خبرنامہ
(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(20؍ اگست۔ 08:00 GMT)
کل مریض:22,598,225
صحت یاب ہونے والے:15,316,285
وفات یافتگان:791,299
٭… وزیراعظم پاکستان عمران خان نے منگل کے روز متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین طے پانے والے امن معاہدے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا موقف بالکل واضح ہے۔ قائداعظم نے کہا تھا کہ جب تک فلسطینیوں کو ان کے بنیادی حقوق اور علیحدہ ریاست نہیں ملتی تب تک پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم اسرائیل کو تسلیم کرلیں تو ہمیں مقبوضہ کشمیر کو بھی چھوڑنا ہوگا کیونکہ دونوں کا معاملہ ایک جیسا ہے۔ اسلام آباد میں فلسطین کے سفارت خانے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں فلسطینی مقاصد کی حمایت کرنے پر حکومت کا شکریہ اداد کیا گیا ہے۔
٭…وزیراعظم پاکستان نے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات خراب ہونے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ممالک اپنی خارجہ پالیسی کے مطابق فیصلے کرتے ہیں۔ سعودی عرب کی بھی اپنی پالیسی ہے۔ کشمیر کے معاملے پر جو OICکا اجلاس بلوانے کا کہا گیا، وہ ان ملکوں کی اپنی اپنی خارجہ پالیسی ہے وہ اپنے فیصلے کریں، پاکستان کا ایک اپنا موقف ہے۔ سعودی عرب پاکستان کا اہم اتحادی ہے اور اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ اور اس بار بھی مشکل ترین وقت میں ہماری مدد کی۔ ہمارے سعودی عرب سے خوشگوار تعلقات ہیں۔
٭…امریکہ کے خفیہ ادارے سی آئی اے کے ایک سابق افسر کو اپنے ایک رشتے دار کے ساتھ مل کر چین کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 67 سالہ الیگزینڈر یوک چنگ ما پر الزام ہے کہ انہوں نے چینی انٹیلی جنس حکام کو امریکی قومی دفاع کی خفیہ معلومات افشا کیں۔
٭… اسرائیل اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے گذشتہ ہفتے ہونے والے تاریخی معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے مابین براہ راست ٹیلیفون سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک دوسرے کو فون پر ‘تاریخی امن معاہدے کے بعد مبارکباد کا تبادلہ کیا’۔ دوسری جانب اسرائیل کے وزیر برائے انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ بحرین اور عمان اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو باضابطہ بنانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی پیروی کرنے والے اگلے دو خلیجی ممالک ہو سکتے ہیں۔
٭… متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کے جواب میں ایران کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں پر ابوظہبی میں واقع ایرانی سفارتخانے کے ناظم الامور کو طلب کرلیا۔واضح رہے کہ ایران نے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے معاہدے کے ردعمل میں متحدہ عرب امارات کے خلاف حملے کی دھمکی دی تھی اور ایرانی صدر حسن روحانی نے معاہدے کو ‘غداری’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات نے بہت بڑی غلطی کی ہے۔
٭… اسرائیلی ایئر فورس مسلسل ایک ہفتے سے حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لئے غزہ پر گولے باری کررہی ہے۔ یہ حملے فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیل پر غباروں والے بم پھینکے جانے کے الزام میں کیے جارہے ہیں۔
٭… 18؍ اگست کو مغربی افریقہ کے ملک مالی کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر ابراہیم بوبکر کیتا فوجی بغاوت کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ایک خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے ساتھ ہی حکومت اور پارلیمان کو بھی تحلیل کر دیا ہے۔ان کا کہنا تھا: ‘میں نہیں چاہتا کہ مجھے اقتدار میں رکھنے کی خاطر خون کی ایک بھی بوند بہائی جائے۔’
اس اعلان سے چند گھنٹوں قبل ہی ملک کے صدر اور وزیر اعظم بؤبو سیسے کو باغی فوجیوں کی جانب سے حراست میں لے کر ایک فوجی کیمپ منتقل کیا گیا تھا۔فرانس اور خطے کے دیگر ممالک کی جانب سے اس اقدام کی شدید مذمت کی گئی ہے۔مالی کے عوام صدر سے تو ناخوش تھے ہی تاہم فوج کو درپیش مسائل مثلاً کم تنخواہ اور ملک کے شمالی اور وسطی علاقوں میں جاری جہادی گروہوں کے خلاف خطرناک کارروائیوں کی وجہ سے فوج بھی ان کے خلاف ہو گئی تھی۔
٭…اقوام متحدہ کے حمایت یافتہ ایک ٹرائبیونل نے ہالینڈ میں ہونے والی کارروائی میں لبنانی گروپ حزب اللہ کے ایک ممبر سلیم عیاش کو سابق وزیراعظم رفیق حریری کے 15 سال قبل ایک بم دھماکے میں قتل میں ملوث ہونے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہےجبکہ بقیہ تین ملزمان کو بری قرار دیا ہے۔ مقدمہ میں چاروں ملزمان پیش نہ ہوئے اور مقدمہ ان کی غیر موجودگی میں چلایا گیا۔ ٹرائبیونل کے فیصلے کے مطابق اس حملے میں حزب اللہ کی قیادت یا شام کی حکومت کے ملوث ہونے کے شواہد نہیں ملے۔
٭… صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو کے ایک معروف ساحل پر واقع ایک ہوٹل پر 16؍ اگست کی شام شدت پسند تنظیم الشباب کے حملے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور مارے گئے تھے۔
