نمازِجنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 12؍مئی 2022ء بروز جمعرات 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ عابدہ چودھری صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد کاہلوں صاحب مرحوم(یوکے) اور عزیزم تابان احمد منہاس ابن مکرم زاہد منہاس صاحب (مچم۔یوکے)کی نماز جنازہ حاضر اور07مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
-1مکرمہ عابدہ چودھری صاحبہ اہلیہ مکرم منصور احمد کاہلوں صاحب مرحوم(یوکے)
9مئی2022ء کو 83سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کا تعلق حیدر آباد سندھ سے تھا۔ 1970میں شادی ہو کر یوکے آئیں۔ مرحومہ پرہیزگار، متقی اور خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار، پنجگانہ نمازوں کی پابند،تہجد گزار، چندوں میں باقاعدہ اور ایک غریب پرور نیک خاتون تھیں۔ لجنہ اماء اللہ حلقہ پٹنی میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ مکرم چودھری ناز احمد ناصر صاحب(واقف زندگی وکالت تبشیر یوکے) کی نسبتی ہمشیرہ تھیں۔
-2عزیزم تابان احمد منہاس ابن مکرم زاہد منہاس صاحب (مچم۔یوکے)
گزشتہ دنوں 2 سال 3ماہ کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گیا۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ عزیز تحریک وقف نو میں شامل تھا۔
نماز جنازہ غائب
-1مکر مہ امۃ المتین صاحبہ بنت مکرم چودھری شریف احمد صاحب (کھاریاں۔ پاکستان)
15 ؍دسمبر 2021ء کو 56 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے پڑدادا حضرت غلام محمد صاحب ؓ،پڑنانا حضرت چودھری حسن محمد صاحبؓ، دادا حضرت چودھری محمد خان صاحبؓ اور نانا حضرت چودھری غلام محی الدین صاحبؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ میں سے تھے۔ آپ نے مقامی سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔آپ بہت خوبیوں کی مالک، سادہ مزاج، ملنسار، مہمان نواز، سلیقہ شعار، صفائی پسند اور دوسروں کا احساس کرنے والی ایک نیک اور نافع الناس وجود تھیں۔خلافت کا بے حد احترام کرتی تھیں اور باقاعدگی سے خطبات سنتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔آپ مکرم چودھری لئیق احمد ناصر صاحب (وکیل الدیوان ربوہ) کی ہمشیرہ تھیں۔
-2مکر مہ بشریٰ رزاق صاحبہ اہلیہ مکرم ملک رزاق احمد صاحب(ربوہ)
9 ؍ اپریل 2022ء کو 59 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم مرزا محمد طفیل صاحب نے خلافت ثالثہ کے دور میں بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم نے تکلیف دہ بیماری کا بڑے صبر وہمت سے مقابلہ کیا۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار،باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، مہمان نواز، چندوں میں باقاعدہ،ایک نیک، مخلص اور ہمدرد خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم فراز احمد ملک صاحب (مربی سلسلہ۔نظارت اصلاح وارشاد مرکزیہ) کی والدہ تھیں۔
-3مکر م مرزا عبد الغفور صاحب ابن مکرم مولا بخش صاحب (فرینکفرٹ۔جرمنی)
17 ؍ مارچ 2022ء کو 93 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ خدمت خلق، ایمانداری، دین سے محبت آپ کے نمایاں اوصاف تھے۔ احمد نگر میں آپ کی ورکشاپ تھی جہاں آپ تبلیغ کرتے تھے اور ورکشاپ کا ایک حصہ نماز کے لیے مخصوص کیا ہواتھا۔ خراد کے کام کے ماہر تھے اور ڈگری کالج ربوہ میں آپ یہ کام سکھاتے بھی رہے۔ آپ کو سیلاب کے دوران احمد نگر اور ربوہ کے احمدیوں کی جانیں بچانے کی بھی توفیق ملی۔ جرمنی آنے پر شعبہ سمعی بصری سے منسلک ہوگئے اور چار سال تک وہاں خدمت کی توفیق پائی۔ مسجد نور فرینکفرٹ میں لمبا عرصہ خادم مسجد کے طورپر بھی خدمت بجالاتے رہے۔ خلافت اور خاندان حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے گہرا عقیدت کا تعلق تھا۔سلسلہ کے بزرگان اور مربیان کا بہت احترام کرتے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور پانچ بیٹیاں اور متعدد نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
