الفضل ڈائجسٹ
اس کالم میں ان اخبارات و رسائل سے اہم و دلچسپ مضامین کا خلاصہ پیش کیا جاتا ہے جو دنیا کے کسی بھی حصے میں جماعت احمدیہ یا ذیلی تنظیموں کے زیرانتظام شائع کیے جاتے ہیں۔
مکرم محمد شہزادہ خان صاحب
مکرم محمد شفیع خان صاحب کے قلم سے مکرم محمد شہزادہ خان صاحب کا ذکرخیر قبل ازیں 30؍ستمبر2011ء اور 31؍جولائی 2015ء کے شماروں میں ’’الفضل ڈائجسٹ‘‘ کی زینت بن چکا ہے۔ اسی حوالے سے ایک مضمون روزنامہ’’الفضل‘‘ربوہ یکم جون 2013ء میں شائع ہوا ہے۔
محترم محمد شہزادہ خان صاحب مرحوم افغانستان کے صوبہ ننگرہار قصبہ بڑوکلاں کے ایک صاحبِ حیثیت گھرانے میں پیدا ہوئے۔ 9 برس کی عمر میں اپنے ماموں کے ہمراہ حصول علم کے لیے کوہاٹ آگئے۔ ماموں انہیں ایک مدرسے میں چھوڑ کر واپس افغانستان چلے گئے۔ کچھ عرصے بعد مدرسے کے اکثر طلباء کو اُن کے وارثان نے تعلیم حاصل کرنے سے اٹھالیا۔ آپ کو بھی بتایا گیا کہ مدرسے کے مولانا احمد گُل صاحب قادیانی ہوگئے ہیں۔ یہ سُن کر آپ اپنے استاد کے حجرے میں گئے جہاں وہ قرآن کریم کی تلاوت میں مصروف تھے۔ آپ تلاوت سنتے رہے اور پھر اُن سے قادیانی ہوجانے کی وجہ دریافت کی۔ اس پر مولانا صاحب نے آپ کو احمدیت کی تعلیم سے آگاہ کیا۔ اسی طرح روز کوئی نہ کوئی نئی بات آپ کو معلوم ہوتی تو سعید فطرت ہونے کی وجہ سے آپ نے اپنے استاد سے کہا کہ آپ کو بھی قادیان لے جائیں۔ لیکن انہوں نے آپ کی عمر چھوٹی ہونے کا عذر کیا۔ آخر وہ 1910ء میں آپ کو اپنے ہمراہ لے گئے۔ آپ نے حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ کی بیعت کی اور ساری زندگی اس بات کا قلق رہا کہ حضرت امام مہدیؑ کی زیارت سے آپ محروم رہے تھے۔
بیعت کے بعد آپ واپس کوہاٹ نہیں گئے اور نہ کبھی اس کی تمنّا کی۔ قادیان میں رہ کر پہلے مولوی فاضل کیا اور پھر اورینٹل کالج لاہور سے OT کرکے زندگی وقف کردی۔ پہلے دعوت الی اللہ کرتے رہے اور پھر دارالشیوخ کے منتظم مقرر کیے گئے۔ آپ جامعہ احمدیہ میں استاد تھے جب قیام پاکستان کے نتیجے میں ہجرت کی۔ پھر احمدنگر میں بھی جامعہ میں استاد کے فرائض سرانجام دیتے رہے۔ لیکن اُس وقت کی کمزور مالی حالت کی وجہ سے اساتذہ میں تخفیف کرنی پڑی تو آپ کو بھی ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ آپ خلیفہ وقت سے دُور جانے پر آمادہ نہ ہوئے۔ آپ کے پاس حضرت خلیفۃالمسیح الاوّلؓ کے نسخہ جات تھے چنانچہ آپ نے احمدنگر میں طبّ کی دکان کھول لی۔ یہ دکان نہ چلی تو جلدسازی شروع کی لیکن یہ کام بھی نہ چلا تو سبزی فروخت کرنے لگے۔ حالات ایسے تھے کہ ساری پونجی ختم ہوگئی اور نوبت فاقوں تک آگئی۔ حضرت مولوی ابوالعطاء صاحب نے، جو اُس وقت جامعہ احمدیہ کے پرنسپل تھے، ایک عالم دین کی یہ حالت دیکھی تو دل پسیج گیا اور آپ کو بلوا بھیجا۔ جامعہ کے تمام اساتذہ کے سامنے محترم مولانا صاحب نے فرمایا کہ ہم نے مشورہ کیا ہے کہ آپ ہر روز ایک استاد کا پیریڈ پڑھائیں گے اورہم اساتذہ اپنی تنخواہ میں سے ایک حصہ آپ کے لیے نکالیں گے۔ اس طرح ہم پر بھی بوجھ نہیں پڑے گا اور آپ کی گزربسر بھی آسان ہوجائے گی۔ آپ نے اپنے محترم ساتھیوں کے جذبۂ ہمدردی کی تعریف کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور فرمایا کہ مَیں نے رضائے الٰہی کی خاطر اپنا گھربار اور وطن چھوڑ دیا۔ میرا رزق اللہ تبارک تعالیٰ کے پاس ہے، مَیں آپ کے بیوی بچوں کے رزق سے کیوں حصہ لوں۔ چنانچہ باوجود اصرار کے آپ رضامند نہ ہوئے۔
آپ دن میں کھیتوں سے کوئی سبزی ساگ وغیرہ لے آتے اور جنگل سے خشک ٹہنیاں اکٹھی کرکے اُن کی آگ پر پکالیتے۔ رمضان آیا تو جماعت کی طرف سے کچھ رقم فطرانہ میں سے آپ کو ارسال کی گئی جو آپ نے یہ کہہ کر لَوٹادی کہ یہاں ہم سے بھی زیادہ مستحق ہیں، یہ ان کا حق ہے۔
آپ صبر اور توکّل کا دامن تھامے ہر رات ایک چادر زمین پر بچھاکر اپنے بیوی بچوں کے ساتھ باوضو ہوکر اللہ تعالیٰ کے حضور اپنے حالات میں بہتری کے لیے دعاؤں میں مصروف ہوجاتے۔ بچے چھوٹے تھے اس لیے نڈھال ہوکر جلد ہی گر جاتے لیکن میاں بیوی نماز فجر تک آہ و فغاں میں مصروف رہتے۔ اخبار الفضل آپ کو بطور خاص نصف قیمت پر جاری تھا۔ جب لمبا عرصہ اس کا بِل نہ دیا جاسکا اور ادارے نے یاددہانی کے خطوط بھجوانے شروع کیے تو بچوں نے مشورہ دیا کہ اخبار فی الحال بند کروادیا جائے لیکن آپ نے اس مشورے سے اتفاق نہیں کیا اور فرمایا کہ جس طرح جسمانی غذا کے بغیر انسان زندہ نہیں رہ سکتا اسی طرح روحانی غذا کے بغیر انسان کی روحانی موت واقع ہوجاتی ہے۔
رمضان کے آخری عشرے کا ساتواں روز تھا جب الفضل میں محترم ملک عمرعلی صاحب کی طرف سے ایک اشتہار شائع ہوا کہ بچوں کو دینی تعلیم دینے کے لیے ایک عالم دین کی ضرورت ہے۔ آپ یہ اعلان پڑھ کر اُن کی رہائش گاہ پر چلے گئے۔ وہ آپ سے مل کر بہت خوش ہوئے اور کچھ رقم بطور پیشگی اور سفر خرچ دے کر کہا کہ ساری فیملی کو ملتان لے آئیں۔ آپ نے کہا کہ ابھی یہ رقم مَیں لے نہیں سکتا کیونکہ ربوہ کے قرب کو چھوڑ نہیں سکتا۔ میری فیملی یہیں رہے گی اور مَیں دعا کرنے کے بعد اکیلا ملتان جاؤں گا۔ لیکن اپنے جانے کا فیصلہ دعا کے بعد کروں گا اس لیے یہ رقم ابھی نہ دیں۔ محترم ملک صاحب نے فرمایا کہ یہ رقم آپ کے پاس امانت رہے گی۔ آپ اگر آنے کا فیصلہ کریں تو عید کے بعد آجائیں ورنہ مجھے واپس کردیں۔ چنانچہ وہ رات آپ نے پھر خوب دعاؤں میں گزاری اور تسلّی ہونے پر اگلی صبح اُس رقم میں سے سب سے پہلے الفضل کا بِل ادا کیا اور بچوں کے لیے خورونوش کا انتظام کیا۔ اخبار الفضل آپ کی وفات کے بعد بھی تیس برس (آپ کی اہلیہ محترمہ کی وفات)تک صدقہ جاریہ کے طور پر جاری رہا۔
آپ ایک صاحبِ رؤیا و کشوف بزرگ تھے۔ آپ کی ڈائری میں بہت سی روح پرور خوابیں درج ہیں۔ آپ احمدنگر کے قاضی کے طور پر بھی کئی سال فرائض سرانجام دیتے رہے۔ احمدیہ مسجد میں امام الصلوٰۃ اور مدرس بھی رہے۔ آپ کی وفات 1963ء میں ہوئی اور نماز جنازہ حضرت صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحبؒ نے پڑھائی۔ آپ موصی تھے اس لیے تدفین بہشتی مقبرہ ربوہ میں ہوئی۔
آپ کی شادی حضرت امّاں جانؓ کی تجویز پر محترمہ زینب بیگم صاحبہ دختر مولوی غلام رسول صاحب افغان شیرفروش و محترمہ عائشہ پٹھانی صاحبہ سے ہوئی۔ محترمہ عائشہ پٹھانی صاحبہ کو صاحبزادہ مرزا ظفر احمد صاحب ابن حضرت مرزا شریف احمد صاحبؓ کی رضاعی والدہ ہونے کا شرف بھی حاصل ہے۔ محترمہ زینب بیگم صاحبہ موصیہ تھیں۔ 1992ء میں وفات پاکر بہشتی مقبرہ ربوہ میں مدفون ہوئیں۔
………٭………٭………٭………
نیند موجبِ تسکین ہے
قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ہم نے نیند کو تمہارے لیے موجبِ تسکین بنایا ہے۔ روزنامہ ’’الفضل‘‘ ربوہ 24؍مئی 2013ء میں نیند کے حوالے سے ایک بہت مفید معلوماتی مضمون شامل اشاعت ہے۔
نیند کے بارے میں ایک نظریہ ہے کہ دماغ کی طرف خون کی سپلائی کم ہونے سے نیند آتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کھانا کھانے کے بعد غنودگی کا احساس ہونے لگتا ہے کیونکہ دماغ کی بجائے خون کا بہاؤ نظام ہضم کی طرف ہوجاتا ہے۔ اسی طرح ذہنی تفکرات کی صورت میں خون کا بہاؤ دماغ کی طرف رہتا ہے جو پُرسکون نیند میں خلل کا باعث ہوتا ہے۔ بےخوابی جو مسائل پیدا کرتی ہے اُن میں بلڈپریشر میں زیادتی، ڈپریشن، تھکاوٹ، جوڑوں کا درد، بلڈشوگر میں کمی، رویّے میں منفی تبدیلی اور بعض ذہنی عوارض شامل ہیں۔
