ساؤتومے میں جماعت احمدیہ کی چودھویں مسجد (بیت الصدیق) کا افتتاح
مورخہ 12؍فروری 2022ء کو اللہ تعالیٰ نے جماعت احمدیہ ساؤتومے کو ملک میں 14ویں مسجد بیت الصدیق کے افتتاح کی توفیق بخشی۔
بریگوماگاؤں (Brigoma) دارالحکومت ساؤتومے سے شمال میں تقریباً 50 کلومیٹر دور ایک پہاڑی پر واقع ہے اور اس گاؤں کی کل آبادی تقریباً 500 نفوس پر مشتمل ہے۔ 2020ء میں اللہ تعالیٰ نے خاکسار (مبلغ انچارج و صدر جماعت) کو یہاں جماعت کا پودالگانے کی توفیق دی۔ شروع میں 6 افراد نے اس گاؤں میں بیعت کی اور اسی دن اس کے ساتھ کے ایک اور گاؤں سے بھی 3 افراد نے بیعت کی۔ اس کے بعد ان دونوں گاؤں سے مکرم قمر رشید صاحب ریجنل مبلغ گوادالوپ اور لوکل مشنری مکرم عبداللہ صاحب نے مسلسل رابطہ جاری رکھا۔ اس طرح مزید کچھ بیعتیں حاصل ہوئیں۔ یہاں سے ایک نوجوان اسلام کے بارے تعلیم حاصل کرنے کے لیےتقریباً 2 ماہ مرکزی مشن ہاؤس میں رہا اور نماز اور دینی معلومات سیکھیں۔ اسی طرح چھٹیوں میں منعقد ہونے والی فضل عمر تربیتی کلاسز میں یہاں کے کچھ مزید طلباء اور لجنہ اماءاللہ شامل ہوئیں۔
نومبر 2021ء میں اس مسجد کا سنگ بنیاد رکھا گیا اور ایک ماہ سے بھی قلیل عرصے میں مسجد مکمل ہو گئی۔ مسجد 8میٹر چوڑی اور 9 میٹر لمبی ہے جس میں 90 افراد نماز پڑھ سکتے ہیں۔ 12؍فروری 2022ء افتتاْح کی تاریخ مقرر ہوئی۔ انصار و خدام اور لجنہ و ناصرات بریگوما نے مسجد کے ارد گرد کے علاقہ کی صفائی کی۔
مسجد کے افتتاح کے روز سہ پہر تین بجے برگوما جماعت کے تمام احباب نے مہمانوں کا نعرہ تکبیر اور جماعت احمدیہ زندہ باد کے نعرے لگا کر استقبال کیا۔ مہمان خصوصی ڈاکٹر اطہر زبیر صاحب نے مسجد پر افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعاکروائی۔ دعا کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں اور پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہوا۔
تلاوت قرآن پاک مکرم انس احمد صاحب نے کی۔ مکرم فریڈرونالڈو صاحب نے نظم ’ہے دست قبلہ نما لا الٰہ الّا للّٰہ‘ بہت ہی خوبصورت آواز کے ساتھ پیش کی۔ اس کے بعد صدر صاحب جماعت برگوما مکرم شیکو صاحب نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی جماعت بریگوماکو اپنی ذمہ داریوں کی طرف بھی توجہ دلائی۔ ریجنل مبلغ مکرم قمر رشید صاحب نے مسجد اور نماز کی اہمیت کے حوالے سے چند نصائح کیں۔ پھر خاکسار نے تقریر کی۔ آخر پر مہمان خصوصی نے اختتامی تقریر کی۔ اس تقریر میں انہوں نے تمام احباب جماعت کو مسجد اور خلافت سے محبت کے حوالہ سے نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔
بعد ازاں تمام شاملین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس پروگرام میں12جماعتوں سے 72 احباب شامل ہوئے۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کے ایمان و ایقان میں ترقی دیتا چلا جائے۔ یہ مسجد نمازیوں سے بھر جائے اور جماعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے۔ آمین
(رپورٹ:انصرعباس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)