوں سے کھیلتی تھیں اور ان کے پاس بھی ایک عجیب وغریب پروں والا گھوڑا ہوتا تھا جس سے وہ اپنی سہیلیوں کے ساتھ کھیلا کرتی تھیں۔(بحوالہ سنن ابي داؤدكتاب الأدب باب في اللعب بالبنات حدیث نمبر 4932)

تو بچو!آپ کو آج کا سوال اور اِس کا جواب کیسا لگا؟ اگر آپ کے ذہن میں کوئی بھی سوال ہو تو ہمیں بھجوائیں۔ ان شا ءاللہ ہم آپ کو اُس کا بھی جواب دیں گے۔

آپ کا بھائی۔نبیل احمد کاشف۔ جرمنی

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں
Close
Back to top button