پہلا ریجنل جلسہ سینٹ لوئس، سینیگال کا بابرکت انعقاد
مورخہ 29؍نومبر 2020ء کو سینیگال کے ریجن سینٹ لوئس میں جماعت احمدیہ کو اپنا پہلا ریجنل جلسہ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علیٰ ذالک
مقررہ تاریخ سے دو ہفتے قبل ریجنل مشنری مکرم حفاظت احمد نوید صاحب کی نگرانی میں جلسہ کمیٹی قائم کی گئی اور ریجن کی جماعتوں میں دورے کروائے گئے اور احباب کو جلسہ کی اہمیت و برکات سے آگاہ کیا گیا۔ ایک ہفتہ قبل جلسہ گاہ کو وقار عمل کے ذریعہ کانٹوں اور جھاڑیوں سے صاف کیا گیا۔
اس جلسہ میں مرکزی مشن ہاؤس ڈاکار سے مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر جماعت احمدیہ سینیگال کی قیادت میں ایک وفد نے شرکت کی۔جلسہ گاہ پختہ راستہ سے دور صحرائی گاؤں میں واقع ہے، اس کے باوجود احباب جماعت نے یکوں وغیرہ پر سفر کرکے جلسہ میں شمولیت اختیار کی۔
مقررین نے آنحضرتﷺ کی سیرت،نماز کی اہمیت، انفاق فی سبیل اللہ اور خلافت کے موضوع پر تقاریر کیں۔ بعد ازاں احباب کو سوال و جواب کا موقع دیا گیا۔ آخرمیں مکرم امیر صاحب نے احباب کو تربیت اور جماعتی پروگراموں میں شمولیت کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ ریجنل جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ بعد ازاں احباب کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔
سینٹ لوئس کے پہلے ریجنل جلسہ میں 18جماعتوں کے 202؍احباب شامل ہوئے جن میں اکثریت نومبائعین کی تھی۔ شاملین نے اس جلسہ کا بہت مثبت اثر لیا۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس جلسہ کے نیک نتائج پیدا فرمائے۔آمین
(رپورٹ: حافظ مصور احمد مزمل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)