کرکٹ ورلڈ کپ ۲۳ء

کرکٹ ورلڈکپ 2023ء آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 33رنز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہرکردیا

کرکٹ ورلڈ کپ

میچ نمبر36: ہفتہ4 نومبر2023ء

آسٹریلیا بمقابلہ انگلینڈ

بمقام: احمدآباد(Ahmedabad)

انڈیا میں جاری ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ دفاعی چیمپئن انگلینڈکے لئے ایک ڈراؤناخواب ثابت ہورہا ہے۔ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل شاید ہی کسی نے یہ سوچا ہوگا کہ انگلش ٹیم اس ورلڈکپ میں سات میچز کے بعد صرف ایک کامیابی حاصل کر سکے گی اورانتہائی مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اتنی جلدی ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی۔انگلینڈ کی مضبوط ،تجربہ کاراورباصلاحیت ٹیم حیرت انگیز طورپر اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبرپر ہے اوراب ان کی 2025ءکی چیمپئنزٹرافی میں بھی شرکت مشکل دکھائی دیتی ہے۔دوسری طرف آسٹریلیا نے انگلینڈ کو 33 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں ابھی جگہ تقریباً پکی کرلی۔

 ہفتہ کے روز احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں انگلینڈ کی دعوت پر آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 286 رنز بنا ئے۔ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم 49 ویں اوور میں 253 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔میگا ایونٹ میں انگلینڈ کی یہ مسلسل پانچویں شکست ہے جبکہ انہیں واحدکامیابی بنگلہ دیش کے خلاف دھرم شالا کے میدان پر 10 اکتوبرکوملی تھی۔

آسٹریلوی  بیٹنگ کا آغاز ہواتواس باراوپنرز اچھا آغاز دینے میں ناکام رہے۔ٹریوس ہیڈ(Travis Head) 11 اور ڈیوڈ وارنر(David Warner) 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا سکورچھٹے اوورمیں 38رنزتھا۔پہلی دونوں وکٹیں کرس ووکس(Chris Woakes)نے حاصل کیں۔اسٹیون اسمتھ(Steven Smith) اورمارنس لیبوشین(Marnus Labuschagne) کے مابین تیسری وکٹ کی شراکت میں 75رنز بنے۔44کے انفرادی سکورپرSmith کو عادل رشید نے آؤٹ کیا۔اس کے فوری بعد وکٹ کیپر بلے باز جوش انگلس(Josh Inglis)بھی صرف 3رنز بنا کر Adil Rashidکا شکاربن گئے۔کیمرون گرین نے Labuschagneکے ساتھ مل کر اہم 61رنز جوڑے۔Marnus Labuschagneنے 83گیندوں پر 71رنز کی اچھی اننگز کھیلی، وہ مارک ووڈ(Mark Wood)کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ان کے علاوہ آل راؤنڈرزکیمرون گرین (Cameron Green)اور مارکس سٹوئنس(Marcus Stoinis) نے بالترتیب 47اور35رنز کااضافہ کیا۔

آخری اوورز میں ایڈم زمپا(Adam Zampa) نے صرف 19گیندوں پرچارچوکوں کی مدد سے29رنز کی اہم اننگزکھیلی اوریوں آسٹریلیا49.3اوورز میں 286رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4،عادل رشید اور مارک ووڈ 2،2 جبکہ ڈیوڈ ولی اور لیئم لوِنگسٹن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے اوپنر بلےبازجونی بیرسٹو(Jonny Bairstow) اننگز کی پہلی ہی گیند پر مچل سٹارک (Mitchell Starc)کا شکاربن گئے۔19کے مجموعی سکورپر Starcنے جو روٹ(Joe Root)کی اہم وکٹ بھی حاصل کرکے انگلش ٹیم کو مشکلات سے دوچارکردیا۔داوِدملان(Dawid Malan)نے نصف سینچری بنائی لیکن 50کے سکورپر ہی Pat Cumminsکے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔انگلش کیپٹنJos Butler ایک مرتبہ پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر ایڈم زمپا کو اپنی وکٹ دے بیٹھے۔اس کےبعد پانچویں وکٹ کی ساجھے داری میں Ben StokesاورMoeen Aliنے محتاط اندازمیں بلے بازی کرتے ہوئے 63رنز کا اضافہ کیا۔تاہم یہ دونوں بلے بازرنز کی رفتارمیں اضافہ کرنے کی کوشش میں اہم مواقع پر آؤٹ ہوگئے اوراس کے ساتھ ہی انگلینڈ کی جیت کی امیدیں دَم توڑنے لگیں۔Stokesنے 64 جبکہ Moeen Aliنے 42رنز بنائے۔

آخری اوورز میں Chris Woakes،David Willey اور Adil Rashidنے ٹارگٹ کے قریب پہنچنے کی جدوجہدتو کی مگرہدف سے 33رنز کی دُوری پرانگلینڈ کی پوری ٹیم 48.1اوورز میں 253رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی۔اس طرح آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ میں اپنی پانچویں کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر  تیسری پوزیشن کو مستحکم بنالیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے لیگ اسپنر ایڈم زمپا (Adam Zampa)نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے دس اوورز میں محض 21رنزدے کرتین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیااور میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔مچل سٹارک،جوش ہیزل ووڈاور پیٹ کمنز نے دو،دو وکٹیں حاصل کیں۔

خلاصہ:

آسٹریلیا 49.3 اوورز میں 286رنز پرآل آؤٹ

 مارنس لیبوشین 71،کیمرون گرین 47،اسٹون اسمتھ44

 کرس ووکس 4/54،عادل رشید 2/38

 انگلینڈ 48.1 اوورز میں 253 رنز آل آؤٹ

بین اسٹوکس 64،ڈیوڈ ملان 50،معین علی 42

ایڈم زمپا3/21،پیٹ کمنز2/49

اہم ریکارڈز و اعدادوشمار

  • آسٹریلیا کے ہاتھوں انگلینڈ کی شکست رواں ٹورنامنٹ میں ان کی پانچویں مسلسل ہار ہے۔Test Playingٹیموں میں ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 11میچزلگاتارہارنے کا ریکارڈ افغانستان کا ہے۔سری لنکن ٹیم نے 1983ء اور 1987ء کے ٹورنامنٹس میں مسلسل سات میچز میں ناکامی کا سامنا کیا تھا۔
  • ایک ورلڈکپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ میچز ہارنے کا ریکارڈ بھی افغانستان کا ہے ،2019ءمیں افغان ٹیم کو 9 میچز میں شکست کاسامنا کرنا پڑاتھا۔انگلینڈاور بنگلہ دیش کی ٹیمیں موجودہ ٹورنامنٹ میں چھ چھ مقابلے ہارچکی ہیں۔
  • اس ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کے ایڈم زمپا سات میچز میں 19وکٹیں لے کرباؤلرز میں سرفہرست ہیں۔

 (رپورٹ: ن م طاہر)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button