کونگو برازاویل کی جماعت پی کے 45 میں مسجد کا سنگ بنیاد
مکرم سلیمان وونگا صاحب معلم سلسلہ لکھتے ہیں کہ مورخہ 20؍نومبر 2022ء کو ہمیں اپنی ایک جماعت پی کے 45 میں نئی مسجد کا سنگ بنیاد رکھنے کی توفیق ملی۔ الحمد للہ
کیپیٹل برازاویل سے 45 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع یہ چھوٹا سا شہر ہے جس کی آبادی چار ہزار نفوس پر مشتمل ہے۔ دریائے کونگو پر برازاویل کی نئی پورٹ بھی اسی علاقے میں بن رہی ہے اور انٹر نیشنل ایئرپورٹ بھی حکومت اسی علاقے میں بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اسی لیے لوگ کثرت سے اس علاقے میں جگہ خرید کر مکانات بنا رہےہیں۔
پہلی دفعہ یہاں پر دسمبر 2006ء میں مکرم ابراہیم ایتیلا صاحب معلم سلسلہ کو تبلیغ کی غرض سے بھیجا گیا تھا۔ جنوری 2007ء میں کرائے کا مکان لے کر مشن ہاؤس کا آغاز کیا گیا۔ 2008ء میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت یہاں پر اپنی جگہ خریدنے کی منظوری عطا فرمائی۔ جو جگہ خریدی گئی اس میں ایک مکان بنا ہوا تھا۔ اس کے ایک حصہ کو نماز سینٹر اور ایک حصہ میں معلم کی رہائش کا انتظام کیا گیا۔ دن بدن بفضلہ تعالیٰ اس علاقے میں جماعت ترقی کرتی چلی گئی اور اس کے ساتھ ساتھ ایک مسجد بنانے کی ضرورت بھی محسوس ہورہی تھی۔
چنانچہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل کے نتیجہ میں ہیومینٹی فرسٹ کینیڈا کی مدد سے ہمیں یہاں پر مسجد بنانے کی توفیق مل رہی ہے۔ مکرم ولید احمد صاحب نے مسجد کا نقشہ بنایا اور پھر گورنمنٹ سے مسجد کی تعمیر کی اجازت حاصل کی گئی۔
مورخہ 20؍نومبر بروز اتوار کو باقاعدہ مسجد کے سنگ بنیاد کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خاکسار (نیشنل صدر و مشنری انچارج) اور نیشنل صدر انصاراللہ برازاویل حاضر ہوئے تھے۔
پروگرام کا آغاز گیارہ بجے ہوا جس کی صدارت خاکسار (نیشنل صدر ومشنری انچارج) نے کی۔ تلاوت مکرم مصطفیٰ ایریک صاحب نے کی۔ پھر عزیزم لبیب احمد نے حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ کے منظوم کلام میں سے چند اشعار ترنم کے ساتھ پڑھے۔ اس کے بعد خاکسار نے مسجد کی اہمیت کے بارے میں قرآن کریم اور احادیث مبارکہ کی روشنی میں لوگوں کو بتایا۔ بعد ازاں خاکسار نے مسجد کی بنیادی اینٹ رکھنے کی توفیق پائی۔ پھر مکرم صدر صاحب انصار اللہ ،معلم سلسلہ پی کے 45،مکرم مصطفیٰ ایریک صاحب معلم سلسلہ، صدر جماعت پی کے 45اور عزیزم لبیب احمد وقف نو نے اینٹیں رکھیں۔ اس کے بعد خاکسار نے دعا کروائی۔
اس موقع پر 50 سے زائد افراد نے شرکت کی ۔ آخر پر ریفریشمنٹ اور کھانے کا انتظام تھا۔
مسجد کا کل مسقف حصہ 144 مربع میٹر ہے اوراس میں 200 افراد نماز ادا کر سکیں گے۔
اللہ تعالیٰ یہ مسجد اس علاقے کے لیے نہایت بابرکت فرمائے اور پیارے آقا کی قیمتی نصائح پر عمل کرتے ہوئے احمدی اپنی عبادات کا حق ادا کرنے والے ہوں۔ آمین
(رپورٹ: سعیداحمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)