گوہاٹی شہر، بھارت میں پیس سمپوزیم کا شاندار انعقاد
مورخہ 27؍اگست 2022ء کو بھارت کے صوبہ آسام کی دارالحکومت گوہاٹی ؔمیں جماعت احمدیہ کی طرف سے پیس سمپوزیم کاشاندار انعقاد کیا گیا۔ یہ پیس سمپوزیم ’’لیلی ہوٹل‘‘ کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی۔ امسال کی پیس سمپوزیم کا عنوان Fundamentals of Establishing Lasting Peace یعنی پائیدار قیامِ امن کےلیے بنیادی اصول مقرر کیا گیا۔ اس پیس سمپوزیم میں مختلف مکاتب ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے 130سے زائد معززین نے شرکت کی جن میں سیاسی و سرکاری عہدیداران، تعلیمی ادارہ جات کے پروفیسر صاحبان و طلباء، مختلف مذاہب کے لیڈران اور مختلف رفاہی و فلاحی تنظیموں کے ساتھ جڑے ہوئے احباب شامل تھے۔
اس پیس سمپوزیم کی صدارت مرکزی نمائندہ مکرم شیخ مجاہد احمد صاحب مینجر اخبار بدر قادیان نے کی۔ تلاوت قرآن مجید کے بعد مبلغ سلسلہ صاحب جماعت احمدیہ گوہاٹی نے مہمانان کرام کا استقبال کرتے ہوئے جماعت احمدیہ کا تعارف کرایا جس میں اسلام اور احمدیت کی امن بخش تعلیمات اور حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام کی آمد کا مقصد اور آپ علیہ السلام کے مشن کے متعلق حاضرین کو آگاہ کیا۔ اسی طرح پیس سمپوزیم کا تعارف کراتے ہوئے ایسے پروگرام کے انعقاد کا مقصد بھی بیان کیا۔
اس پیس سمپوزیم میں سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قیام امن کے لیے کاوشوں اور قیام امن عالم کے لیے زریں اصول کے حوالہ سے ارشادات پر مشتمل ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ اس ڈاکومنٹری میں جماعت احمدیہ کی طرف سے کیے جانے والے خدمت خلق کے کاموں کو بھی پیش کیا گیا۔ یہ ڈاکومنٹری حاضرین کی توجہ کا مرکز بنی رہی اور حاضرین نے دلچسپی کے ساتھ اس ڈاکومنٹری کا مشاہدہ کیا۔
اس پیس سمپوزیم میں جماعت احمدیہ کے مقرر نےدنیا کی موجودہ حالت کا نقشہ کھینچتے ہوئے امن عالم کے قیام کی ضرورت اور اس حوالہ سےحضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں حاضرین سے خطاب کیا۔
اس پیس سمپوزیم پر تشریف لانے والے مختلف معزز مہمانان کو بھی مقررہ موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا موقع دیا گیا۔ چنانچہ انہوں نے اپنے نیک خیالات کا اظہار کرتے ہوئےجماعت کی قیام امن کاوشوں کو سراہا اور اپنے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
صدارتی خطاب اور اجتماعی دعا سے یہ پروگرام اختتام پذیر ہواجس کے بعد مہمانان کے لیے ضیافت کا انتظام کیاگیا۔
اس موقع پر ہال کی ایک جانب جماعتی بُک سٹال بھی لگایا گیا جس سے شاملین نے بھرپور استفادہ کیا۔ معزز مہمانان کرام کو جماعتی لٹریچر تحفۃً پیش کیے گئے۔
پیس سمپوزیم کی خبریں 11مختلف اخبارات، تین ٹی وی چینلز اور ایک ریڈیو چینل میں نشر ہوئیں۔
اللہ تعالیٰ اس پیس سمپوزیم کے نیک و دور رس نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین
(رپورٹ: شعبہ پریس اینڈ میڈیا۔ بھارت)