جماعت احمدیہ ناروے کا سال نو کے آغاز پر مثالی وقار عمل
جماعت احمدیہ ناروے ہر سال یکم جنوری کو مثالی وقار عمل میں حصہ لیتی ہے اور سال ہا سال سے یہ جماعت احمدیہ کی پہچان بن چکا ہے۔
اس سال کا آغاز نماز تہجد سے ہوا جو مسجد بیت النصر اوسلو میں ادا کی گئی۔ بعد ازاں نماز فجر باجماعت ادا کی گئی۔ مکرم ظہور احمد چودھری صاحب، امیر جماعت احمدیہ ناروے نے نئے سال کے بابرکت ہونے کی دعا کروائی۔ پھر صدر مجلس خدام الاحمدیہ نے وقار عمل کا پروگرام بتایا اور ہدایات دیں۔
اس کے بعد تمام شاملین کو ناشتہ پیش کیا گیا اور پھر مختلف ٹیمیں ترتیب دے کر وقار عمل کا سازوسامان تقسیم کیا گیا۔
نئے سال کا جشن مناتے ہوئے مقامی لوگ جگہ جگہ کوڑا کرکٹ چھوڑ جاتے ہیں۔ جماعت کی ذیلی تنظیموں کی نگرانی میں اس وقار عمل کے ذریعہ شہر کو صاف کیا جاتا ہے۔
اس سال ۱۲ مختلف جگہوں پر ۱۲۲ ممبران نے اس وقارِعمل میں حصہ لیا جن میں ۴۹؍انصار، ۵۲؍خدام اور ۲۱؍اطفال شامل تھے۔
ملک بھر کے ۸؍اخبارات نے نمایاں طور پر مع تصاویر اس کو رپورٹ کیا۔ ملک کے سرکاری TV نے دو بار ویڈیو رپورٹ نشر کی اور اپنی ویب سائٹ NRK.NO پرایک رپورٹ مع تصاویر شائع کیا۔
یہ وقار عمل جماعت احمدیہ کےوسیع تعارف اور تبلیغ کا باعث بنا۔ الحمد للہ۔
(رپورٹ: میر عبدالسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)