افریقہ (رپورٹس)

زیمبیا کے ممبر آف پارلیمنٹ کا پیٹو کے مشن ہاؤس کا دورہ اور زیمبیا کے مشرقی صوبے میں جماعتی سرگرمیاں

شہر کے ممبر آف پارلیمنٹ اور ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبہ کا اپنی ٹیم کےہمراہ مشن ہاؤس کا دورہ

گزشتہ سالوں کی طرح اس سال کے پہلے ہی دن احباب جماعت نے اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت کے نظارے اس رنگ میں بھی مشاہدہ کیے کہ مورخہ یکم جنوری2022ء کو علاقہ کے نئے منتخب ہونے والے ممبر آف پارلیمنٹ اور نئی منتخب ہونے والی ڈسٹرکٹ کمشنر صاحبہ نے پہلی دفعہ اپنے 8 رکنی وفد کے ساتھ جماعت احمدیہ کے مشن ہاؤس کا وزٹ کیا۔

اس وزٹ کے دوران ممبر آف پارلیمنٹ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بیس منٹ تک لائیو پروگرام کیا۔ پروگرام میں انہوں نے اپنے followersکو احمدیہ مشن ہاؤس میں قائم کردہ پھلدار پودوں کی نرسری کے بارے میں بتایا جس میں پندرہ اقسام کے مختلف پھلدار پودے اگائے جاتے ہیں اور بلا کسی تفریق کے لوگوں میں مفت تقسیم کیے جاتے ہیں۔ اس پروگرام کے دوران ان کو جماعت کا تعارف کروایا گیا اور جماعت احمدیہ اور دوسرے مسلمانوں میں فرق کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

پروگرام کے آخر میں انہوں نے جماعتی خدام سے مل کر بہت خوشی کا اظہار کیا اور جماعت کا شکریہ ادا کیا کہ آپ غریب طلباء کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کروا کر اپنے پاؤں پر کھڑے کر رہے ہیں اور طلباء کو تلقین بھی کی کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ مشنری سے زیادہ سے زیادہ پودے اُگانے کے طریقے سیکھیں اور مجھے بھی سکھائیں اور دوسرے نوجوانوں کو بھی سکھائیں تاکہ اس طرح ہم اپنے علاقہ میں غربت کا خاتمہ کر سکیں۔

اس لائیو پروگرام کو 3600 لوگوں نے لائیو دیکھا۔ اس طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے نئے سال کے پہلے ہی دن علی الصبح جماعت کا پیغام 3600 لوگوں تک پہنچا۔ الحمدللہ۔یہ خدا تعالیٰ کی طرف سے ایک نوید ہے کہ ہر آنے والا سال پہلے سے بڑھ کر جماعت احمدیہ کے لیے ترقیات لے کر آئے گا اور جماعت احمدیہ کا یہ قافلہ خلافت احمدیہ کے زیرسایہ دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرتا چلا جائے گا۔ انشاء اللہ۔

مشن ہاؤس میں تبلیغی پروگرام

ہر ہفتہ شہر کے مختلف محلہ جات سے لوگوں کو مشن ہاؤس میں مدعو کیا جاتا رہا جس میں ان کو جماعت کا پیغام، جماعت احمدیہ اور دوسرے مسلمانوں میں فرق اور اسلام کی امن پسند تعلیم کے بارے میں بتایا گیا اور ان کے سوالات کے جوابات بھی دیے گئے۔ آخر پر ان کو اپنے گھروں میں پھلدار پودوں کی نرسری تیار کرنے، کس طرح پودوں کو اگایا جاتا ہے اور کس طرح ان کو بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے کے بارے میں بتایا گیا اور ان کو مختلف پھلوں کے بیج، پلاسٹک کی تھیلیاں اور ہر ایک کو 6قسم کے پھل دار پودے بھی دیے گئے۔ ان چار پروگراموں میں 120 افراد نے شرکت کی۔

جماعت کی طرف سے شہری و دیہاتی افراد میں پھلدار پودوں کی تقسیم

مجلس خدام الاحمدیہ پیٹو کے اور گورنمنٹ آفیشلز کے ساتھ مل کر ضلع کے مختلف سکولوں، شہریوں اور کسانوں میں (1500یو ایس ڈالرز کی مالیت کے) 3000سے زائد مختلف اقسام کے پھل دار پودے تقسیم کیے گئے۔

جماعتی کتب کا سٹال

سینڈا شہر میں ملاوی اور موزمبیق کو جانے والی سڑک پر ایک ہفتہ کے لیے جماعتی کتب کا سٹال لگایا گیا۔ 500 سے زائد افراد نے جماعتی اسٹال کا مشاہدہ کیا اور 300 سے زائد افراد نے اسلام کےبارے میں سوالات پوچھے اور جماعتی لٹریچر حاصل کیا۔

اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری ان کوششوں میں برکت ڈالے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

(رپورٹ: طاہر احمد سیفی۔ مبلغ سلسلہ پیٹو کے زیمبیا)

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button