دورۂ امریکہ کا تیسرا روز، بدھ 28؍ستمبر2022ء
حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا تاریخی دورۂ امریکہ 2022ء
تیسرا روز، بدھ 28؍ستمبر 2022ء
حضورِ انور کے ساتھ فیملی اور گروپ ملاقاتیں اور مسجد کے صحن میں پودا لگانا
آج حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا امریکہ کے شہر زائن میں تیسرا دن تھا۔ حضورِ انور نے مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بج کر پچپن منٹ پر مسجد فتح عظیم میں تشریف لا کر نمازِ فجر پڑھائی جس میں کثیر تعداد میں احباب نے شرکت کرتے ہوئے اپنے محبوب آقا کی اقتدا میں نماز فجر ادا کرنے کی توفیق پائی۔
صبح سوا گیارہ بجے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دفتر میں تشریف لانے کے بعد ملاقاتوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ ملاقات کی سعادت پانے کے لیے کئی کئی گھنٹوں کی مسافت طے کر کے آئے ہوئے محباّنِ خلافت نے اپنے آقا سے ملاقات کرنے کا شرف حاصل کیا۔ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ملاقات میں آنے والے بچوں کو از راہ شفقت چاکلیٹس عنایت فرمائے جس سے بچوں کی خوشی کے جذبات عیاں تھے۔ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ نمازِ ظہر و عصر تک جاری رہا جو کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مقامی وقت کے مطابق قریباً پونے دو بجے پڑھائیں۔ آج فیملی ملاقاتوں کے دوران کل 42فیملیز کے 186افراد کو شرفِ زیارت نصیب ہوا۔ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ان مخلصین میں سے بعض 2100 میل کی مسافت طے کر کے محض اپنے پیارے امام کے دیدار کے لیے حاضر ہوئے تھے۔
حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نمازوں کی ادائیگی کے بعد ایک بج کر چھپن منٹ پر مسجد فتح عظیم کے صحن میں تشریف لے گئے جہاں پر سینکڑوں کی تعداد میں لوگ اپنے آقا کا بے چینی سے انتظار کر رہے تھے۔ قطعہ مخصوصہ پر پہنچنے کے بعد حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے وہاں اپنے بابرکت ہاتھوں سے ایک پودا لگایا اور اس کے بعد آپ احباب کے پرجوش نعروں اور السلام علیکم کا جواب دیتے ہوئے ان کے قریب سے گزر کر اپنی رہائش گاہ پر تشریف لے گئے۔
شام چھ بجے احبابِ جماعت نے حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اجتماعی ملاقاتوں کا شرف حاصل کیا۔ وقت کی قلت اور موصول ہونے والی لا تعداد درخواستوں کو مدّ نظر رکھتے ہوئے انتظامیہ کو ملاقاتوں کا التزام اجتماعی طور پر کرنا پڑا تا کہ زیادہ سے زیادہ احباب حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مبارک صحبت سے استفادہ کر سکیں۔ اجتماعی ملاقاتوں کےدوران مخلصین نے اپنے اپنے انداز میں پیارے آقا سے اظہار محبت و فدائیت کا نظارہ کیا اور بعض نے اپنے مسائل کے دور ہونے کے لیے پیارے حضور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت میں درخواستِ دعا کی۔ ملاقات کا سلسلہ شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہا۔ مجموعی طور پر آج ملاقاتوں میں 27 جماعتوں سے تعلق رکھنے والے کل 313 خوش نصیب حضرات کو شرفِ ملاقات نصیب ہوا۔بعد ازاں پیا رے حضور نے مسجد میں تشریف لا کر نماز مغرب و عشاء پڑھائیں۔ مسجد بشمول تمام ہال و کمرہ جات نماز سے پہلے ہی بھر چکی تھی جس کی وجہ سے باقی زائد احباب و خواتین نے مسجد کے باہر نصب کی گئی اوورفلو مارکیوں میں نمازیں ادا کیں۔
احبابِ کرام حضور پُر نور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و سلامتی کے لیے دعا گو رہیں۔ اللہ تعالیٰ ہر آن ہمارے پیارے امام ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا حامی و ناصر رہے۔ آمین
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ
وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا
(رپورٹ: سید شمشاد احمد ناصر، مطیع اللہ جوئیہ)