کرکٹ ورلڈکپ 2023ء: بھارت نے سری لنکا کو 302رنز سے ہرادیا۔اس طرح میزبان ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی!
کرکٹ ورلڈ کپ
میچ نمبر33: جمعرات 2 نومبر2023ء
بھارت بمقابلہ سری لنکا
بمقام: ممبئ (Mumbai)
کرکٹ ورلڈ کپ میں بھارت نے سری لنکا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 302 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔میزبان ٹیم کی ٹورنامنٹ میں یہ مسلسل ساتویں فتح ہے۔
اس شاندارجیت میں بھارت کےبلے بازوں کےساتھ ساتھ فاسٹ باؤلرزجسپریت بمراہ،محمد سراج اورمحمد شامی نے بھی اہم کرداراداکیاجن کی نئی گیند سے تباہ کن باؤلنگ کےسامنےسری لنکن بیٹنگ لائن اَپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی اورپوری ٹیم محض 19.4 اوورزمیں 55 رنز پرڈھیرہوگئی۔قبل ازیں ستمبر میں ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکن ٹیم انڈیا کے خلاف 50رنز بناکرآؤٹ ہوئی تھی۔
ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے33 وَیں میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دی۔کپتان روہت شرما اننگز کی پہلی گیندپر چوکا لگانے کےبعد دلشان مدوشانکا کی دوسری بال پربولڈہوگئے۔لیکن اس کے بعد شبمن گل(Shubman Gill) اورویرات کوہلی (Virat Kohli)نے بہترین بلےبازی کا مظاہرہ کیا اوردوسری وکٹ کی شراکت میں 189رنز بنائے۔شبمن گل دوچھکوں اور11چوکوں کی مدد سے 92رنز بنا کرآؤٹ ہوئے تو انڈیا کا مجموعی سکور 30 اوورزکے اختتام پر192تھا۔پھردو اوورزبعددلشان مدوشانکا نے ویرات کوہلی کی وکٹ بھی حاصل کرلی،وہ 11چوکوں کی مدد سے 88رنزبنانے میں کامیاب رہے۔چوتھی وکٹ کی ساجھے داری میں کے ایل راہول (KL Rahul)اورشریاس آئیر(Shreyas Iyer)نے 60رنز کا اضافہ کیا۔راہول 21اورپھرSuryakumar Yadav 12رنز بناکراپنی وکٹیں گنوابیٹھے۔تاہم دوسری جانبShreyas Iyer نے جارحانہ بلےبازی جاری رکھتے ہوئے صرف56گیندوں پر82رنز کی زبردست باری کھیلی جس میں 6چھکےاورتین چوکے شامل تھے۔Ravindra Jadejaنے 24بالز کھیل کر 35رنز بنائے اور بھارت نے مقررہ 50اوورزمیں 8وکٹوں کے نقصان پر357کا بڑامجموعہ کھڑاکردیا۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشانکا(Dilshan Madushanka) نے 80 رنز دےکر 5 وکٹیں حاصل کیں اور دشمنتھا چمیرا(Dushmantha Chameera) نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
358کے ہدف کے جواب میں سری لنکن بلے بازکریز پرمحض چندلمحات کےمہمان ثابت ہوئے۔انڈین فاسٹ باؤلرز کی swingاورseamباؤلنگ کے سامنے سب بلے باز بے بس اور لاجواب نظر آئے۔پہلے اوور کی پہلی گیند پر Bumrahنے Pathum Nissankaکو ایل بی ڈبلیو کردیا۔پھر دوسرے اوور کی پہلی بال پر محمد سراج نے Karunaratneکی وکٹ حاصل کی تو ایک منفرد ریکارڈ قائم ہوا کہ اننگزکے آغازمیں دونوں باؤلرزنے اپنی پہلی پہلی گیندپر وکٹ حاصل کی۔صرف یہی نہیں بلکہ دوسرے اوور کی پانچویں گیند پرSamarawickramaبھی کیچ آؤٹ ہوگئے اورپھرSirajکے دوسرے اوورکی پہلی بال پرکپتان Kusal Mendisبھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اُس وقت سری لنکا نے بنائے تھے 3رنز اور اس کے چار بلےبازواپس جاچکے تھے۔اننگز کے دسوَیں اوورمیں محمد شامی نے اپنے شاندار باؤلنگ اسپیل کا آغازCharith Asalankaکی وکٹ حاصل کر کے کیا،وہ 24گیندوں پر صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کے پہلے پانچ آؤٹ ہونے والے Battersکا سکور تھا،صفر۔صفر۔ایک ۔صفر۔ایک!
