امریکہ میں ’وسع مکانک‘ کی ایک جھلک
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ عالمگیر دنیا میں ہر جگہ حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی قیادت اور دعاؤں کی برکت سے ترقی کی منازل طے کر رہی ہے اور اس کی جھلک ہمیں ہر روز اپنے جرائد، اخبارات ، ایم ٹی اے وغیرہ کے ذریعے نظر آرہی ہے ۔ خدا تعالیٰ کے فضل سے امریکہ میں بھی ایسا ہی ہو رہا ہے۔ افراد جماعت کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ مساجد اور مشن ہاؤسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی محسوس ہوتا ہے کہ ہم جہاں بھی مساجد بنا رہے ہیں ، جہاں بھی کوئی بلڈنگ خریدتے ہیں ، مشن ہاؤسز بناتے ہیں وہاں بھی جگہ کم پڑ جاتی ہے۔نتیجۃً وہ عمارت یا مسجد،مشن ہاؤس پھر سے کشادگی چاہنے لگتے ہیں۔
مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ ایک لمبے عرصہ سے اپنے نیشنل ہیڈ آفس کے لیے جگہ کی تلاش میں تھی۔ اگرچہ مسجد بیت الرحمٰن میری لینڈ میں جو جماعت امریکہ کا ہیڈ کوارٹر ہے خدام الاحمدیہ کے پاس دفترتھا ۔ مگر وہ بڑھتی ہوئی ضروریات کی وجہ سے ناکافی تھا ۔ چنانچہ اللہ تعالیٰ نے فضل فرمایا اور مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ کو مسجد بیت الرحمٰن میری لینڈ سے صرف نصف میل کی مسافت پر ایک خوبصورت 3 منزلہ عمارت خریدنے کی توفیق مل گئی۔ الحمد للہ ثم الحمد للہ
مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ امریکہ ڈاکٹر مدیل عبداللہ صاحب نے بتایا کہ یہ رقبہ نصف ایکڑ سے کچھ زائد ہے جبکہ عمارت میں 4کمرے تعمیر شدہ موجود ہیں ۔
صدر صاحب نے مزید بتایا کہ یہ جگہ مجلس خدام الاحمدیہ کے نیشنل ہیڈ آفس کے طور پر استعمال ہو نے کے ساتھ ساتھ مہمان خانے کے طور پر بھی استعمال کی جائے گی۔
اس بلڈنگ کی خرید کے لیے خدام ، اطفال اور ان کے والدین اور بزرگوں کو بہت مالی قربانی کی توفیق حاصل ہوئی ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام مالی قربانی کرنے والوں کو جزائے خیر عطا فرمائے۔ آمین
٭…٭…٭