کرکٹ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء: جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کے خلاف 134 رنز سے بڑی کامیابی
کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء
میچ نمبر10: جمعرات 12 ؍ اکتوبر2023ء
آسٹریلیا بمقابلہ جنوبی افریقہ
(Australia vs South Africa)
Ekana Stadium Lucknow
آج آسٹریلوی کرکٹ ٹیم اور ان کے مداحوں کے لئے ایک مایوس کن دن تھا جب انہیں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ورلڈ کپ میچز میں سب سے بڑی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔1992ء کے بعد پہلی بارایسا ہوا کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ میں اپنے پہلے دو میچز میں ناکام رہی ہو۔
کرکٹ ورلڈکپ 2023ء میں جنوبی افریقہ نے اپنے دوسرے میں آسٹریلیا کو 134رنز سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔لکھنؤ کے Ekana Stadium میں ٹاس جیت کر آسٹریلیا نے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا توجنوبی افریقہ کے اوپنرز نے بہترین آغاز فراہم کیا۔پہلی وکٹ کی شراکت میں 108رنز بنے۔35 کے انفرادی سکور پر کپتان Temba Bavuma گلین میکسویل (Glenn Maxwell) کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔اس کے بعد Rassie van der Dussen بھی صرف26 رنز بنا کر چلتے بنے۔تاہم وکٹ کیپر بلے بازQuinton de Kock نے اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے اس ٹورنامنٹ میں مسلسل دوسری سینچری بناڈالی۔وہ پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 105 گیندوں پر 109 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو جنوبی افریقہ کا سکور 35ویں اوور میں 197 تھا۔اننگز کے اواخر میں آسٹریلیا نے بہتر باؤلنگ کا مظاہر ہ کیا اور جنوبی افریقہ مقررہ 50اوورز میں 7وکٹوں پر311رنز بنا سکا۔Aiden Markramنےبھی56 رنز کی ایک اچھی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلرآف اسپنرGlenn Maxwell رہے جنہوں نے 10 اوورز میں 34 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔فاسٹ باؤلر Mitchell Starc بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔Cummins،HazlewoodاورZampa نے ایک ایک وکٹ لی۔مجموعی طور پر فیلڈنگ اورباؤلنگ میں آسٹریلیا کی کارکردگہ نہایت درمیانے درجہ کی رہی،ان کے فیلڈرزنے چند آسان کیچ بھی چھوڑے گئے جن کا خمیازہ بالآخرایک بڑی شکست کی صورت میں بھگتنا پڑا۔
312رنز کے تعاقب میں آسٹریلین بیٹنگ آغازسے ہی لڑکھڑا گئی ۔جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلرز نے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا اوران کے سامنے کوئی بھی آسٹریلوی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا۔نتیجۃً آسٹریلیا کے چھ کھلاڑی محض 70کے مجموعی سکورپر پویلین لوٹ گئے۔Marnus Labuschagne نے 46،Mitchell Starc نے 27 اور Pat Cummins نے 22 رنز کے ساتھ کچھ مزاحمت دکھائی مگر پوری ٹیم 40.5اوورز میں 177 کے سکور پر ڈھیر ہوگئی۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے دائیں ہاتھ کے تجربہ کارتیز باؤلر Kagiso Rabada نے 33 رنز کے عوض 3 جبکہ Marco Jansen،Tabraiz Shamsiاور Keshav Maharaj نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔Quinton de Kockکو شاندار بیٹنگ کرنے پرمیچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔
آسٹریلیا کا اگلا مقابلہ اسی میدان پر 16اکتوبرکو سری لنکا کے خلاف ہوگا۔ ورلڈ کپ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کے لئے آسٹریلیا کو جلداپنی کمزوریوں کو دور کرکے جیت کے سفرکاآغاز کرنا پڑے گا۔جنوبی افریقہ اپنا تیسرا میچ 17اکتوبر کو دھرم شالا میں نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔
مختصر اسکور
جنوبی افریقہ 50 اوورز میں 311/7 رنز
کوئنٹن ڈی کاک 109،ایڈن مارکرم 56؛
گلین میکسویل2/34،مچل اسٹارک2/53
آسٹریلیا 40.5 اوورز میں 177/10
مارنس لیبوشین 46،سٹارک 27؛
کاگیسو رباڈا3/33،کیشو مہاراج2/30،تبریز شمسی 2/38
اہم اعدادوشمار وریکارڈز
- اس میچ میں آسٹریلین ٹیم 177 کے سکور پر آؤٹ ہوئی جوکہ ورلڈ کپ میں ان تیسرا کم ترین ٹوٹل ہے۔
- ایک روزہ میچوں میں جنوبی افریقہ کی 100 رنز سے زیادہ مارجن سے یہ مسلسل چھٹی فتح ہے۔
- جنوبی افریقہ کی آسٹریلیا کے خلاف آخری 11 میچوں میں یہ نویں کامیابی ہے۔
- ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں پہلی بار آسٹریلیا چار میچز لگاتار ہارا ہے۔2019ء ورلڈ کپ کے آخری دومیچز اور 2023ء کے ابتدائی دو میچز میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔جبکہ 1992ء کے بعد پہلی بارایسا ہوا کہ آسٹریلیا ورلڈ کپ میں اپنے پہلے دو میچز میں ناکام رہی ہو۔
- جنوبی افریقہ کے van der Dussen ون ڈے کیرئیر میں 45اننگزمیں 2000رنز مکمل کئے ۔
اگلا میچ: نیوزیلینڈ بمقابلہ بنگلہ دیش
13 اکتوبر بروز جمعہ چینئی کے MA Chidambaram سٹیڈیم میں بنگلہ دیش اور نیوزیلینڈ اس ورلڈ کپ میں اپنا تیسرا میچ کھیلیں گے۔ نیوزیلینڈ پہلے دو میچز میں زبردست کامیابی کے بعد تیسرا میچ جیتنے کے لیے فیورٹ ہوگی تاہم چینئی کی pitch اسپنرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہے جس پر بنگلہ دیش کے اسپن باؤلرز کیوی بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
نیوزیلینڈ کے مستقل کپتان کین ولیمسن کی پہلے دو میچز عدم شرکت کے بعد اس میچ میں واپسی کا امکان ہے۔
ایک روزہ کرکٹ ورلڈ کپ میں یہ ٹیمیں پانچ بار آمنے سامنے آچکی ہیں جن میں بنگلہ دیش ایک بھی کامیابی حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)