نومبائعین کے ایک گروپ کی حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ ملاقات
٭… نومبائعین کو مخاطب ہوتے ہوئے حضور انور نے فرمایا: آپ سب سورت فاتحہ سیکھیں اور نماز میں پڑھیں۔ یہ پڑھنی ضروری ہے۔ پھر اس کا ترجمہ سیکھیں۔اس کے معانی کا آپ کو پتا ہونا چاہیے
مورخہ 11؍اکتوبر 2022ء بروز منگل کو مسجد بیت الرحمٰن، میری لینڈ کے مردانہ ہال میں نومبائعین کے ایک گروپ نے حضورِانور کے ساتھ ملاقات کی سعادت پائی۔
اس گروپ میں پندرہ لجنہ ممبرات تھیں اور تیس سے زائد مرد احباب تھے۔ خواتین ایک علیحدہ حصہ میں بیٹھی ہوئی تھیں۔ درمیان میں سکرین لگائی گئی تھی۔
نومبائعین سے میٹنگ کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا جوعبدالله ڈبا صاحب مربی سلسلہ نے کی۔
حضورِانور کے سامنے دائیں طرف خواتین بیٹھی تھیں۔ نومبائع خواتین نے باری باری اپنا تعارف کروایا۔ ایک نومبائع خاتون مراکش سے تھیں۔ انہوں نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کے خاوند MTA العربیہ کو دیکھنے کی وجہ سے بیعت کی طرف مائل ہوئے اور اب اللہ کے فضل سے پوری فیملی احمدیت قبول کر چکی ہے۔
مرد احباب نے بھی باری باری اپنا تعارف کروایا اور اپنے حالات بھی بیان کیے۔ ان نومبائعین میں سے بعض ایسے افریقن امریکن بھی تھے جن کے والدین یا آباءواجداد احمدی تھے لیکن یہ نوجوان جماعت سے دور ہٹ گئے تھے۔ اب جماعت کے دوبارہ رابطہ اور کوشش کے نتیجہ میں ان کی یہ اولاد بیعت کر کے واپس آگئی ہے۔
گیمبیا سے ایک نومبائع تھے ان کے نام کے ساتھ چام (Cham) آتا تھا۔ حضور انور نے فرمایا کہ گیمبیا میں ہمارے ایک مربی چام صاحب بھی ہیں کیا آپ ان کے رشتہ داروں میں سے ہیں؟ تو اس پر اس نومبائع نے کہا کہ یہ میرے رشتہ دار ہیں۔
ان نو مبائعین میں سے بعض ایسے بھی تھے جن کو بیعت کرنے کے بعد ان کی فیملی کی طرف سے مخالفت کا سامنا تھا۔ یہاں تک کہ بعضوں کی فیملی نے ان کو چھوڑ دیا۔ حضور انور نے ازراہ شفقت ان سب سے پوچھا کہ بیعت کے بعد وہ اپنے خاندان کی طرف سے کن مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک نو مبائع نے بیان کیا کہ جب اس کی فیملی کو علم ہوا کہ میں نے بیعت کرلی ہے اور میں اب احمدی ہو چکا ہوں تو پوری فیملی نے شہر کوہی چھوڑ دیا اور قطع تعلق کرلیا۔ لیکن میں احمدیت پر مضبوطی سے قائم ہوں۔
ایک آدمی نے بتایا کہ اُس نے ابھی تک بیعت نہیں کی۔ جس پر حضورِانور نے فرمایا: آپ صبر سے دعا کریں اور اللہ تعالیٰ سے تسلی مانگیں۔ پھرجب آپ کا دل پوری طرح مطمئن ہو تو آپ بیعت کریں۔
Baltimore سے ایک نو مبائع دوست Nacho صاحب تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا Food Truck Business ہے اور اس نے اپنی اہلیہ کے ساتھ بیعت کی ہے۔ حضور انور نے اسے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا: آپ کو دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
ایک پندرہ سالہ نوجوان نے احمدیت سے پہلے کی زندگی کے بارہ میں بتایا کہ وہ بالکل مطمئن نہیں تھا۔ جس پر حضور انور نے فرمایا کہ باقاعدگی کے ساتھ نماز پڑھا کریں۔ اللہ تعالیٰ آپ کو ہر لحاظ سے مطمئن فرمائے۔
نومبائعین کو مخاطب ہوتے ہوئے حضور انور نے فرمایا: آپ سب سورت فاتحہ سیکھیں اور نماز میں پڑھیں۔ یہ پڑھنی ضروری ہے۔ پھر اس کا ترجمہ سیکھیں۔اس کے معانی کا آپ کو پتا ہونا چاہیے۔
ایک نوجوان جن کے والد صاحب احمدی تھے انہوں نے بتایا کہ ان کے والدصاحب کی دعا تھی کہ ان کے سب بچے احمدی ہو جائیں لیکن ابھی تک صرف وہ اکیلے ہی ہیں جنہوں نے احمدیت قبول کرنے کا شرف پایا ہے۔اس پر حضور انور نے مسکرا تے ہوئے فرمایا :باپ کی دعا صرف ایک بچے کے لیے کام آئی۔ پھر حضور انور نے ان کو دعا دی۔
ایک دوست Christopher R Meyer آف Orlando نے حضور انور کی خدمت میں ہاتھ پر بیعت کرنے کی درخواست کی۔ حضور انور نے از راه شفقت یہ درخواست منظور فرمائی اور اگلے دن بیعت کے انتظام کے لیے فرمایا۔
ایک دوست جن کا تعلق بنگلہ دیش سے تھا انہوں نے اپنا تعارف کرواتے ہوئے بتایا کہ ان کے والدین احمدی تھے لیکن یہ خود مذہب سے دور ہی رہتے تھے۔ ایک دن انہوں نے خواب دیکھا جس کے بعد وہ نیویارک کی ایک مسجد کے پاس سے گزر رہے تھے تو دیکھا کہ اس مسجد پر احمدیہ مسلم جماعت لکھا ہوا تھا۔ اس کے بعد 2018ء سے 2022ء تک یہ باقاعدگی کے ساتھ اسی مسجد میں جمعہ کے لیے آتے رہے۔ بالآخر ان کو بیعت کرنے کا شرف حاصل ہوا اور اس کے بعد وہ جماعت کے اکثر پروگراموں میں شامل ہوتے رہے۔ آج ان کی حضور انور سےملاقات کی خواہش پوری ہوئی۔ موصوف نے کہا کہ مربی احتشام الحق کوثر صاحب نے میرے ساتھ بڑا وقت لگا کر بڑے صبرو تحمل کے ساتھ مجھے نہ صرف احمدیت کی تعلیم سکھائی بلکہ اپنے اعمال سے میرے لیے ہدایت کا موجب بنے۔
آخر پر ایک خاتون نے اپنا اسلامی نام رکھنے کی درخواست کی۔ حضور انورنے ازراہِ شفقت موصوفہ کا نام ان کے اصل نام کی مناسبت سے لئیقہ رکھا۔