نیند کی زیادتی بھی اچھی چیز نہیں ہے۔ اس سے دماغ، اعصاب اور اعضاء سست ہوجاتے ہیں اور ان کی استعدادکار متاثر ہوتی ہے جو انسان کو بیکار بنادیتی ہے۔ بعض لوگ سوسوکر تھک جاتے ہیں اور پھر اس تھکاوٹ کو بھی سوکر دُور کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اُن کا دماغ جاگتے ہوئے بھی شل ہوجاتا ہے۔ ایسے لوگ حقیقی نیند کے لطف سے ناآشنا ہوتے ہیں۔
جن لوگوں کو گہری نیند نہیں آتی اور ہلکا شور بھی انہیں اٹھادیتا ہے انہیں جسم کو جسمانی طور پر تھکانا چاہیے۔ اگر ایسے لوگ معذور ہوں تو لیٹے لیٹے اپنے جسم کو حرکت دیں۔
داہنا نتھنا قاطع خواب ہے جبکہ بائیں نتھنے سے سانس لینے سے نیند آنے لگتی ہے۔ اسی طرح چند طبّی ٹوٹکے بھی کم خوابی کا علاج ہیں مثلاً بھینس کا دودھ سونے سے کچھ دیر قبل قدرے زیادہ مقدار میں پینا، ایک چمچ خشخاش نیم گرم دودھ کے ساتھ کھانا، تخمِ کاہو کا ایک چمچ یا چار مغز کے ایک دو چمچ دودھ یا پانی کے ساتھ استعمال کرنا۔ مساج کا فلسفہ یہ ہے کہ سر اور دماغ میں آکوپنکچر علاج کے مطابق بعض ایسے پوائنٹس ہیں جن کو دبانے یا مساج کرنے سے فوراً نیند آجاتی ہے۔ اسی طرح توجہ بدلنے سے اور جسم کو ڈھیلا چھوڑ کر قدرتی مناظر (بارش، چاند، سمندر وغیرہ) کا تصور لانے سے نیند میں معاونت حاصل ہوتی ہے۔
ہومیوپیتھی میں بعض دوائیں مختلف علامات میں بہت مفید ہیں۔ لیکن یاد رہے کہ ادویہ کا استعمال اپنے طبیب کے مشورہ سے کریں ۔مثلاً بچہ نہ سوئے اور چاہے کہ اُسے اٹھاکر پھرا جائے تو کیموملا 30۔ چائے، تمباکو کے زیادہ استعمال سے بےخوابی ہو، مریض چڑچڑا ہو اور مزید سونا چاہتا ہو تو نکس وامیکا 30۔ غم کے نتیجے میں بےخوابی ہو تو ایگنیشیا 200۔ زیادہ دماغی کام اور تصوّرات سے پریشانی ہو تو ہائیوسالیمسHyosoymus 30یا کوکا 30۔ کالی فاس 6X دماغی تھکان اور نیند لانے کی دوا ہے۔ اگر کسی دوا سے بھی نیند نہ آئے تو پیسی فلورا Q گرم پانی میں تیس سے ساٹھ قطرے ڈال کر بار بار پلائیں۔ یہ دوا زیادہ مقدار میں بھی مضر نہیں ہے۔ نیند کی زیادتی یعنی ہر وقت سونے کی خواہش ہو تو نیٹرم میور 6X اور دن کے وقت غنودگی رہتی ہو تو نیٹرم سلف 6X استعمال کریں۔ اگر مطالعہ کرتے وقت زیادہ نیند آئے تونیٹرم سلف (6X یا 30 یا 200 میں ) دیں۔ اگر کوئی شام کے وقت سونے سے باز نہ رہ سکے تو نکس وامیکا مفید ہے۔ جب اس قدر نیند آئے کہ اس پر قابو نہ پایا جاسکے اور یہ انسان کی عادت کا حصہ نہ ہو تو (30 یا 200 میں ) Cimex دیں۔ اگر زیادہ نیند آنے سے تھکاوٹ ہوجائے اور کام کرنے کو جی نہ چاہے تو (30 یا 200 میں ) Indol دیں۔ نیند میں شدید بے آرامی کی حالت ہو اور مریض سوتے میں ڈرے تو بیلاڈونا مفید ہے۔
………٭………٭………٭………