جماعتی وفد کی نائیجر کے وزیرِ داخلہ سے ملاقات
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ الٰہی وعدوں کے موافق دن بدن دنیا کے ہر گوشے میں ترقیات کی منازل طے کرتی چلی جارہی ہے ۔ناصرف عوام بلکہ خواص بھی اسلام کے اُس حقیقی چہرہ سے روبرو ہو رہے ہیں جو امامِ وقت نے دنیا میں پیش کیا۔ جماعت احمدیہ نائیجر کو بھی اس حوالہ سے پچھلے کچھ عرصہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے حضور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی دعاؤں سے کافی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور ملک کے وزیرِ کمیونیکیشن سے ایک اچھا تعلق قائم ہو گیا ہے جس کی وجہ سے وہ دیگر اہم اتھارٹیز سے روابط قائم کرنے میں جماعت احمدیہ نائیجر کے لیے ممد اور معاون ثابت ہو رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں انہوں نے وزیرِ داخلہ صاحب سے جماعتی وفد کی ملاقات کا اہتمام بھی کروایا۔
چنانچہ مورخہ 8؍ستمبر 2020ء کو جماعتی وفد کی نائیجر کے وزیرِ داخلہ مکرم الکاشے الھادا صاحب سے اُن کے دفتر میں ملاقات ہوئی جماعتی وفد میں مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مشنری انچارج نائیجر اور عدیل احمد صاحب مربی سلسلہ شامل تھے۔ دورانِ ملاقات وزیرِ داخلہ صاحب کو حضرت مسیحِ موعودؑ ، حضورِ انور ایدہ اللہ تعالیٰ اور جماعت احمدیہ نائیجر کے تفصیلی تعارف سے آگاہ کیا گیا اور بعد ازاں قرآنِ کریم فرانسیسی ترجمہ نیز ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ اور ’عالمی بحران اور امن کی راہ ‘جیسی کتب بھی فرنچ ترجمہ کے ساتھ پیش کی گئیں۔
وزیرِ داخلہ نائیجر نے جماعت احمدیہ کے پیغام کے بارہ میں اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہ سُن کر بہت خوشی ہوئی کہ ایک اسلامی جماعت ’محبت سب کے لیے ‘ کی بات کرتی ہے ورنہ میرے خاندان کے بچے ہمیشہ مجھ سے یہ سوال کرتے ہیں کہ اسلام میں صرف جنگ اور نفرت کی بات کیوں ہے اس لیے آپ کا یہ محبت و امن بھرا پیغام نہایت خوش آئند ہے اور مجھے خوشی ہے کہ جماعت احمدیہ، نائیجر میں کام کر رہی ہے۔
چونکہ کچھ عرصہ قبل نائیجر میں چند دہشت گردوں نے فرنچ سیاحوں پر حملہ کر کے انہیں ہلاک کردیا تھا اس لیے حالیہ ملکی حالات اور سفر کے دوران جماعتی نمائندگان کی حفاظتی تدابیر کے حوالہ سے بھی بات ہوئی اور بعد ازاں وزیرِ داخلہ صاحب کے شکریہ کے ساتھ جماعتی وفد دفتر سے رُخصت ہوا۔
(رپورٹ: کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)