افریقہ (رپورٹس)

ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے زیر اہتمام وسطی افریقہ کے ملک چاڈ میں پہلا میڈیکل کیمپ

اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک چاڈ میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے توسط سے پہلا دس روزہ میڈیکل کیمپ منعقد کیا گیا۔

ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کا میڈیکل کیمپ کے لیے ملک چاڈ میں 30؍ اگست سے 10؍ستمبر تک قیام رہا۔

مورخہ 30؍اگست بروز اتوار کو صبح ساڑھے دس بجے ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی ٹیم جو کہ چھ افرادپر مشتمل تھی چاڈ پہنچی۔ اس ٹیم کی قیادت مکرم محمد اطہر زبیر صاحب چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کر رہے تھے۔ ایئر پورٹ پر ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کا استقبال خاکسار کے ساتھ مکرم شیخ عبد الدائم عبد اللہ صاحب نائب چیئرمین اسلامک کونسل چاڈ اور وزارتِ صحت چاڈ کے نمائندوں نے کیا۔ میڈیا کے لوگ بھی اس موقع پر موجود تھے جنہوں نے چیئرمین صاحب ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کا انٹرویو لیا جو اللہ تعالیٰ کے فضل سے ملک چاڈ کے ٹی وی اور ریڈیو پر نشر کیا گیا۔

31؍اگست کو وزیرصحت چاڈ سے ملاقات کی گئی۔ موصوف نے ہیومینٹی فرسٹ ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور کووِڈ19 کے حوالے سے ہیومینٹی فرسٹ کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وزارت کے لوگوں کو حکم دیا کہ ٹیم سے بھرپور تعاون کیا جائے۔ وزیر صحت سے میٹنگ کی کوریج بھی نیشنل ٹی وی چاڈ اور ریڈیو پر نشر کی گئی۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

ان کیمپس کا انعقاد چاڈ کی وزارتِ صحت اور اسلامک کونسل کے باہمی تعاون کے ساتھ کیا گیا۔ میڈیکل کیمپ کا آغاز انجمینا شہر کے جنرل ہسپتال سے کیا گیا جہاں بچوں کی وینٹی لیٹر مشین اور بلڈ ٹیسٹ مشین اور کچھ ادویہ ہدیۃً پیش کی گئیں۔ ٹیم نے چار دن اس گورنمنٹ ہسپتال میں کام کیا۔

اس کے بعد دو دن تک مختلف جماعتوں میں میڈیکل کیمپس لگائے گئےجہاں پر گیارہ سو کے قریب لوگوں کا چیک اپ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔

میڈیکل کیمپ کے ساتھ ساتھ دو جماعتوں میں ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی جانب سے دو نلکے بھی لگائے گئے۔ تقریباً سات سو کے قریب افرادان سے استفادہ کر رہے ہیں۔ الحمد للہ علیٰ ذٰلک

اگلے دو روز اسلامک کونسل چاڈ کے تعاون سے ان کے ہسپتال اور مدرسے میں میڈیکل کیمپ لگایا گیا۔جہاں چیک اپ کے بعد لوگوں کو ادویات دی گئیں۔ اسلامک کونسل کے ہسپتال کو بھی دو وینٹی لیٹرز ہدیۃً پیش کیے گئے۔

ٹیم کے چاڈ میں قیام کے دورانِ اسلامک کونسل چاڈ کے چیئرمین مکرم شیخ محمد عیسیٰ خاطر صاحب سے دو مرتبہ ٹیم کی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے اپنے تاثرات کا اظہار اس طرح کیا:’’ہمارے عقائد اور جماعتِ احمدیہ کے عقائد میں بیشک اختلاف ہے لیکن جہاں تک خدمتِ انسانیت کا تعلق ہے ہم آپ سے بھر پور تعاون کریں گے۔ اور ہیومینٹی فرسٹ کا ہم شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ان مشکل حالات میں چاڈ کے لوگوں کا خیال رکھا۔‘‘

ڈائریکٹر جنرل وزارتِ صحت نے الوداعی تقریب میں اپنے خیالات کا اظہار اس طرح کیا۔

’’ہیومینٹی فرسٹ ایک واحد تنظیم ہے جس نے کووڈ19 کے دوران ملک چاڈ میں آ کر چاڈ کے لوگوں کی خدمت کی۔ ہم آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں‘‘

میڈیکل کیمپ کے علاوہ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی طرف سے 230غریب فیملیز میں راشن بھی تقسیم کیا گیا۔ راشن میں چاول، اندومی، چینی، سپیگیٹی، صابن اور کوکنگ آئل وغیرہ اشیاء شامل تھیں۔ پچاس یتیم بچوں کو کپڑے، کھلونے اور راشن دیا گیا اور ساتھ میں پچاس ماسکیٹو نیٹ بھی دیے گئے۔ اس کے علاوہ پندرہ بکرے ذبح کر کے ان کا گوشت مستحق افراد میں تقسیم کیا گیا۔

دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کی خدمات قبول فرمائے اور اپنی بے شمار رحمتوں اور فضلوں کا وارث بنائے۔ آمین

(رپورٹ: خلیل احمد خان۔ مربی سلسلہ چاڈ)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button