امیرالمومنین حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا دورۂ جرمنی 2019ء
اس رپورٹ کو بآواز سننے کے لیے یہاں کلک کیجیے:
جرمنی سے روانگی اور لندن میں ورود مسعود
……………………………………………
09؍جولائی2019ءبروزمنگل
……………………………………………
٭ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے صبح سوا چار بجے تشریف لاکرنمازِ فجر پڑھائی۔ نماز کی ادائیگی کے بعد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
٭ آج پروگرام کے مطابق فرینکفرٹ (جرمنی) سے لندن(برطانیہ) کے لیے روانگی تھی۔ فرینکفرٹ ریجن اور اردگرد کی جماعتوں سے احبابِ جماعت مردو خواتین ، بچے ، بوڑھے بڑی تعداد میں اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کے لیے صبح سے ہی بیت السبوح کے احاطہ میں جمع ہونے شروع ہوگئے تھے۔بعض نمائندگان بڑی دور کی جماعتوں سے بھی اپنے پیارے آقا کو الوداع کہنے کےلیے پہنچے۔مختلف ممالک سےآنے والے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
٭ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزصبح دس بج کر دس منٹ پراپنی رہائش گاہ سے باہر تشریف لائے۔ چھوٹے بچے اور بچیاں گروپس کی شکل میں الوداعی نظمیں پڑھ رہے تھے۔ احبابِ جماعت دورویہ قطار میں کھڑے تھے۔حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز ازراہِ شفقت احبابِ جماعت کے درمیان تقریباً بیس منٹ تک رونق افروز رہے۔ ہر چھوٹے بڑے نے پیارے آقا کا دیدار کیا۔اس دوران حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مختلف احباب سے گفتگو فرمائی۔
٭ دس بج کر تیس منٹ پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دعاکروائی اور سب کو السلام علیکم کہا۔بعدازاں قافلہ سفر پر روانہ ہوا۔ دونوں اطراف میں کھڑے احباب مردو خواتین مسلسل اپنے ہاتھ بلند کرتے ہوئے اپنے پیارے اور محبوب آقا کو الوداع کہہ رہے تھے۔
٭ فرینکفرٹ(جرمنی) سے لندن جاتے ہوئے راستہ میں بیلجیم کے مشن ہاؤس بیت السلام (برسلز) میں رکنے کا پروگرام تھا۔ فرانکفرٹ سے برسلز تک کافاصلہ تقریباً چار صد کلومیٹر ہے۔
٭ فرینکفرٹ سے برسلز جاتے ہوئے جرمنی کے شہر آخن(Aachen) سے آگے ملک بیلجیم کی حدود شروع ہوجاتی ہیں۔ یہاں بارڈرسے آگے اور برسلز میں داخل ہونے سے پہلے کچھ فاصلے پر جماعت بیلجیم سے قائمقام امیرصاحب بیلجیم مکرم انور حسین صاحب، مکرم اسد مجیب صاحب مبلغ سلسلہ و جنرل سیکرٹری ، مکرم توصیف احمدصاحب مبلغ سلسلہ وصدرخدام الاحمدیہ بیلجیم اور خدام کی سیکیورٹی ٹیم پر مشتمل وفد حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے استقبال کے لیے موجود تھے۔یہاں بغیر رکے ہی سفر جاری رہا اور بیلجیم سے آنے والی گاڑی نے قافلہ کو lead کیا۔
٭ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دو بج کر تیس منٹ پر احمدیہ مشن ہاؤس بیت السلام (برسلز) تشریف آوری ہوئی۔ مقامی جماعت کے احباب مردو خواتین اور نیشنل عاملہ کے ممبران نے اپنے پیارے آقا کا بڑا پُرجوش استقبال کیا۔ہر کوئی اپنے پیارے آقا کا دیدار کر کے خوشی و مسرت سے معمور تھا۔
٭ عزیزم احمدگلفام نے حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں پھول پیش کیے جبکہ ایک البانین بچی داریتا السیوخی نےحضرت بیگم صاحبہ مد ظلہا اللہ تعالیٰ کی خدمت میں پھول پیش کیے۔
٭ بعدازاں حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز مشن ہاؤس کے رہائشی حصہ میں تشریف لے گئے۔
٭ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے دو بج کر پچپن منٹ پر تشریف لاکر نمازِ ظہر و عصر جمع کرکے پڑھائیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد حضورانورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزرہائشی حصہ میں تشریف لے گئے۔
پروگرام کے مطابق چار بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنے رہائشی حصہ سے باہر تشریف لائے۔
٭ مکرم امیرجماعت احمدیہ جرمنی عبد اللہ واگس ہاؤزر صاحب، مبلغ انچارج جرمنی مکرم صداقت احمدصاحب، ، نائب جنرل سیکرٹری مکرم جری اللہ صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم ڈاکٹر اطہر زبیرصاحب، مکرم عبداللہ سپراء صاحب اور مکرم صدرصاحب خدام الاحمدیہ نے اپنے خدام کی سیکیورٹی ٹیم کے ساتھ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے مصافحہ کی سعادت حاصل کی۔ جرمنی سے یہ احباب حضورانور کو الوداع کہنے کے لیے قافلہ کے ہمراہ آئے تھے۔ اسی طرح بیلجیم کے مبلغین مکرم محمد مظہرصاحب، مکرم ارسلان احمد صاحب، مکرم حسیب احمدصاحب، مکرم توصیف احمدصاحب اور مکرم اسد مجیب صاحب نے بھی شرفِ مصافحہ کی سعادت حاصل کی۔
٭ اس موقع پر صدر خدام الاحمدیہ پاکستان مکرم سالک احمد صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے شرف مصافحہ حاصل کیا۔موصوف بھی جرمنی سے قافلہ کے ساتھ آنے والے وفد میں شامل تھے۔
٭ بعد ازاں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز خواتین کی طرف تشریف لے گئے۔جہاں خواتین نے شرف زیارت کی سعادت پائی۔سوا چار بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اجتماعی دعا کروائی۔
٭ اس کے بعد پروگرام کے مطابق یہاں سے فرانس کی بندرگاہ Calais کی طرف روانگی ہوئی اور چھ بج کر دس منٹ پر چینل ٹنل(Channel Tunnel) آمد ہوئی۔ جرمنی سے ساتھ آنے والے احباب اور خدام کی سیکیورٹی ٹیم حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو چینل ٹنل تک چھوڑنے اور رخصت کرنے اور الوداع کہنے کے لیے قافلہ کے ساتھ ہی رہی۔اسی طرح بیلجیم سے قائم مقام امیرصاحب بیلجیم ، مکرم اسد مجیب صا حب مبلغ سلسلہ و جنرل سیکرٹری، مکرم رفیق ہاشمی صاحب نیشنل سیکرٹری رشتہ ناطہ ، راجہ لطیف احمد صاحب نیشنل سیکرٹری جائیداد،مکرم شیخ انور اقبال صاحب،مکرم شیخ وسیم احمد صاحب قائد عمومی انصار اللہ اور صدرمجلس خدام الاحمدیہ مکرم توصیف احمدصاحب حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو یہاں سے لندن کے لیے رخصت کرنے کے لیے قافلہ کے ساتھ آئے۔
٭ پاسپورٹ، امیگریشن اور دیگر دستاویزات کی کلیئرنس کے بعد سات بج کردس منٹ پر قافلہ کی گاڑیاں ٹرین پر بورڈ(board)ہوئیں اور یہ ٹرین سات بج کربیس منٹ پر Calais سے برطانیہ کے ساحلی شہر Dover کی طرف روانہ ہوئی۔ قریباً نصف گھنٹہ کے سفر کے بعد ٹرین چینل ٹنل کراس کر کے Dover کے قریب برطانیہ کی سرزمین میں داخل ہوئی اور اپنے مخصوص سٹیشن پر رُکی۔قریباً دس منٹ کے وقفہ کے بعد فرانس کے وقت کے مطابق سات بج کر پچاس منٹ اور برطانیہ وقت کے مطابق چھ بج کر پچاس منٹ پر قافلہ کی گاڑیاں ٹرین سے باہر آئیں اور موٹر وے پر سفر شروع ہوا۔ (برطانیہ کا وقت فرانس کے وقت سےایک گھنٹہ پیچھے ہے)
