کونگو برازاویل کے ایک گاؤں Ngomabitori میں مسجد کا افتتاح
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ کونگو برازاویل کو موخہ 30؍ اگست 2020ء بروز اتوار ایک نئی مسجد کا افتتاح کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ۔ یہ مسجد انکائی حلقہ کے ایک گاؤں Ngomabitori میں تعمیر کی گئی ہے۔ یہ گاؤں برازاویل سے پوائنٹ نوار جانے والی مرکزی شاہراہ پر واقع ہے۔
2018ء میں مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ کے ذریعے اس گاؤں میں جماعت کا پہلی دفعہ پودا لگا تھا۔ یہ ایک چھوٹا سا گاؤں ہے جس کی آبادی سو نفوس پر مشتمل ہے جن میں سے اکثر لوگ عیسائیت کو خیر با د کہہ کر اسلام احمدیت کی آغوش میں آگئے ہیں۔ الحمد للہ
گزشتہ سال گاؤں کی انتظامیہ نے30×30 مربع میٹر جگہ مسجد کی تعمیر کے لیے تحفۃً دی تھی۔ ضابطے کی کارروئی کے بعدمورخہ 29؍دسمبر 2019ء کو خاکسار (نیشنل صدر و مشنری انچارج) نے باقاعدہ مسجد کا سنگ بنیاد رکھا۔ مسجد کی تعمیر میں لوکل افرادِ جماعت نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وقار عمل کے ذریعے پانی کی ترسیل،اینٹوں کی فراہمی، پلاٹ کی صفائی، رنگ وغیرہ کا کام سر انجام دیا گیا۔ مسجدکی تعمیر کا حصہ 8×6مربع میٹر ہےجس میں ساٹھ کے قریب افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔
افتتاح کے موقع پر کورونا وبا کی وجہ سے زیادہ افراد کو مدعو نہ کیا جاسکا۔ اس موقع پر گاؤں کے نمبر دار اپنی کابینہ کے ساتھ تشریف لائے تھے۔ انکائی جماعت اور جان دذیل کی جماعت کے صدران بھی اس موقع پر تشریف لائے۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ نظم کے بعد مکرم یوسف بوکولا صاحب معلم سلسلہ نے مسجد اور نماز کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ نیز خلافت احمدیت کے ساتھ مضبوط تعلق رکھنے اور چندہ جات میں حصہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ صدر جماعت انکائی مکرم عبد اللہ امپاسی صاحب نے اطاعت خلافت پر زور دیا اور کہا کہ آج خلافت کی ہی بدولت ہمیں اسلام کا پیغام پہنچا اور خلافت ہی کی بدولت آج ہمیں خدا ئے واحد کی عبادت کرنے کے لیے مساجد نصیب ہورہی ہیں۔
گاؤں کے نمبر دار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اتنی خوبصورت مسجد تعمیر کرنے پرجماعت کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ اب ہمارے بچے اور بچیاں دین کی تعلیم سیکھیں گے اور اچھے انسان بنے گے۔ مسجد کے ذریعے گاؤں کی رونق اور خوبصورتی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ اب ہم سب کو مسجد کو آباد رکھنے کے لیے کوشش کرنی ہے۔
پروگرام کے آخر پر معلم صاحب نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اور دعا کروائی۔ دعا کے بعد شاملین کی خدمت میں طعام پیش کیا گیا۔ پروگرام کے بعد مزید 8؍افراد کو بیعت کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ۔
(رپورٹ: سعید احمد۔ نمائندہ الفضل انٹر نیشنل)
٭…٭…٭