حفظِ قرآن مجلس انصار اللہ طاہر ریجن، برطانیہ
اللہ تعالیٰ کے حکم ’’وَلَقَدۡ یَسَّرۡنَا الۡقُرۡاٰنَ لِلذِّکۡرِ فَہَلۡ مِنۡ مُّدَّکِرٍ‘‘ (اور یقیناً ہم نے قرآن کو یاد کرنے کی خاطر آسان بنادیا۔ پس کوئی ہے یاد کرنے والا؟ )(سورۃالقمر:18)کی تعمیل میں مجلس انصاراللہ برطانیہ کے سالانہ پروگرام کے مطابق طاہر ریجن کے انصار اللہ کو امسال حفظ قرآن کے مقابلہ میں شمولیت کے لیے سال کے شروع میں ہی تیاری کے لیے درخواست کی گئی اور یہ سلسلہ باقاعدگی کے ساتھ جاری رہا۔
تمام زعمائے کرام اور منتظمین تعلیم سے تسلسل کے ساتھ رابطہ رکھا گیا اور ہر ہفتہ قرآن کلاس کے موقع پر اور سوشل میڈیا کی سہولت استعمال کرتے ہوئے انصار بھائیوں کو اس پروگرام میں شامل ہونے کی باقاعدگی سے تحریک کی جاتی رہی۔ الحمدللہ
17؍اپریل 2022ء کومجلس انصاراللہ طاہر ریجن کا مقابلہ حفظ قرآن محمود ہال، مسجد فضل لندن میں منعقد ہوا۔ یاد رہے کہ Covid-19 کے بعد یہ پہلاface to face پروگرام تھا جو شعبہ تعلیم طاہر ریجن کے تحت کیا گیا۔ الحمدللہ
محمود ہال میں حفظ قرآن میں شامل ہونے والے انصار بھائیوں کے لیے باقاعدہ ایک رجسٹریشن ڈیسک بنایا گیا تھا۔ 39 انصار بھائیوں نے رجسٹریشن کروائی، اس کے علاوہ 6 انصار بھائیوں نے آن لائن حصہ لیا۔
انصار کی سہولت کے لیے رجسٹریشن ڈیسک کے علاوہ تین دیگر ڈیسک بنائے گئے جو محمود ہال میں مناسب فاصلہ پر قائم کیے گئے۔ ان تینوں ڈیسک پر ایک ایک منصف نے انصار سے قرآن کریم سنا۔
ریجن کی مجالس میں چند احباب بیمار اور صاحب ِفراش ہیں ان کی سہولت کے لیے زعمائےکرام کو باقاعدہ آگاہ کیا گیاتھا کہ اگرکوئی ایسے دوست جواپنی معذوری کی وجہ سے بنفس نفیس تشریف نہیں لاسکتے تو انہیں آن لائن اس پروگرام میں شمولیت کی سہولت ہوگی۔ چنانچہ 6ایسے انصار بھائیوں کو آن لائن اپنا کیمرہ آن کرکے شمولیت کی اجازت دی گئی۔ الحمدللہ یہ تجربہ بھی بہت اچھا رہا۔
حفظ قرآن کے پروگرام کا آغاز گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ مکرم غلام رسول صاحب ناظم تعلیم القرآن طاہر ریجن نے سورۃ الصف کی آیت يَآ اَيُّـهَا الَّـذِيْنَ اٰمَنُـوْا كُـوْنُـوٓا اَنْصَارَ اللّٰهِ…. کی تلاو ت نہایت خوش الحانی سے کی اور انگریزی و اردو میں ترجمہ پیش کیا۔
تلاوت قرآن کے بعد مکرم آصف احمد صاحب ناظم اعلیٰ طاہر ریجن کی اقتدامیں عہددہرایاگیا۔ بعدازاں مکرم توقیر احمد صاحب مربی سلسلہ نے قرآن کریم کی تلاوت اور اسے یاد کرنے کی برکات و فیوض کے بارہ میں انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں مختصر خطاب کی۔
خاکسار(ناظم تعلیم طاہر ریجن) نے تمام انصار بھائیوں کا شکریہ ادا کیا اور منصفین کرام کے مختصر تعارف کے علاوہ بعض اعلانات کیے۔ مکرم ناظم اعلیٰ صاحب نےدعا کروائی اوردعا کے بعد حفظ قرآن کے ٹیسٹ کا آغاز کردیاگیا۔
مقابلہ حفظ قرآن کا نصاب قرآن کریم کی وہ سورتیں اور آیات تھیں جو حضرت امیرالمومنین ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز اپنی نمازوں میں بالعموم تلاوت فرماتے ہیں۔ اس لحاظ سے اس میں نسبتاً شوق سے انصار نے شمولیت اختیار کی۔ تین ڈیسک بنائے گئے تھے۔ ہرایک ڈیسک پرایک منصف صاحب تشریف فرما تھے۔ انصار باری باری ڈیسک پر جاکر امتحان دیتے رہے۔ منصفین کرام نے بڑی توجہ اور پیار سے انصار بھائیوں سے زبانی آیات اور سورتیں سنیں۔ فجزاہم اللہ احسن الجزاء
درج ذیل تین منصفین کرام نے اپنی خدمات پیش کیں: مکرم توقیر احمد صاحب مربی سلسلہ، مکرم محمود اللہ خان صاحب (ریجن کی قرآن کلاس لیتے ہیں) اور مکرم غلام رسول صاحب ناظم تعلیم القرآن طاہر ریجن۔
اللہ تعالیٰ کے فضل سے 24 انصار بھائی کامیاب قرار پائے۔ ان کے اسماء درج ذیل ہیں:محمود اللہ خان صاحب، ناصر احمد صاحب، غلام رسول صاحب، محمد رفیق بھٹی صاحب، حکیم مینسا صاحب، صلاح الدین صاحب، عبد الوحید صاحب، وحید احمد صاحب، منصور ابرار صاحب، زاہد شفیق صاحب، نعیم احمد صاحب، منیر احمد نصر صاحب، سردار نصیر احمد صاحب، سید ناصر شفیق صاحب، احمد یانفل صاحب، مامور احمد خان صاحب، مسعود مبشر صاحب، وسیم احمد شاہد صاحب، طاہر محمود صاحب، احمد علی خان صاحب، عبد الرحمان صاحب، نصیر الحق صاحب، عبد القدوس قمر جاوید صاحب اور احسن قمر صاحب۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ان برکات اور نعمتوں کا مستحق ٹھہرائے جو ان بابرکت پروگرامزکے مقاصد میں شامل ہیں نیزہمیں اپنی رضاکی راہوں پرہمیشہ سرگرداں رہنے کی توفیق دیتا چلاجائے ،ان راہوں پر جو حسنات دارین کا باعث ہوں۔ آمین
(رپورٹ: وحید احمد۔ ناظم تعلیم مجلس انصاراللہ طاہر ریجن)