٭ مکرم منصوراحمد شاہ صاحب نائب امیرجماعت یو۔کے، مکرم عطاء المجیب راشد صاحب مبلغ انچارج یو۔کے، مکرم مرزاناصرانعام صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ یو۔کے، مکرم مبارک احمد ظفرصاحب ایڈیشنل وکیل المال لندن، مکرم اخلاق احمد انجم صاحب (دفتر وکالت تبشیر، لندن) ،مکرم عبدالقدوس عارف صاحب صدر خدام الاحمدیہ یوکے، مکرم میجر محموداحمد صاحب افسرحفاظت خاص مع سیکیورٹی ٹیم حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کو خوش آمدید کہنے کے لیے موجود تھے۔
٭ قریباًڈیڑھ گھنٹہ کے سفر کے بعد شام 8 بج کر بیس منٹ پرمرکز اسلام آباد میں ورود مسعود ہوا جہاں احباب جماعت مردو خواتین کی ایک بڑی تعداد نے اپنے پیارے آقا کو اھلاً وسھلاً و مرحبا کہتے ہوئے خوش آمدید کہا۔قصر خلافت کےایک حصہ کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجایاگیاتھا۔
٭ حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہِ شفقت اپنا ہاتھ بلند کر کے سب کو السلام علیکم کہا اور اپنی رہائش گاہ تشریف لے گئے۔
حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی معیت میں جن خوش نصیب افراد کو اس سفر پر جانے کی سعادت نصیب ہوئی ان کے اسماء بغرض ریکارڈ درج ہیں:
حضرت سیدہ امتہ السبوح صاحبہ مد ظلہا العالی (حرم سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز)
مکرم منصور احمد ڈاہری صاحب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب (پرائیویٹ سیکرٹری)
مکرم عابد وحید خان صاحب (انچارج پریس اینڈ میڈیا آفس لندن)
مکرم سید محمد احمد ناصر صاحب ( نائب افسر حفاظت خاص لندن)
مکرم ناصراحمد سعید صاحب (شعبہ حفاظت)
مکرم سخاوت علی باجوہ صاحب (شعبہ حفاظت )
مکرم نصیر الدین ہمایوں صاحب (شعبہ حفاظت )
مکرم خواجہ عبد القدوس صاحب (شعبہ حفاظت )
مکرم محموداحمدخان صاحب(شعبہ حفاظت )
مکرم ظفرا حمد صاحب (شعبہ حفاظت)
خاکسار عبدالماجد طاہر (ایڈیشنل وکیل التبشیرلندن)
٭ علاوہ ازیں مکرم ندیم احمد امینی صاحب ، مکرم ناصر احمد امینی صاحب، مکرم ڈاکٹر جدران صاحب اور مکرم اسد احمد صاحب کو قافلہ کی گاڑیاں ڈرائیو کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔
٭ ایم ٹی اے انٹرنیشنل (یوکے) کے درج ذیل ممبران نے اس دورہ کاخطبہ جمعہ، وفود کے ساتھ میٹنگز ، حضورانور کے انٹرویوز اور دیگر جملہ پروگراموں کی ریکارڈنگ اور جلسہ سالانہ کے پروگراموں کی live ٹرانسمشن کے لیے اس دورہ میں شمولیت کی سعادت پائی۔
1۔ مکرم منیر احمدعودہ صاحب 2۔ مکرم سفیر الدین قمر صاحب
3۔ مکرم عدنان زاہد صاحب 4۔ مکرم سید وسیم صاحب
5۔ مکرم ذکی اللہ صاحب
6۔مکرم عبدالحلیم صاحب مربئ سلسلہ
٭ ایم ٹی اے کی ٹیم کے علاوہ شعبہ مخزن تصاویر سے مکرم غدیر احمدنے بھی اس دورہ میں شمولیت کی سعاد ت پائی۔
٭ جرمنی سے ڈاکٹر اطہرزبیر صاحب اس سفر کے دوران بطور ڈاکٹر قافلہ کے ساتھ رہے۔
٭ ان احباب کے علاوہ جرمنی سے مکرم عبداللہ سپراء صاحب کو بھی اس سفر میں قافلہ کے ساتھ رہنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اللہ تعالیٰ ان سب احباب کے لیے یہ سعادت مبارک فرمائے ۔آمین
٭…٭…٭