عشرہ سیرت النبیﷺ بمناسبت ماہ ربیع الاول، آئیوری کوسٹ
سید الرسل حضر ت محمد مصطفیٰ ﷺ کی حیات طیبہ تمام عالم کے لیے ہی حقیقی اسوہ حسنہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ جماعت احمدیہ عالمگیر کی بنیاد ہی خاتم الرسلﷺ کی محبت پر قائم ہے۔ اسی سلسلہ میں جماعت احمدیہ عالمگیر کے سالانہ پروگرامز میں وقتاً فوقتاً جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کے انعقاد کو ملحوظ خاطر رکھا جاتا ہے۔ چنانچہ دوران سال ربیع الاول کے بابرکت مہینہ میں خصوصی طورپر جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کو ملکی سطح پر اپنا سالانہ عشرہ سیر ت النبیﷺموخہ 15؍اکتوبر2021ء بروز جمعۃ المبارک تا 24؍اکتوبر منانے کی سعادت نصیب ہوئی۔
جماعتی ہدایات کے پیش نظر مختلف ریجنز میں عشرہ کا باقاعدہ آغاز اجتماعی و انفرادی نماز تہجد کے ساتھ کیا گیا۔ نماز فجر و مغرب کی ادائیگی کے بعد مختلف مقامات پر دروس بعنوان سیرت النبیؐ دیے گئے۔ جس میں احباب جماعت کو اپنی زندگی میں اسوہ رسولؐ کو اپنانے کے ساتھ ساتھ معمول کےساتھ آپﷺ کی ذات بابرکات پر دورد بھیجنے کی بھی نصائح شامل تھیں۔ عشرہ کے دوران مختلف مقامات پر جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کے انعقاد کے ساتھ ساتھ خطبات جمعہ بعنوان سیرت النبیؐ نیز بک سٹالز و ریڈیو پروگرامز کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے ذریعے نہ صرف احمدی و غیر از جماعت مسلمانان کرام بلکہ غیر مسلم احباب کو بھی آپﷺ کی اوصاف حمیدہ سے آگاہ کیا گیا۔
دوران عشرہ آئیوری کوسٹ کے کل 18 ریجنز کی 105 جماعتوں میں ریجنل مبلغین کرام و لوکل معلمین کرام نےکل 98جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ کا انعقاد کیا جس میں 6000 کے قریب احمدی احباب، دیگر مسلم و غیر مسلم احباب نے شرکت کی۔ جن میں آپؐ کی سیرت کے درخشاں پہلوؤں پر شاملین جلسہ کو آگاہی فراہم کی گئی نیز کل 121 خطبات جمعہ کے ذریعے تقریباً 8800 افراد تک محاسن رسولؐ پہنچائے گئے۔ دوران عشرہ بعد از نماز فجر و مغرب کل 213 دروس کا اہتمام کیا گیا جو کہ سیرت النبیﷺ کے عنوان پر تھے۔ جن کے شاملین کی تعداد 3000کے قریب تھی۔ مزید برآں دوران عشرہ مختلف ریجنز کے مقامی ریڈیو چینلز پر کل30 تبلیغی پروگرام بعنوان سیرت النبیؐ کا بھی انعقاد کیا گیا جن کا کل دورانیہ 35گھنٹے کا رہا۔ عشرہ کا ایک حصہ سیرت النبیؐ پر مشتمل جماعتی کتب کے ذریعے بک سٹالز ونمائش کا انعقاد کرنا بھی تھا۔ اس ضمن میں کل 07بک سٹالز کا انعقاد کیا گیا جس کے ذریعے مختلف موضوعات پر مشتمل کتب فروخت ہوئیں جن کی کل مالیت 430000فرانک سیفا تھی۔ انہیں بک سٹالز کے دوران زائرین میں کل 1000 جماعتی پمفلٹس بعنوان ختم نبوت، آمد مسیح ثانیؑ، وفات مسیحؑ و تعارف جماعت احمدیہ بھی تقسیم کیے گئے۔
مقامی مسلم و غیر مسلم افراد نے جماعت احمدیہ آئیوری کوسٹ کی اس کاوش کو خوب سراہا کہ جماعت احمدیہ نے حقیقی رنگ میں آنحضرتﷺ کے اسوہ کونہ صرف بیان کیا بلکہ آپؐ کی ذات پر اٹھنے والے اعتراضات پر بھی دلائل کے ساتھ تسلی بخش جوابات فراہم کئے جو کہ آج دنیا میں موجود اسلامو فوبیا کو ختم کرنے میں کافی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ جماعت آئیوری کوسٹ کی اس حقیر مساعی کو بپایہ قبولیت جگہ عطا کرے نیز حقیقی رنگ میں احبابِ جماعت کو اسوہ رسولﷺ اپنانے کی توفیق عطا کرتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ)