خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
Covid-19 کی تازہ عالمی صورتِ حال
(31؍ اگست۔ 08:00 GMT)
کل مریض:25,402,236
صحت یاب ہونے والے:17,713,914
وفات یافتگان:850,794
٭… سویڈن میں انتہائی دائیں بازو کے خیالات کے حامل افراد کی جانب سے قرآن جلائے جانے کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں اور مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئی ہیں۔ جنوبی شہر مالمو میں کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی جبکہ دکانوں کے سامنے کے حصوں کو نقصان پہنچایا گیا تاہم اب صورتحال قابو میں آ چکی ہے۔ اطلاعات کے مطابق کئی گرفتاریاں بھی ہوئی ہیں۔اس سے قبل جمعے کو پولیس نے انتہائی دائیں بازو کے ڈینش سیاستدان راسمس پلودن کو قرآن نذرِ آتش کرنے کے اجتماع میں شرکت کرنے سے روک دیا تھا۔ تاہم ان کے حامیوں نے قرآن کو نذرِ آتش کر دیا۔ سوئیڈش پولیس نے پلودن کو سرحد سے ہی یہ کہہ کر واپس لوٹا دیا کہ ان پر ملک میں داخلے کی دو سالہ پابندی عائد ہے۔ ڈنمارک کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت سٹریم کرس (سخت گیر) کے سربراہ پلودن کو رواں سال کے اوائل میں متعدد جرائم بشمول نسل پرستی کی وجہ سے ایک ماہ قید میں رکھا گیا تھا۔ انہیں اپنی جماعت کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اسلام مخالف ویڈیوز شائع کرنے کا قصوروار پایا گیا تھا۔
٭… متحدہ عرب امارات کے صدر نے ایک صدارتی فرمان کے ذریعے اسرائیل کے بائیکاٹ سے متعلق 1972ء میں جاری کیا جانے والا قانون منسوخ کردیا ہے۔ اس کے بعد متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی اور اقتصادی روابط باضابطہ طور پر بحال ہوگئے ہیں۔
٭… ترکی کے نائب صدر فوات اوکتے نے انقرہ پر پابندیاں عائد کرنے کی یورپی یونین کی دھمکی پر تنقید کرتے ہوئے اسے منافقانہ عمل قرار دے دیا۔
موصوف کا بیان یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کے برلن میں یونان کی حمایت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے بعد یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل کے اس بیان کے بعد سامنے آیا کہ بلاک، مشرقی بحیرہ روم میں یونان اور قبرص سے کشیدگی میں کمی تک ترکی پر سخت معاشی اقدامات سمیت پابندیاں عائد کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔
٭… امریکا کے سینئر جنرل اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے امریکی کانگریس میں کہا ہے کہ نومبر میں ہونے والے انتخابات میں فوج کوئی کردار ادا نہیں کرے گی اور انتخابی نتائج میں کسی بھی قسم کی دخل اندازی نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاست سے پاک امریکی فوج کے اصول پر بے انتہا یقین رکھتے ہیں۔
٭… جاپانی تاریخ میں وزیرِ اعظم کے عہدے پر سب سے طویل مدت گزارنے والے وزیراعظم Shinzo Abe نے اپنی خراب صحت کو وجہ بتاتے ہوئے 28؍ اگست بروز جمعہ وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ جانشین مقررکیے جانے تک وہ اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔
٭… کویت میں حال ہی میں سوشل میڈیا پر ملک کے سکیورٹی اہلکاروں کی گفتگو کی ریکارڈنگ سامنے آنے سے ملک میں ایک نیا تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔ اس ویڈیو ریکارڈنگ میں ریاستی سیکیورٹی اہلکاروں کو مبینہ طور پر کویتی حکام کی جاسوسی کرنے کے بارے میں گفتگو کرتے سنا جا سکتا ہے۔
کویتی وزیر داخلہ انس الصالح نے ریاستی سیکیورٹی ایجنسی کے ڈایریکٹر اور سات دیگر اعلیٰ اہلکاروں کو اس واقع کے بعد برطرف کر دیا ہے۔
٭… جرمنی: برلن کے سکولوں میں سر پر سکارف پہننے والی ٹیچرز پر عمومی پابندی کو غیر آئینی قرار دے دیا گیا۔ ایک مسلمان خاتون کو ملازمت کے انٹرویو کے دوران کہا گیا تھا کہ اگر انہوں نے ہیڈ سکارف پہننا جاری رکھا تو انہیں برلن کے سرکاری سکولوں میں پڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی جس کے بعد وہ اپنا یہ کیس برلن برینڈن برگ میں نچلی لیبر کورٹ میں لے گئیں۔
وفاقی عدالت نے گزشتہ روز نچلی عدالت کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے کہا کہ خاتون کے ساتھ ان کے مذہب کی بنیاد پر امتیازی سلوک کیا گیا۔ہر کسی کو اپنے مذہب کے مطابق آزادی حاصل ہے۔
٭… انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارت کے دارالحکومت دہلی میں رواں برس کے آغاز میں متنازع قانون کے خلاف مسلمانوں کے احتجاج کے دوران ہونے والے فسادات میں دہلی پولیس انسانی حقوق کی سنگین خلاف پامالی کی مرتکب پائی گئی۔دہلی پولیس نے بالخصوص مسلمان مظاہرین پر تشدد کیا اور انہیں گرفتار کیا جبکہ ہندو حملہ آوروں کا ساتھ دیا۔
ان فسادات میں کم ازکم 53 افراد جاں بحق اور 200 سے زائد زخمی ہوئے تھے جن میں سے اکثریت مسلمانوں کی تھی۔
٭… ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق اقوام متحدہ کے گروپ برائے جبری گمشدگیوں کے پاس پاکستان میں ایسے 700کیسز ہیں۔ اور مزید سینکڑوں گمشدگیوں کی اطلاع ہے۔
٭… پاکستان بھر میں شدید بارشوں اور بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے کے بعد بیشتر دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہوگئی، دریائے چناب میں اونچے درجے کے سیلاب کے باعث چنیوٹ میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا، سیلاب سے سینکڑوں ایکڑ پر فصلیں زیر آب آگئیں جبکہ 10 سے زائد آبادیوں کا رابطہ شہر سے منقطع ہو گیا، دریائے چناب کے کنارے آباد دیہاتوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔لوگوں کو نقل مکانی کی ہدایات بھی جاری کر دی گئیں۔ سیلابی پانی قریبی نشیبی علاقے میں داخل ہونے سے مکئی، جوار، باجرہ، دھان اور کماد سمیت چارہ جات کی فصلیں سیلابی پانی میں ڈوب گئیں۔
٭…سندھ کی صوبائی حکومت نے کراچی کے 6 اضلاع سمیت صوبے کے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دے دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مون سون سیزن کے دوران زیادہ بارشیں جانی و مالی نقصان کا باعث بنیں۔ قبل ازیں28 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ نے بتایا تھا کہ صوبے بھر میں مون سون بارشوں سے 80 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پیر سے کراچی، اور دیگر شہروں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان موجود ہے۔ 27؍ اگست کو کراچی میں 442 ملی میٹر بارش ہوئی تھی، جس سے شہر میں بارش کا 53 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا تھا۔
٭… افغانستان کے تیرہ صوبوں میں شدید بارشوں اور سیلاب سے کم و بیش 160؍افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ متعدد مکانات تباہ ہوگئے ہیں اور درجنوں افراد زخمی اور لاپتہ ہیں۔
٭… جاپان کی ایک کمپنی سکائی ڈرائیو نے پہلی مرتبہ محدود وقت کے لیے اڑنے والی ایک ایسی کار کا کامیاب تجربہ کیا ہے جس میں ایک انسان بھی سوار تھا۔ اس کار نے چار منٹ تک پرواز کی۔ یہ گاڑی 2023ء تک حقیقت کا روپ دھار لے گی۔
٭…حال ہی میں جرمنی میں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق کسی بچے کی ذہانت ماں کی طرف سے ملنے والا ایک تحفہ ہے۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ ذہانت کے جینز کروموسوم ایکس میں واقع ہوتے ہیں اور خواتین میں دو ایکس کروموسومز موجود ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بچوں میں ماں کی جانب سے ذہانت کی منتقلی کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ اس کے برعکس مردوں میں صرف ایک ایکس کروموسوم ہوتا ہے۔ اس بنا پر کہا جاسکتا ہے کہ والد سے ذہانت کی منتقلی کا امکان کم ہے۔ تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ باپ کی ذہانت کے جینز غیر فعال ہوجاتے ہیں۔ ایک امکان یہ بھی ہے کہ بچوں کا بچپن زیادہ تر ماں کے ساتھ گذرتا ہے۔ ایسے میں ماں کی ذہانت، عادات و فطرت بچوں پر اثرانداز ہوتی ہے۔
٭… ایک نئی تحقیق کے مطابق سائنس دانوں نے ایسے اینٹی سولر پینل بنا لیے ہیں جو رات کے وقت زمین کی گرمی سے بجلی بنائیں گے اور صاف توانائی کا ذریعہ بنیں گے۔
٭… جرمنی میں ایک عرصے سے جاری لاک ڈاؤن کے خلاف ایک ہزار سے زائد افراد نے پُر تشدّد احتجاج کیا۔
٭وزارت تعلیم و تربیت متحدہ عرب امارات ابوظہبی نے سکولوں کے طلبہ کا کووڈ۔ 19 (پی سی آر) ٹیسٹ دو ہفتے میں ایک بار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
٭…سمندری طوفان لارا سے امریکی ریاستوں لوئیزیانا اور ٹیکساس میں اموات بڑھ کر24 ہو گئی ہیں۔ طوفان کے دوران 240 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور بڑی تعداد میں درخت اور بجلی کے کھمبے گر گئے ہیں۔
٭… بھارت میں ہفتہ کو مسلسل تیسرے روز بھی کورونا وائرس کے 75ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جمعے کے روز کورونا وائرس سے ایک ہزار سے زائد اموات ریکارڈ کی گئیں۔ جبکہ پاکستان میں کیسز میں مسلسل کمی آرہی ہے اور ہفتے کو صرف 319؍نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ جنوبی کوریا میں کیسز میں مسلسل اضافوں سے ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بستر کم پڑنے لگ گئے ہیں۔ فرانس میں جمعے کے روز سات ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ ابھی تک کورونا وائرس کی پہلی لہر چل رہی ہے اور دنیا اس سے باہر نہیں نکلی جبکہ دوسری لہر بھی آئے گی۔
کرکٹ:انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بارش کی وجہ سے بے نتیجہ رہا۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ انگلینڈ نے بارش شروع ہونے سے قبل 16.1؍اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر131؍رنز بنائے تھے۔ Tom Banton اکہتررنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بارش کی وجہ سے مزید کوئی کھیل نہ ہو سکا۔
دوسرے ٹی ٹونٹی میں 30؍ اگست کو پاکستان نے مقررہ اوورز میں 195 رنز بنائے اور اس کے چار کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔ محمد حفیظ 69 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا۔ کپتام مورگن 66 رنز بناکرآؤٹ ہوئے اور مین آف دی میچ قرار پائے۔ تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو صفر کے مقابلے میں ایک سے برتری حاصل ہے۔
فٹ بال:کمیونٹی شیلڈ کے فائنل میں Arsenalنے لیورپول کو پینلٹیز پر چار کے مقابلے میں پانچ گول کرکے ہرا دیا۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
فارمولا ون
29؍اگست ہفتہ کے روز بیلجیم میں ہونے والی گران پری کی کوالیفائنگ میں مرسیڈیز کے لوئس ہیملٹن نے پول پوزیشن حاصل کی۔ Ferrari کی دونوں کاریں کوالیفائنگ کے صرف دوسرے راؤنڈ تک پہنچ سکیں۔
Tour de France
کورونا وائرس کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہونے والی 107؍ویں ٹورڈی فرانس ریس کی پہلی سٹیج ناروے سے تعلق رکھنے والے UAE-Team Emirates کے Alexander Kristoff نے جیت لی۔ انہوں نے 156؍کلومیٹر کا فاصلہ 3؍گھنٹے 46؍منٹ اور 23؍سیکنڈ میں مکمل کیا