اعتکاف
اعتکاف دراصل اللہ کی طرف مکمل توجہ اور دنیا سے عارضی کنارہ کشی کا نام ہے۔ یہ عبادت انسان کے دل کو پاک کرتی اور خدا سے تعلق کو مضبوط بناتی ہے
آج کل ہم رمضان المبارک کے آخری چند دنوں میں سے گزر رہے ہیں اور اکثر مساجد میں اعتکاف کی رونق دیکھنے کو ملتی ہے۔ اعتکاف کا لفظ عربی مادہ عَكَفَ ؍ يَعْكُفُ سے نکلا ہے۔جس کے لفظی معنی ہیں کسی چیز پر جم جانایا ٹھہر جانا ہیں۔
لغوی معنی: کسی جگہ یا کسی کام کے ساتھ دل و جان سے لگ کر رہنا، اپنے آپ کو اس کے لیے مخصوص کر لینا۔
اصطلاحی معنی: اسلامی اصطلاح میں اعتکاف سے مراد یہ ہے کہ رمضان کے آخری عشرہ میں انسان عبادت کی نیت سے دس دن کے لیے مسجد میں ٹھہر جائے اور دنیاوی مصروفیات سے الگ ہو کر اللہ کی عبادت، ذکر اور دعا میں مشغول رہے۔
قرآن کریم کی روشنی میں: قرآن کریم میں اعتکاف کا ذکر سورۃالبقرہ آیت ۱۸۸ میں ملتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: وَاَنۡتُمۡ عٰکِفُوۡنَ ۙ فِی الۡمَسٰجِدِ یعنی جب تم مساجد میں اعتکاف کی حالت میں ہو ۔اس آیت سے معلوم ہوتا ہے کہ اعتکاف ایک معروف عبادت ہے جو مسجد میں اللہ کی عبادت کے لیے کی جاتی ہے۔یہاں یہ بات بھی نوٹ کرنی چاہیے کہ اللہ نے اعتکاف کو مسجد کے ساتھ ہی منسلک فرمایا ہے۔
اسلام میں اعتکاف کا مقصد: اسلام میں اعتکاف کا اصل مقصد یہ ہے کہ انسان
٭…دنیاوی مشاغل سے کچھ دیر الگ ہو۔
٭…اللہ سے تعلق کو مضبوط کرے۔
٭…دعا، استغفار اور قرآن کی تلاوت میں مشغول ہو۔
٭…اپنے نفس کا محاسبہ کرے۔
دیگر مذاہب میں مشابہ تصور:اعتکاف جیسا تصوّر دوسرے مذاہب میں بھی پایا جاتا ہے، مثلاً:
یہودیت: عبادت کے لیے تنہائی اختیار کرنا اور عبادت گاہ میں وقت گزارنا۔
عیسائیت: راہبوں کا خانقاہوں یا گرجا گھروں میں گوشہ نشینی اختیار کرنا۔
ہندومت و بدھ مت: یوگیوں یا سادھوؤں کا مراقبہ اور خلوت میں عبادت کرنا۔
یہاں ایک بات جو اسلام میں بڑی نمایاں نظر آتی ہے کہ اسلام ہر شخص واحد کا ذاتی تعلق مالک حقیقی سے قائم کرنے کا نہ صرف خواہاں ہے بلکہ طریق کار بھی واضح ہیں۔
اعتکاف دراصل اللہ کی طرف مکمل توجہ اور دنیا سے عارضی کنارہ کشی کا نام ہے۔ یہ عبادت انسان کے دل کو پاک کرتی اور خدا سے تعلق کو مضبوط بناتی ہے۔
اعتکاف کی معروف اقسام:
۱۔ مسنون اعتکاف: یہ وہ اعتکاف ہے جو رسول اللہﷺ کی سنت کے مطابق رمضان کے آخری دس دن میں کیا جاتا ہے۔نبی کریم ﷺ ہر سال رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرمایا کرتے تھے تاکہ لیلۃ القدر کی تلاش اور زیادہ عبادت کا اہتمام ہو۔
واجب اعتکاف: یہ وہ اعتکاف ہے جو نذر (منت) ماننے کی وجہ سے لازم ہو جائے۔مثلاً کوئی شخص کہےکہ اگر میرا فلاں کام ہو گیا تو میں ایک دن یا چند دن اعتکاف کروں گا۔ایسی صورت میں اس نذر کو پورا کرنا واجب ہو جاتا ہے۔
نفلی اعتکاف: یہ اعتکاف کسی بھی وقت ثواب کی نیت سے کیا جا سکتا ہے۔چاہے تھوڑی دیر کے لیے مسجد میں بیٹھ کر عبادت کی نیت کر لی جائے تو وہ بھی نفلی اعتکاف میں شمار ہو جاتا ہے۔
ان سب کا مقصد یہی ہے کہ انسان اللہ تعالیٰ کی طرف پوری توجہ کے ساتھ عبادت، دعا اور ذکر میں مشغول ہو کر روحانی قرب حاصل کرے۔
(ن ۔ا ۔ش)
٭…٭…٭