٭… سعودی عرب نے مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں بعض انتظامی امور کی بجا آوری کے لیے 10 خواتین کو اعلیٰ عہدوں پر تعینات کیا ہے۔ مکہ اور مدینہ کی دونوں مساجد سے متعلق امور چلانے والے ادارے نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ خواتین کو مساجد کے انتظامی اور تکنیکی محکموں میں تعینات کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ خواتین کی بھرتیوں کا مقصد تعلیم یافتہ اور اہل خواتین کو خود مختار بنانا ہے۔
٭… کرۂ ارض کے گرم ترین مقامات میں شامل امریکی ریاست کیلیفورنیا کی Death Valley (موت کی وادی) میں محکمۂ موسمیات کے مطابق اتوار 16؍ اگست کو درجۂ حرارت 54.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ کرۂ ارض پر ریکارڈ کیا جانے والا اب تک کا سب سے گرم درجۂ حرارت ہے۔ خیال رہے کہ یہ درجۂ حرارت سایہ دار جگہ کا ہے۔
٭… ہفتے کے روز پرتگال کے 71 سالہ صدر کی الگارو ساحل پر سمندر پر دو خواتین کی مدد کی تصویر سامنے آئی ہے۔ ایک بڑی لہر کی وجہ سے خواتین کی کشتی الٹ جانے پر صدر نے ان کی مدد کی۔ سیاحت کو فروغ دینے کے لئے صدر ان دنوں چھٹیوں پر الگارو میں موجود ہیں۔
٭… فلپائن میں منگل 18 اگست کو آنے والے زلزلے سے ایک شخص جاں بحق اور 43 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 6.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے سے متعدد عمارتوں اور سڑکوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
٭… نیوزی لینڈ میں کورونا کی وجہ سےعام انتخابات 4 ہفتوں کے لیے ملتوی کردیےگئےہیں۔اس حوالے سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ میں عام انتخابات اب 17؍اکتوبر کو ہوں گے۔
٭… جرمنی میں گزشتہ تین ہفتے میں کورونا وائرس کے کیسز دوگنا ہونے پر جرمن چانسلر اینجلا مرکل نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے حفاظتی اقدامات میں ملک میں مزید نرمی نہیں کی جائے گی۔
٭…پاکستان نے کووِڈ 19کی ویکسین کی انسانوں پر آزمائش کی منظوری دے دی ہے۔ واضح رہے کہ چین کی دو کمپنیاں حکومت پاکستان کے اشتراک سے اس ویکسین کی تیاری پر کام کر رہی ہیں۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ویکسین کا پاکستان میں یہ پہلا کلینیکل ٹرائل ہوگا۔ یاد رہے کہ adveno virus type 5 vector کی تیاری میں چینی کمپنیاں کین سینو بائیولوجکس(CanSino Biologics) اور بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف بائیو ٹیکنالوجی شامل ہیں۔
٭…عالمی ادارۂ صحت نے تمام ممالک سے مشترکہ عالمی ویکسین پروگرام میں شامل ہونے کا مطالبہ کردیا۔ سربراہ عالمی ادارہ صحت ٹیڈروس ایڈہانوم کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے شدید خطرے سے دوچار آبادی کو ایک ساتھ ویکسین فراہم ہونی چاہیے۔ ایسا نہ ہوا تو عالمی معیشت کی بحالی مشکل ہو جائے گی۔
معیشت وکاروبار
٭… برطانوی کمپنی Marks & Spencer کا کہنا ہے کہ وہ سٹورز میں گاہکوں کی کمی کی وجہ سے اگلے تین ماہ میں 7,000 ملازمین کو فارغ کریں گے۔
٭… پاکستان کو گزشتہ سال غیر ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائی گئی رقوم کی مالیت ریکارڈ سطح یعنی 23 بلین ڈالرز تک پہنچ گئی۔ نئے مالی سال کے پہلے مہینہ جولائی میں غیر ممالک سے بھجوائی گئی رقوم کی مالیت 2.768 بلین ڈالرز رہی۔ یہ اب تک کسی ایک ماہ میں غیر ممالک سے پاکستان بھجوائی گئی سب سے زیادہ رقم ہے۔
کھیل
کرکٹ: انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان دوسرا ٹیسٹ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔ میچ کے دوران بارش اور گیلی گراؤنڈ کی وجہ سےصرف پاکستان کی ٹیم ہی اپنی پہلی اننگز مکمل کرپائی جس میں اس نے 236رنز بنائے۔ انگلینڈ نےپہلی اننگز میں 110 رنز بنائے اور اننگز ڈیکلیئر کردی۔ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو ایک صفر سے برتری حاصل ہے۔
٭… پاکستان کے بلے باز بابر اعظم ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجے کی بہتری سے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ وہ واحد کھلاڑی ہیں جو بیک وقت ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹونٹی بیٹنگ رینکنگ میں پہلی پانچ پوزیشنوں میں ہیں۔
فٹ بال: منگل کو ہونے والے چیمپئنز لیگ کے سیمی فائنل میں PSGنے Leipzigکو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرا دیا۔
٭… یوروپا لیگ کے سیمی فائنل میں انٹر میلان نے Shakhtar Donestsk کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دے دی۔ Martinez نے دو گول سکور کئے۔ فائنل میں ان کا مقابلہ Sevilla سے ہو گا۔
٭… گنی کے ایک فٹ بال کلب Horoya نے ایسے شخص کے لیے انعام کا وعدہ کیا ہے جو ان کے کلب کے تمام کھلاڑیوں اور کوچز کے پاسپورٹس صحیح سلامت ان تک پہنچا دے۔ یہ بیگ دارالحکومت کناکری میں اس وقت کھو گیا تھا جب یہ ایک کار میں رہ گیا۔ کلب نے 24؍ اگست کو مراکو کے لیے پرواز لینی ہے۔