کچھ جامعات سے

سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ و حفظ سکول کینیڈا

مؤرخہ 13 اپریل 2019ء بروز ہفتہ جامعہ احمدیہ اور حفظ سکول کینیڈا کی سالانہ تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد ایوانِ طاہر میں کیا گیا۔ یہ تقریب دو حصوں پر مشتمل تھی ۔پہلے حصہ میں عربی ، اردو اور انگریزی زبانوں میں تقاریر کا حتمی مرحلہ ہوا جس کے بعد حفظ سکول کے ایک طالب علم نے اپنی مثالی تقریر پیش کی۔ تقریب کے اس حصہ کی صدارت درجہ سادسہ کے دو طلبہ عزیزم سرمد نوید اور عزیزم فاطر احمد نے کی۔

اساتذہ و طلبہ جامعہ احمدیہ کینیڈا مکرم امیر صاحب اور پر نسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا کے ساتھ

تقریب کے دوسرےحصہ کا آغاز مہمان ِخصوصی مکرم و محترم امیر صاحب جماعتہائے احمدیہ کینیڈا کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوتِ قرآن کریم اور نظم کے بعد عزیزم اُسامہ رحمان طالبعلم درجہ خامسہ و نائب الرئیس الجمعیہ العلمیہ اور مکرم حافظ مجیب الرّحمان احمد صاحب استاد حفظ سکول کو بالترتیب جامعہ احمدیہ اور حفظ سکول کینیڈا کی غیر نصابی سرگرمیوں پر مبنی رپورٹ پیش کرنے کی توفیق ملی۔

ان رپورٹس کے بعد مکرم امیر صاحب جماعتہائے احمدیہ کینیڈا نے حفظ سکول اور جامعہ احمدیہ کینیڈا کے طلبہ میں، دورانِ سال ہونے والے مختلف انفرادی اور اجتماعی علمی مقا بلہ جات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے پر انعامات سے نوازا۔ اسی طرح امسال جامعہ احمدیہ کے زیرِ اہتمام لگائی جانے والی نمائش بعنوان ’خلافتِ راشدہ‘ کے لیے نمایاں کام کرنے والے طلبہ کو بھی انعامات دیئے گئے۔اس کے علاوہ جامعہ کے کچن اسٹاف کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں بھی انہیں انعامات سے نوازا گیا۔

اساتذہ و طلبہ حفظ سکول کینیڈا مکرم امیر صاحب اور پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا کے ساتھ

یاد رہے کہ غیر نصابی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے کے لیے جامعہ احمدیہ کے جملہ طلبہ کو چار مختلف گروپس :شجاعت، امانت،دیانت اور رفاقت میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر گروپ کا نگران جامعہ احمدیہ کا ایک استاد ہے۔ دورانِ سال شام کے اوقات میں ان گروپس کے مابین انفرادی اور اجتماعی مقابلہ جات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اسی طرح حفظ سکول کے طلبہ کو بھی غیر نصابی سرگرمیوں کے لیے تین احزاب میں تقسیم کیا گیا ہے۔ جامعہ احمدیہ کینیڈا کے تعلیمی سال 2018۔2019 میں مثالی طالبعلم عزیزم عمر فاروق طالبعلم درجہ خامسہ رہے اور شجاعت گروپ سب سے زیادہ نمبر حاصل کر کے نمایاں رہا۔ مکرم حافظ ھبۃ الرّحمان صاحب نگران استاد نے گروپ کے طلبہ کے ساتھ ٹرافی کو وصول کیا۔

’شجاعت گروپ‘ مکرم امیر صاحب اور پرنسپل صاحب جامعہ احمدیہ کینیڈا کے ساتھ

انعامات کی تقسیم مکمل ہونے پر مکرم و محترم داؤد حنیف صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ کینیڈا نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ جس کے بعد مکرم امیر صاحب نے مختصر خطاب فرماتے ہوئے جامعہ احمدیہ کینیڈا کی طرف سے منعقد کی جانے والی نمائشوں کو سراہتے ہوئے فرمایا کہ طلبہ جامعہ احمدیہ اساتذہ کی زیر نگرانی بڑی محنت سے اعلیٰ معیار کی نمائشیں تیار کی جاتی ہیں ، جن سے کثیر احباب ِجماعت کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔

تقریب کا اختتام دُعا سے ہوا جس کے بعد مہمانوں کی خدمت میں عشائیہ پیش کیاگیا ۔

(رپورٹ:سہیل احمد ثاقب ، استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا رئیس الجمعیہ العلمیہ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button