امیر المومنین حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مصروفیات
مورخہ 07؍ تا 13؍ستمبر 2020ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيزکي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭… 07؍ستمبر بروز سوموار: آج فارغ التحصیل مربیان جامعہ احمدیہ یوکے 2020ء کی حضور انور کے ساتھ مسجد مبارک، اسلام آباد میں چوتھی کلاس تھی۔ جامعہ احمدیہ سے فارغ التحصیل قرار پانے والے مربیان کچھ عرصے سے اسلام آباد میں رہائش پذیر ہیں اور مختلف شعبہ جات میں ڈیوٹیز سرانجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل خوش نصیب مربیان کو مورخہ 31 اگست، یکم ستمبر اور 6؍ستمبر کو حضور انور کے ساتھ کلاس کا موقع مل چکا ہے۔ ان کلاسز میں حضور انور مختلف امور بشمول کتب حضرت اقدس مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام کے بارے میں مربیان کی رہنمائی فرماتے اور ان کا جائزہ لیتے ہیں۔
٭… 11؍ستمبر بروز جمعۃ المبارک:حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد ٹلفورڈ ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔ حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں آنحضرتﷺ کے عظیم المرتبت بدری صحابی حضرت بلال بن رباح رضی اللہ عنہ کے اوصافِ حمیدہ کا تذکرہ فرمایا۔نیز عزیزم رؤوف بن مقصود جونیئربیلجیم متعلم جامعہ احمدیہ یوکے،مکرم ظفر اقبال قریشی صاحب سابق نائب امیر ضلع اسلام آباد پاکستان، آنریبل کابنے کاباجا کاٹے صاحب آف سینیگال اور مکرم مبشر لطیف صاحب ایڈووکیٹ سپریم کورٹ پاکستان کا ذکرِ خیر فرمایا اور ان کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
٭… مورخہ 12 ستمبر بروز ہفتہ: آج دوپہر بارہ بجے اراکین نیشنل عاملہ و قائدین مجالس مجلس خدام الاحمدیہ آسٹریلیا کی حضورِ انور کے ساتھ آن لائن میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں حضورِ انور نے ممبران عاملہ سے متعلقہ شعبہ جات کا جائزہ لیا نیز ہدایات عطا فرمائیں۔
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا