ہمیں قرآن کیوں پڑھنا چاہیے؟
ایک واقفِ نَو عزیزم نور الدین احمد نے حضور انور کی خدمت میں عرض کیا کہ ہمیں قرآن کیوں پڑھنا چاہیے؟
حضورِ انور نے اس کے جواب میں فرمایا: تم کس کلاس میں پڑھتے ہو؟ اس نے عرض کی کہ تیسری کلاس میں۔ حضور نے فرمایا: تم سکول میں کیوں پڑھتے ہو؟ اس لیے کہ تم پڑھتے جاؤ اور اچھی تعلیم حاصل کرو اور کچھ بن سکو۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم ہمیں ایک مکمل شریعت کے طور پر دیا۔ آنحضرت صلی اللہ علیہ و سلم پر یہ کتاب اتاری تاکہ اس کو انسان پڑھے اور اچھی باتیں جو اللہ تعالیٰ نے ہمیں کرنے کے لیے کہا ہے اسے کریں اور اچھا انسان بنیں اور جو بری باتیں ہیں ان کے کرنے سے رکیں اور اللہ تعالیٰ کی سزا سے بچ سکیں۔ اس لیے ہمیں قرآن پڑھنا چاہیے تا کہ ہم روزانہ پڑھیں اور اس پر عمل کریں اور اس کی اچھائیوں کو اختیار کریں اور اس میں مذکور برائیوں سے رُکیں۔ اس کے علاوہ کیونکہ یہ اللہ تعالیٰ کی کتاب ہے اس کو پڑھنے کا اللہ تعالیٰ ثواب بھی دیتا ہے، اجر دیتا ہے۔ جب انسان اللہ میاں کے پاس جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ نےتمہارے کھاتے میں تمہاری ساری نیکیاں لکھی ہوتی ہیں۔
(آن لائن ملاقات واقفین نو بنگلہ دیش منعقدہ مورخہ 30؍جنوری 2021ء۔ الفضل انٹرنیشنل 23؍ فروری 2021ء)