کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء میں ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کی نیوزی لینڈ کے خلاف محض پانچ رنز سے کامیابی
کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر27: ہفتہ28 اکتوبر2023ء
آسٹریلیا بمقابلہ نیوزیلینڈ
بمقام: دھرم شالا
قریباً ایک ماہ انجری کے باعث ٹیم سے باہر رہنے والے بائیں ہاتھ کے بلےباز ٹریوس ہیڈ(Travis Head) نے ورلڈ کپ میں اپنے پہلے میچ کو یادگار بنادیا۔ان کی شاندار سینچری کی بدولت آسٹریلیا نے نیوزیلینڈ کو کانٹے دار مقابلہ کےبعدپانچ رنز سے پچھاڑدیا۔دھرم شالا کے میدان پر چوکوں چھکوں کی برسات ہوئی ،رنز کے انبارلگے اور ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ 771رنز بھی بنے۔
کیوی ٹیم نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جسے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے دونوں ہاتھوں سے قبول کیا۔ان دونوں کھلاڑیوں نے 19 اوورز میں 175رنز کا باکمال آغازفراہم کیا۔اننگز کے پہلے پانچ اوورز میں 60رنز بنے،اوردس اوورز میں آسٹریلیا کا سکور 118جا پہنچا تھا۔پھر نیوزیلینڈ کی طرف سے آف اسپنر گلین فلپس(Glenn Philips) باؤلنگ پر آئے اور انہوں نے نہ صرف رنز کا تیزبہاؤروکا بلکہ ابتدائی تین وکٹیں بھی حاصل کیں۔
ٹریوس ہیڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے ورلڈ کپ مقابلوں میں دوسری تیز ترین نصف سینچری صرف 25گیندوں پر مکمل کی اور پھر سینچری کا سنگ میل صرف 59بالز پر عبورکرلیا۔وہ 109رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں سات چھکے اوردس چوکے شامل تھے۔دوسری طرف ڈیوڈ وارنر گزشتہ دو میچوں سینچریاں بنانے کے بعد اس میچ میں چھ چھکوں اورپانچ چوکوں کی مدد سے 65گیندوں پر81رنز بناکر واپس لوٹے۔
اننگز کے در میانی اوورز میں نیوزیلینڈ نے بہترین واپسی کی اور آسٹریلوی بلے بازوں کو نہ صرف آزادانہ رنز بنانے سے روکا بلکہ وقفے وقفے سے اہم وکٹیں بھی حاصل کرتے رہے۔تاہم آخری دس اوورز میں ایک بار آسٹریلوی بلے باز حاوی ہوئے اورانہوں نے سوسے زائدرنز کا اضافہ کرکے مقررہ پچاس اوورز میں 388کا بڑا مجموعہ کھڑا کردیا۔جس میں گلین میکسویل،جوش انگلس اور پیٹ کمنز کی دھواں دار بیٹنگ بھی شامل تھی۔
نیوزیلینڈ کی طرف سے کامیاب ترین گیندباز گلین فلپس رہے جنہوں نے دس اوورز می صرف37رنز دے کرتین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جبکہ اننگز کے 49وَیں اوور میں ٹرینٹ بولٹ (Trent Boult)بھی تین وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے۔
389رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز نے اچھا آغاز کیا۔تاہم دونوں بلے باز بڑا سکور بنانے میں ناکام رہے۔ڈیون کونوَے (Devon Conway) نے 17گیندوں پر28جبکہ وِل ینگ(Will Young) نے 32رنز بنائے۔پہلی دونوں وکٹیں Josh Hazlewoodنے حاصل کیں۔تیسری وکٹ کی شراکت میں ڈیرل مچل اور راچن راوِندرانے 96 رنز کا اضافہ کیا۔ڈیرل مچل 54کے سکور پر آؤٹ ہوئے جبکہ Rachin Ravindraنے ورلڈ کپ میں اپنی دوسری شاندار سینچری بنائی۔وہ 89 گیندیں کھیل کر 116رنز بناکرآؤٹ ہوئے جس میں پانچ چھکے اورنو چوکے شامل تھے۔Ravindraجب آؤٹ ہوئے تو نیوزیلینڈ کو جیت کے لئے مزید 96 رنز درکار تھے۔اس موقع پر آل راؤنڈر James Neesham نے بہترین بیٹنگ کا مظاہرہ کیااور 39بالز پر58رنز بناکر اپنی ٹیم کو فتح دلوانے ہی والے تھے کہ آخری اوور کی پانچویں گیند پر دو رنز بنانے کی کوشش میں رَن آؤٹ ہوگئے۔اس طرح کیوی ٹیم زبردست مقابلہ کے بعد صرف پانچ رنز کی دوری سے یادگارفتح سے محروم ہوگئی۔
آسٹریلیا کی طرف سے ایک بار پھر بہترین باؤلر ایڈم زمپا(Adam Zampa) رہے جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جبکہ Hazlewoodاور Cumminsنے دو،دووکٹیں حاصل کیں۔
خلاصہ:
آسٹریلیا49.2اوورز میں 388رنز پر آل آؤٹ
ٹریوس ہیڈ109،ڈیوڈ وارنر81،میکسویل41
گلین فلپس3/37،ٹرینٹ بولٹ3/77
نیوزیلینڈ50اوورز میں 9وکٹوں پر383رنز
راچن راوِندرا116،جیمز نیشم58،ڈیرل مچل 54
ایڈم زمپا3/74،پیٹ کمنز2/66
آسٹریلیا کے Travis Head کو میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔
اہم اعدادوشماروریکارڈز
• اس میچ میں کل 771 رنز بنے جوکہ ورلڈکپ کی تاریخ میں کسی ایک میچ میں بننے والے سب سے زیادہ رنز ہیں۔قبل ازیں اسی ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ اورسری لنکا کے میچ میں 754رنز بنے تھے۔
• نیوزیلینڈ کی طرف سے بنائے گئے 383رنز ایک روزہ کرکٹ کی تاریخ میں دوسری بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھا بڑا سکور ہے۔اسی طرح کیوی ٹیم کا یہ ٹوٹل ورلڈ کپ میں کسی ہارنے والی ٹیم کا سب سے بڑا سکور ہے۔
• اس میچ کل 32چھکے لگے،20آسٹریلیا اور12نیوزیلینڈ کے بلے بازوں نے لگائے۔جبکہ ورلڈ کپ میچز میں سب سے زیادہ 33چھکوں کا ریکارڈ2019ءمیں انگلینڈ اور افغانستان کے میچ میں بنا تھا ۔
• اس میچ میں مجموعی طورپر97چوکے چھکے لگے ۔ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ چوکوں چھکوں(105) کا ریکارڈ سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے میچ میں بنا تھا ۔
• آسٹریلیا کے مچل سٹارک ورلڈ کپ میں لگاتار23میچوں میں ایک یا زائد وکٹیں لینے کے بعد اس میچ میں کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔
• راچن راوندرا نے 77گیندوں پر نیوزیلینڈ کی طرف سے ورلڈ کپ میچز میں تیز ترین سینچری بنائی۔انہوں نے اسی ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلہ میں انگلینڈ کے خلاف 82بالز پر سینچری بنانے کا اپنا ہی ریکارڈ بہتر بنایا۔
• ٹریوس ہیڈ اورڈیوڈوانرکے مابین 115گیندوں پر175رنز کی شراکت ہوئی جوکہ ون ڈے کرکٹ میں 150رنز سے زائد کی تیز ترین اوپننگ پارٹنرشپ ہے۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)