قادیان دارالامان میں سالانہ مرکزی اجتماع مجلس انصار اللہ بھارت
مورخہ 22 تا 24؍اکتوبر 2021ء کو مجلس انصار اللہ بھارت نے قادیان دارالامان میں اپنا 41واں سالانہ مرکزی اجتماع منعقد کیا۔ امسال کے اس اجتماع کا تھیم ’’اقیموا الصلوٰۃ‘‘ مقرر کیا گیا تھا۔
اجتماع کے تینوں روز قادیان کی مختلف مساجد میں نماز تہجد اور خصوصی درس کا انتظام کیا گیا۔
اجتماع کی افتتاحی تقریب مورخہ 22؍اکتوبرکو منعقد ہوئی جس میں لوائے انصار اللہ لہرایا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔ تلاوت قرآن مجید، عہد اور نظم کے بعد صدر مجلس انصار اللہ بھارت نے سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مبارک پیغام پڑھ کر سنایا جو حضور پُر نور نے از راہ شفقت اجتماع کی مناسبت سے مرحمت فرمایا تھا۔ اسی طرح مجلس انصار اللہ کی سالانہ کارگذاری رپورٹ بھی پڑھ کر سنائی گئی۔
امسال کووڈ کے مخصوص حالات کے پیش نظر محدود تعداد میں قادیان کے قریبی صوبہ جات سے ہی نمائندگان مجلس کو مدعو کیا گیا اور باقی ہندوستان کے اراکین کے لیے آن لائن اسٹریمنگ کا انتظام کیا گیا جس سے ملک بھر کے انصار نے بھرپور رنگ میں فائدہ اُٹھایا۔
اجتماع کے دوران انصار بزرگان کے درمیان مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ علمی مقابلہ جات میں ہندوستان کے دیگر صوبہ جات سے ورچوئل طریق پر بھی اراکین نے شمولیت اختیار کی۔
اس اجتماع کے دوران خصوصی تربیتی نشست اور محفل سوال و جواب جیسے پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا جس سے اراکین مجلس نے بھرپور رنگ میں فائدہ اُٹھایا۔
اجتماع کی اختتامی تقریب مورخہ 24؍اکتوبر کو محترم ناظر صاحب اعلیٰ قادیان کی زیر صدارت منعقد کی گئی۔ اس تقریب کے موقع پر موازنہ کارکردگی کے اعتبار سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی مجالس کے مابین سندات تقسیم کی گئیں۔ اور دیگر علمی و ورزشی مقابلہ جات کے انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔ اجتماعی دعا کے ساتھ مجلس انصار اللہ بھارت کا یہ سہ روزہ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کے نیک نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین