جماعت احمدیہ لٹویا کی طرف سے دوکیئرسینٹرز کی امداد
اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جماعت احمدیہ لٹویا بھی دوسرے ممالک کی جماعت ہائے احمدیہ کی طرح ضرورت مند اور دُکھی انسانیّت کی خدمت کی توفیق پارہی ہے۔ گذشتہ ماہ لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) سے تقریباً 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع Sigulda شہر کےایک Care Center میں جماعت کو بوڑھے افراد کے لیے ٹریک سوٹ اور جوتے (چپلیں) بطور عطیہ دینے کی توفیق ملی۔
جب ہم وہاں امدادی سامان لے کر پہنچے تو ادارے کی ڈائریکٹر صاحبہ نے باہر آکر اپنے عملہ کے ساتھ ہمارا استقبال کیا اور سامان وصول کرتے ہوئے بڑی خوشی ومسرّت کا اظہار کیا۔ جماعت کا شکریہ ادا کیا اورجماعت احمدیہ کے بارہ میں تعارف حاصل کیا۔ اُن کو جماعت احمدیہ کی عالمگیر خدمت انسانیت کے بارہ میں تفصیلاً بتایا گیا۔ خاص طور پر افریقہ میں کیے جانے والے بہت سے رفاہی منصوبوں کے بارہ میں آگاہ کیا گیا۔
چند دن بعد اس ادارے کی ڈائریکٹر نے جماعت کا بذریعہ ای میل ایک مرتبہ پھر شکریہ ادا کیا۔
اس کے بعد Sigulda شہر سے ہم اپنی اگلی منزل Madona county کی طرف روانہ ہوئے۔ یہ لٹویا کے دارالحکومت ریگا (Riga) سے 160 کلومیٹرکے فاصلہ پر واقع ہے۔ یہاں “Kastanas” نامی سوشل کیئر سینٹرقائم ہے۔ گاڑی پر تقریبا ًدو گھنٹے کا فاصلہ طے کرکے ہم وہاں پہنچے تو اس ادارے کی ڈائریکٹر Evita Vaskaصاحبہ نےاپنے کارکنان کے ساتھ ہماری ٹیم کا استقبال کیا اور ہمارے ساتھ مل کرامدادی سامان گاڑی سے اتارا۔ انہوں نے وہاں چائے وغیرہ کا انتظام بھی کیا ہوا تھا۔ چائے کے دوران اُنہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور جماعت احمدیہ عالمگیر کی طرف سے دنیا کے مختلف ممالک میں کیے جانے والے رفاہی اور خدمت انسانیّت کے کاموں سے آگاہ کیا گیا جس پر انہوں نے بڑی حیرت اور خوشی کا اظہار کیا۔ اس ادارے کو جماعت کی طرف سے ٹریک سوٹ، ٹراؤزرز، سلیپرز، کھانا کھانے والی چھوٹی اور بڑی پلیٹیں، ٹیبل سپونز اور چائے بنانے والی الیکٹرک کیٹلز بطور عطیہ دی گئیں۔
محترمہ Evita Vaskaصاحبہ نے جماعت احمدیہ مسلمہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور جماعت کی خدمات کو سراہا۔
اس تقریب کے آخر پرمحترمہ Evita Vaskaصاحبہ کو اسلام احمدیّت کے تعارف پر مشتمل لٹوین زبان کا کچھ لٹریچر بھی پیش کیا گیا جسے انہوں نے بڑی خوشی سے قبول کیا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں اپنے محبوب امام حضرت امیرالمومنین ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی ہدایات وراہنمائی کی روشنی میں صبح وشام اشاعت اسلام احمدیّت کی توفیق عطا فرمائے اور دُکھی انسانیّت کے درد کی دوا بننے کی توفیق دے۔ آمین
(رپورٹ: بشارت احمد شاہدؔ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)