حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ کی مصروفیات
مورخہ ۲۷؍فروری تا ۰۵؍مارچ ۲۰۲۳ء کے دوران حضرت خليفۃ المسيح الخامس ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزيز کي گوناگوں مصروفيات میںسے چند ايک کی جھلک ہديۂ قارئين ہے:
٭…۲۷؍فروری بروز سوموار: آج حضور انور کے دفتر (اسلام آباد ٹلفورڈْ) میں R.E. Today میگزین کے ایڈیٹر Lat Blaylock نے اسلام اور نوجوانوں کی مذہبی تعلیم کے بارے میں شائع ہونے والے مضمون کے سلسلے میں حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا انٹرویو کیا۔
٭…۲۸؍فروری بروز منگل: آج فارغ التحصیل مربیان جامعہ احمدیہ یوکے ۲۰۲۲ء و جامعہ احمدیہ کینیڈا ۲۰۲۲ء کی حضور انور کے ساتھ مسجد مبارک، اسلام آباد میں پہلی نشست تھی۔ اس نشست میں حضور انور مختلف امورکے بارے میں مربیانِ کرام کی رہ نمائی فرماتے اور ان کا جائزہ لیتے ہیں۔
٭…۰۳؍مارچ بروز جمعۃ المبارک: حضورِ انور ايدہ اللہ تعاليٰ بنصرہ العزیز نے آج مسجد مبارک، اسلام آباد، ٹلفورڈ(سرے)، یوکے ميں خطبہ جمعہ ارشاد فرمايا جو ايم ٹي اے کے مواصلاتي رابطوں نيز يوٹيوب اور ديگر ميڈيا پليٹ فارمز کے ذريعہ ساري دنيا ميں سنا اور ديکھا گيا۔
حضور انور نے اپنے خطبہ جمعہ میں حضرت اقدس مسیح موعودعلیہ الصلوٰۃ و السلام کے پُر معارف ارشادات کی روشنی میں قرآن کریم کے فضائل، مقام و مرتبہ اور عظمت بیان فرمائی۔ نیز بنگلہ دیش، پاکستان، برکینا فاسو اور الجزائر کے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔
٭…۰۴؍مارچ بروز ہفتہ: آج شام پانچ بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مسجد بیت الفتوح تشریف لاکر بیت الفتوح کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح فرمایا۔ حضور انور نے اس موقع پر یادگاری پودا لگایا، افتتاحی تختی کی نقاب کشائی فرمائی اور دعا کروائی۔ نیز نو تعمیر شدہ عمارت کے افتتاح کے ساتھ ہی جماعت احمدیہ برطانیہ کی سترھویں نیشنل امن کانفرنس کا کامیاب انعقاد ہوا جہاں پر حضور انور نے بصیرت افروز خطاب فرمایا۔ (تفصیلی رپورٹ کے لیے ملاحظہ فرمائیں الفضل انٹرنیشنل ۱۰؍مارچ ۲۰۲۳ء)
اس ہفتہ کے دوران حضورِانور نے متعدد دفتری و ذاتی ملاقاتیں فرمائیں۔ دفتری ملاقات کی سعادت پانے والے احباب نے اپنے پیارے امام سے متفرق امور کی بابت ہدایات اور راہنمائی حاصل کرنے کی توفیق پائی۔
اَللّٰھُمَّ اَیِّدْ اِمَامَنَا بِرُوْحِ الْقُدُسِ وَ کُنْ مَعَہٗ حَیْثُ مَا کَانَ وَانْصُرْہُ نَصْرًا عَزِیْزًا