گیمبیا میں پیس سمپوزیم
اللہ تعالیٰ کے فضل سے 23؍جنوری 2021ء کو گیمبیا میںاحمدیہ مسلم سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن نصرت چیپٹر کے تحت چوتھے پیس سمپوزیم کا انعقاد ہوا۔ یہ کانفرنس نصرت جہاں سکیم کے تحت گیمبیا میں بننے والے پہلے سینئر سکینڈری سکول نصرت سینئر سیکنڈری سکول بنڈونگ میں منعقد ہوئی۔
اس کانفرنس کا مرکزی خیال یا تھیم Inter-faith peace, tolerance and compassion تھا۔ کانفرنس کا مقصد مختلف مذاہب کے درمیان محبت، بھائی چارہ اور صلح و امن کی فضا کو قائم رکھنا، سوسائٹی میں ہم آہنگی کے ساتھ رہنا اور امن کو فروغ دینے کے متعلق گفتگو کرنا تھا۔
پیس کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جس کے بعد نصرت سکول کے پرنسپل نے افتتاحی تقریر میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور معاشرے میں امن کے حوالے سے جماعت احمدیہ کے کردار کا ذکر کیا۔ بعد ازاں مختلف مذاہب کے نمائندوں نے خطاب کیا۔ تمام مقررین نے اس بات کا اظہار کیا کہ مذاہب ہمیشہ پیار و محبت سکھانے کے لیے آتے ہیں۔ مکرم کیمو سونکو سابق صدر خدام الاحمدیہ نے قرآن کریم کی مختلف آیات اور احادیث مبارکہ پیش کیں اور بتایا کہ اسلام امن کا داعی ہے اور جو اسلام کے نام پر فتنہ اور فساد پھیلانے کی باتیں کرتے ہیں سب خلافِ اسلام ہے۔ اسلام کا پیغام تو محبت اور امن کا پیغام ہے۔ انہوں نے اسوۂ نبی ﷺ کا ذکر کیا کہ تمام مذاہب کے ساتھ آپﷺ کا کیسا تعلق تھا کہ اپنی مسجد میں عیسائیوں کو عبادت کرنے کی اجازت مرحمت فرما رہے ہیں۔
مسیحی مہمان مقرر نے انجیل کی روشنی میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور بتایا کہ امن معاشرے کا اہم حصہ ہے۔
مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیرجماعت گیمبیا نے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقوام عالم میں محبت اور امن کی کوششوں کا ذکر کیا اور بتایا کہ ساری دنیا میں امن کے لیے آپ نے مختلف عالمی لیڈروں کو خطوط کے ذریعے توجہ دلائی ہے۔ اسی طرح یورپی یونین کی پارلیمنٹ اور یوکے پارلیمنٹ سمیت مختلف ملکوں کے اعلیٰ نمائندوں کو ان کی امن کے حوالہ سے ذمہ داریوں کی طرف توجہ دلائی ہے اور ساری دنیا میں پیس کانفرنسز کا انعقاد فرما رہے ہیں تاکہ ساری دنیا امن و محبت کی فضا میں جی سکے اور اپنے خالق حقیقی کو پہچان سکے۔
اس پروگرام کو بانجل کمبوہ ریجن کے کئی افراد کے علاوہ نصرت سکول کے طلباء کی ایک کثیر تعداد نے دیکھا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے اس پروگرام کو کوریج دی۔ اسی شام نیشنل ٹی وی GRTCنے خبرنامہ میں کانفرنس کا تفصیلی ذکر کیا۔ اسی طرح مکرم سعیدسمباسوصاحب صدراحمدیہ سٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کا انٹرویو نشر کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ بعد ازاں حاضرین کو ریفریشمنٹ دی گئی۔
(رپورٹ: سید سعید الحسن۔ مبلغ انچارج گیمبیا)