سینیگال کے ریجن تانباکنڈا میں نئی مسجد کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل اور پیارے آقا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ کی خاص راہنمائی میں جماعت احمدیہ سینیگال کو ریجن تانباکنڈا Tambacounda میں ایک نئی دیدہ زیب مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی۔ الحمد للہ علی ذلک ۔
یہ مسجد ریجن تانباکنڈاTambacounda کے ایک اہم شہر کسانارKoussanarمیں نیشنل ہائی وے کے قریب ہی تعمیر کی گئی ہے۔ اس شہر کے ارد گرد 15دیہاتوں میں احمدیت کا قیام ہو چکا ہے ۔ اس مسجد کی زمین کا کل احاطہ تقریباً3000 مربع میٹر ہے۔ مسجد کا احاطہ 700 مربع میٹر ہے۔ اس مسجد کا نام’’احمدیہ مسجد کسانار‘‘ تجویز ہوا ہے۔ مسجد کا سنگ بنیاد ستمبر 2020ء میں مکرم ناصر احمد سدھو صاحب امیر و مشنری انچارج سینیگال نے رکھا اور دعا کروائی تھی۔ مسجد کی تعمیر کا کام ایک سال میں مکمل ہوا۔ اس کی تعمیر میں کافی کام وقار عمل کے ذریعہ کیا گیا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ ریجن تانبا کنڈا) کو تعمیر کی نگرانی کی توفیق ملی۔ مسجد کا مسقف حصہ 144مربع میٹر ہے جس میں 250نمازیوں کی گنجائش ہے۔ محراب نما ستونوں کی وجہ سے مسجد باہر سے نہایت خوبصورت نظر آتی ہے۔ مسجد کی اندرونی دیواروں کو اسمائے باری تعالیٰ سے مزین کیا گیا ہے۔ مسجد کے مینار شہر میں داخل ہوتے ہی دور سے اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ غرض شہریوں کے بقول احمدیہ مسجد کسانار شہر کی خوبصورتی میں ایک نمایاں اضافہ ہے۔
مورخہ 29؍اکتوبر 2021ء کو مکرم امیر صاحب سینیگال نے فیتہ کاٹا اور دعا کروا کر مسجد کا رسمی افتتاح کیا۔ اس کے بعد آپ نے نماز جمعہ کی امامت کروائی۔ اس موقع پر شہر کے معززین، امام، متعدد دیہاتوں کے چیف اور امام، مختلف حکومتی نمائندوں کے علاوہ ریجن کے گورنر کی نمائندگی میں شہر کے ڈپٹی کمشنر بھی موجود تھے۔ تمام حاضرین نے جماعت احمدیہ کی مذہبی و فلاحی سرگرمیوں کی تعریف کی اور ہر موقع پر جماعت احمدیہ کے خدمت خلق کے کاموں کو سراہا۔ اس بابرکت موقع پر ارد گرد کے دیہاتوں کے علاوہ دیگر ریجنز کے نمائندگان بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔ شاملین کی کل تعداد 530تھی۔ حاضرین کی بعد از نماز جمعہ طعام سے تواضع کی گئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کو نور و ہدایت کا سرچشمہ بنا دے، یہاں سے اسلام کی حقیقی تعلیم کی تبلیغ ہو، اس مسجد کے ذریعہ احمدیوں کی اعلیٰ اسلامی رنگ میں تربیت ہو اور ارد گرد کے دیگر دیہاتوں کی ہدایت کا موجب ہو۔آمین