نمازِ جنازہ حاضر و غائب
مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے 8؍ مارچ 2023ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لا کر مکرم عدنان احمد ججہ صاحب ابن مکرم چودھری اعجاز اللہ ججہ صاحب (حلقہ بیت الفتوح۔یوکے) کی نمازِ جنازہ حاضر اور 9؍ مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔
نمازِ جنازہ حاضر
مکرم عدنان احمد ججہ صاحب ابن مکرم چودھری اعجاز اللہ ججہ صاحب (حلقہ بیت الفتوح۔یوکے)
19؍ فروری 2023ء کو 38 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم نما ز اورروزہ کے پابند،بہت دیندار، ملنسار اور خلافت کے ساتھ اخلاص و وفا کا تعلق رکھنے والے ایک نیک نوجوان تھے۔مرحوم خدام الاحمدیہ میں ڈیوٹیوں کےلیے ہر وقت تیار رہتے اور جلسہ سالانہ پر لنگر خانہ میں بھی ڈیوٹی دیتے تھے۔ بہت محنت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیتے تھے۔ پسماندگان میں والدین، اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔
نماز جناز ہ غائب
-1مکرمہ شوکت تنویر صاحبہ(دارالفتوح شرقی ربوہ۔ حال کیلگری کینیڈا)
15؍ جنوری 2023ء کو77سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پا گئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابہ حضرت صوفی مولا بخش صاحب لاہوری رضی اللہ عنہ کی نواسی اور حضرت بابو عبد الرحمٰن صاحب انبالوی رضی اللہ عنہ ( سابق امیر جماعت انبالہ شہر ) کی پوتی تھیں۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند،تہجد گزار،بشاشت قلبی کے ساتھ مالی قربانی میں حصہ لینے والی ایک مخلص خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
-2مکرم قریشی غلام احمد طاہر صاحب ابن مکرم قریشی مبارک احمد صاحب(ربوہ)
16 ؍جنوری 2023ء کو 71 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ ان کے والد مکرم قریشی مبارک احمد صاحب کی اقصی روڈ بازار میں مٹھائی کی دکان تھی جہاں متعدد واقفین زندگی اور جماعت کےاکثر اکابر بزرگان کی بیٹھک رہتی تھی۔ کبھی نماز باجماعت میں تساہل نہیں کیا۔خلافت سے بے انتہا پیار تھا۔ حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؓ کے ساتھ وقف جدید کی ڈسپنسری میں خدمت کی توفیق بھی ملی۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔ آپ کے چھوٹے بیٹےبطورمربی سلسلہ ریسرچ سیل میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔
-3مکرم غلام محمد غازی صاحب ابن مکرم غازی محمد خان صاحب( معلم وقف جدید ربوہ)
15؍جنوری 2023ء کو 86 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ 1966ء میں حضرت خلیفۃ المسیح الثالث رحمہ اللہ کے دور خلافت میں بیعت کی۔ آپ کو 25 سال سے زائد عرصہ بحیثیت معلم سلسلہ خدمت کی توفیق ملی۔ محلہ نصیر آباد حلقہ سلطان ربوہ کے صدر اور سیکرٹری امور عامہ بھی رہے۔ باجماعت پنجوقتہ نماز،نماز تہجد کا اہتمام، باقاعدہ تلاوت قرآن کریم اور خلافت سے محبت ان کا خاصہ تھا۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ پانچ بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔
-4مکرم سلطان احمد صاحب ابن مکرم ناصراحمد صاحب (ربوہ)
19 ؍ستمبر2022ء کو 44سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے ضلع شیخوپورہ اور ربوہ میں قائد خدام الاحمدیہ کے علاوہ مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کی توفیق پائی۔ربوہ میں نوبل سٹیشنری کے نام سے دکان چلارہے تھے۔صوم وصلوٰۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، منکسرالمزاج، غریب پرور، ضرورت مندوں کا خیال رکھنے والے ایک ہمدرد، نیک اور مخلص انسان تھے۔ مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ مرحوم5/1حصہ کے موصی تھے۔پسماندگان میں والدہ کے علاوہ دوبیویاں اور چار بچے شامل ہیں۔
-5مکرم الطاف اللہ خان صاحب (سعد اللہ پور۔گجرات)
19 ؍دسمبر 2022ء کو 72سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے دادا مکرم چودھری اللہ داد صاحب نے حضرت مولانا غلام رسول صاحب راجیکی ؓ کے ذریعہ احمدیت قبول کی۔مرحوم کچھ عرصہ جرمنی میں رہنے کے بعد اپنے آبائی گاؤ ں سعد اللہ پور چلے گئے اور وہاں کاروبار کرتے رہے۔ آپ کو تبلیغ کا بہت شوق تھا۔من ہائم (جرمنی)میں سیکرٹری تبلیغ رہے۔ جرمنی میں اجتماعات پر نظمیں پڑھنے کا بھی موقع ملتا رہا۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں دو بیویوں کے علاوہ چار بیٹیاں اور دو بیٹے شامل ہیں۔
-6مکرم مرزا شریف احمد صاحب ابن مکرم احمد دین صاحب (ربوہ)
15؍جنوری2023ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم صوم وصلوۃ اور تلاوت قرآن کریم کے پابند،خلافت کے ساتھ گہر ا مضبوط تعلق رکھنے والے ایک نیک مخلص اور باوفا انسان تھے۔کافی عرصہ صدر جماعت جیکب آباد (سندھ) کے طورپر خدمت کی توفیق پائی اور جماعت کے سنٹر کے لیے اپنی ذاتی جگہ بھی پیش کی۔جماعتی مہمانوں کا بہت خیال رکھتے تھے۔ مرحوم اللہ کے فضل سے موصی تھے۔
-7مکرمہ امۃ الحفیظ بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم نسیم احمد صاحب مرحوم(فیض آباد۔یوپی۔انڈیا)
2؍اور 3؍فروری 2023ء کی درمیانی رات کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم صلوٰۃ کی پابند ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ قادیان سے آنے والے نمائندگان کی بڑے اخلاص سے خاطر تواضع کیا کرتی تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں تین بیٹیاں اور ایک بیٹا اور بہت سے نواسے نواسیاں اور پوتے پوتیاں شامل ہیں۔
-8مکرمہ صالحہ پرویز صاحبہ اہلیہ مکرم ملک پرویز احمد صاحب (لاہور)
20؍دسمبر 2021ء کو 69سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ پانچ سال سے کینسر اور دل کے عارضہ کی وجہ سے بیمار تھیں۔ بیماری سے پہلے مقامی سطح پر سیکرٹری ناصرات کے طورپر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ موصیہ تھیں۔
-9مکرم ندیم احمد ظفر صاحب(جرمنی)
29؍جنوری 2023ءکوبقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّالِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے سپین کے علاوہ جرمنی کی جماعت کاسل میں مختلف حیثیتوں سے خدمت کی توفیق پائی۔تبلیغ کا بہت شوق تھا۔صوم وصلوٰۃ کے پابند، ایک ہمدرد،مخلص اور باوفا انسان تھے۔مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں والدہ اور اہلیہ کے علاوہ چار بچے شامل ہیں۔آپ مکرم وسیم احمد ظفر ثانی صاحب ( ریجنل مشنری ٹوگو افریقہ) کے بڑے بھائی تھے۔
اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین
٭…٭…٭