محمدشامی (Mohammed Shami)نے ورلڈکپ میچز میں اپنی یادگاراورغیرمعمولی کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے پانچ اوورزمیں 18رنزکے عوض 5وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔Shami اس ٹورنامنٹ میں تین میچز کھیل کر14کھلاڑیوں کوآؤٹ کرچکے ہیں۔
سری لنکا کی پوری ٹیم 55رنز بناسکی جس میں سب سے زیادہ 14رنز دسوَیں نمبرپر بیٹنگ کرنے والے Kasun Rajithaنے بنائے۔Theekshanaاور Mathewsنے 12,12رنز کی اننگز کھیلی۔جبکہ پانچ کھلاڑی بغیر کوئی رَن بنائے آؤٹ ہوئے۔سری لنکا کی یہ کارکردگی ان کے مداحوں اور شائقین کے لئے یقیناً انتہائی مایوس کن ہے ۔نیزسری لنکن کرکٹ کی زبوں حالی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
بھارت کی جانب سے محمد سراج نے تین جبکہ جسپریت بمراہ اور راوندراجادیجا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
خلاصہ:
بھارت 50اوورز میں 357/8رنز
شبمن گل 92،ویرات کوہلی88،شریاس آئیر82
دلشان مدوشانکا5/80،چمیرا1/71
سری لنکا 19.4اوورز میں 55رنز پر آل آؤٹ
کاسن راجیتھا14،میتھیوز12
محمدشامی 5/18،محمد سراج3/16
اہم ریکارڈز و اعدادوشمار
• محمد شامی ورلڈکپ میچز میں انڈیا کی جانب سے صرف14میچوں میں سب سے زیادہ 45وکٹیں حاصل کرنے والے باؤلربن گئے۔ظہیرخان اور جواگل سری ناتھ 44،44وکٹیں بالترتیب 23اور34میچز میں حاصل کر چکے ہیں۔
• محمد شامی ورلڈکپ مقابلوں میں تین بار پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے باؤلربھی بن گئے۔اس سے قبل آسٹریلیا کے مچل سٹارک بھی تین مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کر چکے ہیں۔
• محمد شامی نے بھارت کی جانب سے ایک روزہ انٹرنیشنل میچز میں سب سے زیادہ چارمرتبہ پانچ یا اس سے زائد وکٹیں لینے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔جواگل سری ناتھ اور ہربھجن سنگھ اپنے کیرئیر میں تین تین بار یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔
• سری لنکا کی طرف سے بنایا گیا 55رنز کا ٹوٹل ورلڈ کپ مقابلوں میں کسی test playingٹیم کا سب سے کم سکور ہے۔جبکہ مجموعی طورپر ورلڈکپ میں سب سے کم سکور36 ہے جو 2003ء میں کینیڈانے سری لنکا کے خلاف بنایا تھا۔
• اس میچ میں 302رنز سے جیت ورلڈ کپ میں بھارت کی رنز کے اعتبارسے سب سے بڑی کامیابی ہے۔جبکہ مجموعی طورپر کسی بھی ٹیم کی ورلڈکپ میں یہ دوسری بڑی فتح ہے۔
• سری لنکا کے فاسٹ باؤلر دلشان مدوشانکا اس میچ میں پانچ کھلاڑیوں کوآؤٹ کرنے کے بعد ٹورنامنٹ میں 18وکٹوں کے ساتھ سرفہرست آگئے۔
(رپورٹ: ن م طاہر)