مسجد کا سنگ بنیاد بسلسلہ صد سالہ جوبلی لجنہ اماءاللہ، آئیوری کوسٹ
حضرت مصلح موعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے 25؍دسمبر 1922ء کو لجنہ اماء اللہ کی بنیاد رکھی جس کا بنیادی مقصد احمدی بچیوں اور عورتوں کی روحانی و جسمانی تعلیم، تربیت وتنظیم کر کے انہیں معاشرہ کا ایک مفید وجود بنانا تھا۔ الحمد للہ یہ تنظیم ترقیات کے مراحل طے کرتے کرتے ایک تناور درخت بن چکی ہے۔ لجنہ اماء اللہ کی تنظیم کے آغاز کو امسال بفضل تعالیٰ سو (100) سال پورے ہونے جارہے ہیں جس کے تحت کئی ممالک میں لجنہ اماء اللہ کی صد سالہ جوبلی کے تشکر کے طور پر صد سالہ جوبلی پروگرامز مرتب کیے گئے اور ان پر عملدآمد جاری ہے۔
لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کو بھی صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ نیز ان کی نیشنل عاملہ کی زیر قیادت بفضل تعالیٰ امسال صد سالہ جوبلی پروگرام مرتب کر کے ان پر عملدرآمد کروانے کی سعادت نصیب ہو رہی ہے۔ اِن پروگراموںمیں تربیت کے مراحل مثلاً مختص کتب حضرت مسیح موعودؑ کا مطالعہ، ملک بھر میں شجر کاری مہم کے تحت پھلدار درخت لگانے کی تحریک، قرآن کریم ناظرہ و باترجمہ سیکھنے کی طرف خاص توجہ نیز سالانہ علمی و ورزشی اجتماع کے انعقاد کروانے کی توفیق مل رہی ہے۔ لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ نے صد سالہ جوبلی کے پروگرام میں اظہار تشکر کے لیے ایک خوبصورت مسجد تعمیر کروانے کی تحریک بھی کی جس کے لیے چندہ جمع کرنے کا آغاز گزشتہ سال ہی کر دیا گیا تھا۔ آئیوری کوسٹ کے تمام ریجنز کی لجنہ اماء اللہ نے اس کار خیر میں حصہ لیا۔ چندہ کی وصولی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ تاہم ماہ مئی تک اس کار خیر میں ایک اچھی رقم جمع ہونے کے بعد مرکزکی منظوری سے لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ کو ملک کے تجارتی صدرمقام آبی جان (Abidjan) میں واقع جماعتی جگہ مہدی آباد (Mediabad) میں 360مربع میٹر پر محیط دومنزلہ مسجد کی تعمیر کے آغاز کے طور پر مورخہ 21؍مئی 2022ءبروز ہفتہ مسجد کے سنگ بنیاد کا پروگرام منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس بابرکت تقریب کے مہمان خصوصی امیر و مشنری انچارج آئیوری کوسٹ مکرم عبدالقیوم پاشا صاحب تھے۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد اس بابرکت تقریب سنگ بنیاد میں پہلی اینٹ مکرم امیر صاحب نے رکھی جبکہ ان کے بعد صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ نے اینٹ رکھنے کی سعادت پائی۔ اس کے بعد نیشنل عاملہ لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ، ریجنل مبلغین کرام، بیگمات مبلغین کرام اور تمام ریجن کے ایک ایک منتخب نمائندہ نے اس سعادت سے حصہ پایا نیز ساتھ ہی ساتھ شاملین میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی۔ آخرپرمکرم امیر صاحب نے دعا کروائی جس کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ لجنہ اماء اللہ آئیوری کوسٹ کو احسن رنگ میں مسجد کی تعمیر کی توفیق عطا فرمائے اور اس مسجد کو ہمیشہ نمازیوں سےآباد رکھے نیز لجنہ اماءاللہ آئیوری کوسٹ کے بقیہ پروگرامز برائے تشکر صد سالہ جوبلی میں بھی برکت ڈالے اور جن مقاصد کے لیے حضرت خلیفۃ المسیح الثانیؓ نے مجلس کا آغاز فرمایا تھا اس ہر ایک مقصد کی احسن رنگ میں تکمیل کی توفیق عطا کرے۔ آمین
(رپورٹ: عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)