-4مبارکہ بیگم صاحبہ اہلیہ محمود احمدطاہر صاحب (ڈسکہ۔پاکستان)
20مارچ2022ء کوبقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ چودھری نواب دین صاحب مرحوم کی پوتی تھیں جو تحریک جدید کے پانچ ہزاری مجاہدین میں شامل تھے۔مرحومہ شعبہ تدریس سے وابستہ رہیں۔ مرحومہ نے ڈسکہ کلاں میں لجنہ کے مختلف عہدوں پر نہایت لگن اوراخلاص سے خدمات سرانجام دیں۔ انتہائی مخلص فدائی احمدی تھیں اوربڑی خوبیوں کی حامل تھیں۔جماعتی کاموں کوپوری دلجمعی سے انجام دیا کرتی تھیں۔ صدقات وخیرات اور دیگر کارہائے خیر میں بڑے ذوق وشوق سے حصہ لیاکرتی تھیں۔ پنجوقتہ نمازوں کے علاوہ تہجد کا بھی باقاعدہ التزام کیاکرتی تھیں۔تلاوت قرآن کریم اور سلسلہ کی کتب کے مطالعہ کا بڑا شوق رکھتی تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ تین بیٹے اورایک بیٹی شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم عمرمحمود صاحب مربی سلسلہ آجکل جامعہ احمدیہ ربوہ میں استاد کے طورپر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-5مکرمہ رضیہ ناصر صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد صاحب (کینیڈا)
21 ؍ اپریل 2022ء کو 82سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت محمد خان صاحبؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی پوتی تھیں جنہیں حضرت صاحبزادہ عبداللطیف صاحب شہید ؓ کے ہمراہ دستی بیعت کرنے کی سعادت نصیب ہوئی تھی۔ آپ کا خاندان خوست افغانستان سے ہجرت کرکے مردان میں آباد ہوا۔ مرحومہ مالی قربانی میں پیش پیش رہتی تھیں۔ افریقہ اور تھرپارکر سندھ میں اپنے خرچ پر 5کنویں لگوانے کی توفیق پائی۔ 30سال مردان میں اور 17 سال آٹوا کینیڈا میں بطور سیکرٹری مال لجنہ خدمت بجالاتی رہیں۔ مرحومہ کو قرآن کریم سے عشق تھا اور نصف سے زیادہ قرآن کریم حفظ تھا۔ہر بچے کی پیدائش اور ہر بچی کی شادی پر قرآن کریم تحفۃً پیش کرتی تھیں۔ پنجگانہ نمازوں اور تہجد کا باقاعدہ التزام کرتی تھیں۔ بہت نیک صالح، غریب پرور اور ملنسار خاتون تھیں۔اپنے بچوں کی بہت اچھی تربیت کی۔سب بچے اللہ کے فضل سے جماعت اور خلافت کے ساتھ اخلاص ووفا کا تعلق رکھنے والے ہیں۔ مرحومہ 3/1 حصہ کی موصیہ تھیں۔
-6مکر مہ مبارکہ انور صاحبہ اہلیہ مکرم محمدانور خان صاحب (کیلگری۔کینیڈا)
21 ؍ مئی 2020ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم ڈاکٹر محمد یعقوب خان صاحب معالج حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کی بہو تھیں۔مرحومہ کو دس سال تک لاہور میں صدر لجنہ حلقہ شادمان اور کینیڈا میں بطور نگران حلقہ نارتھ ویسٹ کیلگری خدمت کی توفیق ملی۔مرحومہ مہمان نواز، ملنسار، اپنوں اور غیروں کی ہمدرد،ایک نیک،صالح اور مخلص خاتون تھیں۔
-7مکرمہ صدیقہ جمیل صاحبہ اہلیہ مکرم شیخ جمیل احمد رشید صاحب (کینیڈا۔حال لاہور)
22؍ اپریل 2021ء کو83 سال کی عمر میں لاہور میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت شیخ یعقوب علی صاحب عرفانی ؓ کے خاندان سے تھیں۔ آپ کینیڈا میں لوکل جماعت کی فعال رکن تھیں۔ مرحومہ بہت ملنسار، مہمان نواز، اپنوں اور غیروں سے ہمدردی کاسلوک کرنے والی،ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹے اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭
مکرم منیر احمد صاحب جاوید پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 14؍مئی 2022ء بروز ہفتہ 12بجے دوپہر اسلام آباد(ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرمہ رضیہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مرحوم (لا ٹھیاں والا فیصل آباد۔ حال وانڈز ورتھ ٹاؤن۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور 03مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔
نماز جنازہ حاضر
مکرمہ رضیہ بی بی صاحبہ اہلیہ مکرم ناصر احمد ناصر صاحب مرحوم (لا ٹھیاں والا فیصل آباد۔حال وانڈز ورتھ ٹاؤن۔یوکے)
8 ؍مئی 2022ء کو 67سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحومہ پنجگانہ نمازوں کی پابند، تہجد گزار اور باقاعدگی سے تلاوت قرآن کریم کرنے والی ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ پاکستان میں جماعتی مہمانوں کی خدمت اور تواضع بڑے شوق سے کرتی تھیں۔ مرحومہ بڑی نڈر داعی الی اللہ تھیں۔ آپ کے مرحوم شوہر کو مخالفت کی وجہ سے مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
نماز جنازہ غائب
1۔مکرم عبدالقیوم صاحب ابن مکرم عبد الرشید مرحوم (حیدر آباد)
23 ؍اپریل 2022ءکو66سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ کے والد کے نانا حضرت مولا بخش صاحبؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔ مرحوم نے ٹنڈو الہ یار میں جماعت کے باقاعدہ قیام اور اُس کی ترقی میں ایک بنیادی کردار ادا کیا۔ جماعتی مرکز کی تعمیر سے قبل اکثر جماعتی پروگراموں کا انعقاد آپ کے گھر پر ہی ہوا کرتا تھا اور مرکزی مہمانان بھی اکثر ادھر ہی آیا کرتے تھے۔ آپ نے ٹنڈو الہ یار میں قائد مجلس، صدر جماعت اور زعیم انصار اللہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔قرآن کریم کی تلاوت بہت شوق سے کیا کرتے تھے اور اپنے تمام بچوں کو اِس کی بار بار نصیحت بھی کرتے تھے۔مرحوم بہت مخلص، شفیق اور ہمدرد انسان تھے۔ خلافت اور نظام جماعت کے لیے بہت غیرت اور محبت کے جذبات رکھتے تھے۔ مرحوم کو کبھی کسی غیر احمدی اہل محلہ سے ناراضگی یا غصہ سے بات کرتے نہیں دیکھا گیا بلکہ جن لوگوں کے بچے احمدی گھروں پر پتھر مارتے تھے اُن کے والدین کی مشکل وقت میں مدد اور راہنمائی بھی کرتے رہے جس کا شریف النفس لوگوں پر بڑا اثرتھا۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور ایک بیٹی شامل ہیں۔آپ مکرم کوثر جمیل صاحب مربی سلسلہ(نیامے نائیجر) کے چچا اور سسر تھے۔
-2مکر م عبد الرشید ارشد صاحب (ربوہ)
15 ؍دسمبر 2021ء کو 78 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نے دفتر وصیت صدر انجمن احمدیہ ربوہ میں تقریباً 18 سال خدمت کرنے کے علاوہ اپنے محلہ دارالعلوم شرقی حلقہ نور میں صدر محلہ کے علاوہ سیکرٹری مال، سیکرٹری تحریک جدید اور سیکرٹری رشتہ ناطہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ بہت دعا گو، متوکل علی اللہ ،بلند ہمت، کم گو،سادہ مزاج،عاجز اور خلافت کے شیدائی ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگا ن میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے اور چاربیٹیاں شامل ہیں۔
-3مکرم چودھری ناصر احمد صاحب ابن مکرم محمد حسین صاحب (کینیڈا)
16 مارچ 2022ء کو 78؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کا تعلق دھیرکے کلاں ضلع گجرات سے تھا۔ آپ کے داداحضرت چودھری علی محمد صاحبؓ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی تھے۔آپ ایک مخلص احمدی ہونے کے ساتھ اعلیٰ اخلاق کے مالک، انتہائی شریف النفس انسان تھے۔ چندوں میں ہمیشہ باقاعدہ رہے۔ جماعتی اور تنظیمی سطح پر مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ لمبا عرصہ قائد مجلس خدام الاحمدیہ اور جماعتی آڈیٹر رہے۔ آپ پاکستان میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی پوسٹ سے ریٹائر ہوئے۔ اپنے اور غیر دونوں آپ کی ایمانداری کی گواہی دیتے تھے۔اپنی بیماری کے ایام انتہائی صبر اور دعاؤں کے ساتھ گزارے۔ جماعتی عہدیداران، مربیان اور واقفین زندگی اور بزرگان کا بہت احترام کرتےتھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے شامل ہیں۔آپ کے ایک بیٹے مکرم ڈاکٹر فاتح الدین احمد صاحب واقف زندگی ہیں اور آجکل احمدیہ مسلم ہسپتال کینما (سیرالیون) میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