نمازِ جنازہ حاضر و غائب 26؍ فروری و 07؍ مارچ 2019ء
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 26؍فروری 2019ءکو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الغفور صاحب مرحوم (ریڈبرج ساؤتھ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور 2مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم عبد الغفور صاحب مرحوم (ریڈبرج ساؤتھ۔ یوکے)
23فروری 2019ءکو84سال کی عمر میں وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ نیک ، دعاگو ، جماعت کے ساتھ گہر اتعلق رکھنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ بچوں کی اچھی تربیت کی ۔ان کے سب بچوں کو خدا کے فضل سے کسی نہ کسی رنگ میں جماعتی خدمت کی توفیق مل رہی ہے ۔ پسماندگان میں چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔
نماز جنازہ غائب
-1مکر م مرزا مقصود احمد صاحب (سابق امیر ضلع پشاور و صوبہ سرحد )
9 فروری 2019ء کو 95سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت مرزا غلام رسول صاحب کے بیٹے تھے جنہوں نے زمانہ ٔطالب علمی میں 1907ء میں قادیان جاکر بیعت کی توفیق پائی۔مرحوم نے محکمہ پی ڈبلیو ڈی پشاور میں ملازمت کرتے ہوئے سپرنٹنڈنگ انجینئر کے عہدہ تک ترقی پائی۔جماعتی مخالفت کی وجہ سے 1974ء میں آپ کو جبری ریٹائر کیا گیا۔ ہر مالی تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔پشاور کے محلہ گل بادشاہ جی میں مسجد ، مہمان خانہ ، مربی ہاؤس وغیرہ کا نقشہ بنوایا اور اپنی نگرانی میں نئی عمارت کی تعمیر کروائی۔اسی طرح ایوان محمود ربوہ کی چھت کی تعمیر کےلیے بھی آپ نے اپنی پیشہ وارانہ خدمات پیش کیں۔ 1980ء سے 1986ء تک امیر ضلع پشاور وصوبہ سرحد کی حیثیت سے خدمت کی توفیق پائی۔آپ کے دور میں جماعتی مخالفت خوب زوروں پر تھی لیکن اس کے باوجود آپ نے بڑی حکمت عملی کے ساتھ تبلیغ کا کام جاری رکھا ۔مرکز سے علماء اور بزرگان سلسلہ کو بلاکر اپنے گھر میں سوال و جواب کی مجالس کا بھی اہتمام کیا کرتے تھے۔ خلافت کے ساتھ والہانہ عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
-2مکر م طارق محمود صاحب (ہمبرگ ۔جرمنی)
12فروری 2019ء کو 67سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ا ٓپ نے پاکستان میں بحیثیت مربی خدمت کی توفیق پائی۔1998ء میں اپنی فیملی کے پاس ہمبرگ شفٹ ہوگئے اور وہاں بھی مختلف جماعتی خدمات بجالاتے رہے ۔وفات سے قبل لوکل سیکرٹری تربیت، سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی کے علاوہ انصار اللہ کے شعبہ تبلیغ اور تربیت میں خدمت کی توفیق پارہے تھے ۔نمازوں کے پابند ،تہجد گزار،باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والے مخلص اور باوفا انسان تھے۔ اپنے گھر میں بچوں کو قرآن کریم بھی پڑھایا کرتے تھے ۔خلافت کے ساتھ پیار اور عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحوم موصی تھے ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم محمد حنیف احمد صاحب (واقف زندگی۔ ریویو آف ریلیجنز) کے بھائی تھے ۔
………………………………
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ مورخہ 07؍مارچ 2019ءکو نماز ظہر سے قبل حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لا کرمکرم راجہ محمد حسین صاحب ( جماعت بیت الفتوح ایسٹ ۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور 4مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرم راجہ محمد حسین صاحب (جماعت بیت الفتوح ایسٹ۔ یوکے)
2مارچ 2019ءکو92سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔قادیان اور ربوہ میں مختلف جماعتی اداروں میں خدمت کی توفیق پائی ۔گزشتہ چھ سال سے اپنے بیٹے مکرم راجہ محمود احمد صاحب کے پاس مورڈن میں مقیم تھے ۔ پنجوقتہ نمازوں کے پابند ، تہجدگزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والے ،بڑے محنتی ، مخلص اور باوفا خادم سلسلہ تھے ۔خلافت کے شیدائی ، نظام جماعت کی کامل اطاعت کرنے والے ،دعا گو اور عبادت گزار بزرگ تھے۔ اپنی اولاد کو بھی ہمیشہ خلافت اور نظام جماعت سے وابستگی اور اطاعت کی تاکید فرمائی ۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا یادگار چھوڑے ہیں۔آپ کے دونواسے پاکستان میں مربی سلسلہ کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔آپ محترم مولانا بشیر احمد صاحب قمر (مرحوم ) کے سمدھی تھے ۔
نماز جنازہ غائب
-1مکر مہ خالدہ عارف صاحبہ اہلیہ مکرم عبدا لسلام عارف صاحب مربی سلسلہ ۔(علی پور ضلع مظفر گڑھ )
21فروری2019ءکوبقضائےالٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
میدان عمل میں اپنے واقف زندگی شوہر کے شانہ بشانہ بڑے اخلاص کے ساتھ خدمت کی توفیق پائی ۔ صوم وصلوٰۃ کی پابند، مہمان نواز،مخلص ، فدائی اور نیک خاتون تھیں۔بچوں کی بہترین رنگ میں خدمت کی توفیق پائی ۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں ۔ اپنے دونوں بچوں کو وقف کیا جن میں سے بڑا بیٹا حافظ عطاء المنعم آج کل جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیرتعلیم ہےاور چھوٹا بیٹا ابھی اپنی تعلیم مکمل کررہا ہے۔
-2 مکرمہ نجلاء عباس عودہ صاحبہ اہلیہ مکرم محمود حسن عودہ صاحب (کبابیر )
12 فروری 2019ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔
چند ماہ قبل آپ کے میاں وفات پاگئے تھے ۔مرحومہ صوم وصلوۃ کی پابند، جماعتی پروگراموں میں فعال حصہ لینے والی، مہمان نواز،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔
-3 مکرمہ امۃ الحفیظ صاحبہ اہلیہ مکرم حبیب احمد صاحب (سابق استاد جامعہ احمدیہ ربوہ )
5 فروری 2019ء کو بقضائے الٰہی کینیڈا میں وفات پاگئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والدین حضرت خواجہ محمد عبد اللہ صاحب اور مکرمہ رحیم بی بی صاحبہ دونوں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،مہمان نواز، سادہ مزاج اور غریب پرور خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ کے بیٹے مکرم نصیر احمد حبیب صاحب (واقف زندگی)یہاں مرکزی شعبہ آرکائیو میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں ۔آپ مکرم خواجہ عبد القدوس صاحب (کارکن حفاظت خاص لندن) کی پھوپھی تھیں۔
-4 مکرمہ عظمت رشید صاحبہ اہلیہ مکرم غلام احمد چیمہ صاحب (چک نمبر 171/TDAضلع لیہ)
22دسمبر2018ء کو 90سال کی عمر میں بقضائے الہٰی وفات پاگئیں ۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والد حضرت غلام رسول صاحب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔مرحومہ پنجوقتہ نمازوں کی پابند ، تہجد گزار ،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنےو الی ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ کے دو پوتے اس وقت جامعہ احمدیہ ربوہ میں زیر تعلیم ہیں ۔جبکہ ایک پوتے مکرم مغفور احمد چیمہ صاحب نظارت تعلیم ربوہ میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اورانہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