تنزانیہ کے شیانگا ریجن میں تین مشن ہاؤسز کا افتتاح
محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے تنزانیہ کے شمال میں واقع لیک زون کے ایک ریجن ’’شیانگا‘‘ میں تین نئے مشن ہاؤسزکی تعمیر عمل میں آئی۔ الحمدللہ علی ذلک۔
افتتاح مشن ہاؤس Mwamala جماعت
Mwamala جماعت کا آغاز تقریباً دس برس قبل ہوا لیکن مسجد کی تعمیر تقریباً چھ برس قبل ہوئی۔ کافی عرصہ سے معلم سلسلہ کرایہ کے مکان میں قیام پذیر تھے، جو مسجد سے کافی دور تھا۔ اس سال جماعت کو مسجد کے احاطہ میں مشن ہاؤس کی تعمیر کا موقع ملا، الحمدللہ۔ اس مشن ہاؤس کی تعمیر سے مقامی جماعت اور اس سے ملحقہ نواحی علاقہ جات میں روز مرہ تبلیغ و تربیتی امور میں آسانی متوقع ہے۔ ان شاء اللہ۔
مورخہ 26؍جون کو محترم طاہر محمود چوہدری صاحب امیر و مبلغ انچارج تنزانیہ نے ’’موامالا‘‘ جماعت کے مشن ہاؤس کا افتتاح دعا سے کیا۔ جس کے بعد باقاعدہ تقریب کا آغاز ہوا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی سرکاری اور دیگر مذاہب کے نمائندگان نے شرکت کی اوراظہار تشکر بھی کیا۔ مکرم امیر صاحب تنزانیہ نے خطاب میں مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور جماعت کا تعارف کروایا اور افراد جماعت کو تربیتی امور پر نصائح کیں۔ کل 225 افراد اس تقریب میں شامل ہوئے۔
Shabuluba جماعت میں مشن ہاؤس کا افتتاح
مورخہ 26 جون کو ہی ’’شابولوبا‘‘ Shabuluba جماعت کے مشن ہاؤس کا افتتاح ہوا۔ شابولوبا جماعت کا آغاز بھی تقریباً دس برس قبل ہوا۔ اس جماعت میں ابتداءً ایک پرانا تعمیر شدہ گھر مشن ہاؤس کے لیے خریدا گیا تھا، جس کی حالت خستہ تھی۔ اوربرسات کے موسم میں کافی مشکلات کا سامنا ہوتا۔ الحمدللہ اس جماعت میں نیا مشن ہاؤس تعمیر ہوا۔ مکرم امیر صاحب نے دعا سے اس کا افتتاح کیا۔ تقریب میں مقامی سرکاری عہدیداران اور نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ اس طرح افتتاحی تقریب کی حاضری192 رہی۔
Nhumbili جماعت میں مشن ہاؤس کا افتتاح
’’نہومبیلی‘‘ Nhumbili شیانگا ریجن کے شیانگا ضلع میں واقع ایک مضبوط اور مخلص جماعت ہے۔ یہاں 2015ء میں مسجد کا قیام عمل میں آیا۔ ابتداءً یہاں معلم سلسلہ کے لیے کرایہ پر گھر کا انتظام کیا گیا۔ اس سال اس جماعت میں مشن ہاؤس کی تعمیر عمل میں آئی اور مورخہ 26 جون کو محترم امیر صاحب تنزانیہ نے اس کا باقاعدہ دعا سے افتتاح کیا۔ 352 افراد نے اس پروگرام میں شرکت کی۔
اس جماعت سے 50 کلومیٹر دور ’’بوکینے‘‘ جماعت واقع ہے۔ وہاں گزشتہ برس مشن ہاؤس تعمیر ہوا تھا لیکن بوجوہ باقاعدہ افتتاح عمل میں نہ آسکا۔ اس دورہ کے دوران محترم امیر صاحب تنزانیہ نے بوکینے جماعت کے مشن ہاؤس کی افتتاحی تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا کروائی۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان تمام مقامات پر تعمیر ہونے والے ان مشن ہاؤسز کو اسلام احمدیت کی ترقی کا ذریعہ بنائے اور امن و محبت کا پیغام ان مقامات میں عام ہو اور افراد جماعت خلافت حقہ اسلامیہ سے قرب کے تعلق میں ترقی پاویں۔ آمین