پیٹروپولس ،برازیل میں جماعت احمدیہ کاتبلیغی بک سٹال
اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ برازیل کو مورخہ ۲۸؍ اکتوبر بروز ہفتہ پیٹروپولس (Petropolis) شہر کی ایک مرکزی جگہ پر بک سٹال لگانے کی توفیق ملی۔اس بک سٹال کو مختلف بینرز کےساتھ سجایا گیا تھا۔ سامنے کی طرف ایک بڑے بینر پر حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی تصویر آویزاں کی گئی جس پر لکھا ہواتھا کہ ’’مسیح موعود آ گئے ہیں‘‘۔ دوسری طرف ایک بینر پر حضورانور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصر ہ العزیز کی تصویر لگائی گئی تھی جس پر لکھا تھا ’’مسیح موعود کے خلیفہ‘‘ جو ہر گزرنے والے کی توجہ کا مرکز تھی۔ اس کے علاوہ بینرز پر خوش آمدید، جماعت کا ایڈریس، رابطہ کے لیے فون نمبر اور ماٹو ’’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘‘ لگایا گیا تھا۔ اس سٹال میں قرآن کریم کے مختلف زبانوں میں تراجم کے علاوہ پرتگیزی، انگلش و دیگرزبانوں میں جماعت کا لٹریچراور متفرق مضامین پر مشتمل پمفلٹس بھی رکھے گئے تھے۔ زائرین کی زیادہ تر توجہ قرآن کریم کے تراجم کو دیکھنے اور اس کی تعلیمات کے متعلق جاننے میں تھی۔ اس موقع پر لوگ اسلام، جماعت اور مسیح موعود کی آمد کے بارے میں سوالات کرتے رہے جن کے جواب دینے کی توفیق ملی۔ دو افراد نے قرآن کریم خریدا اور کچھ نے بعد میں لینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ کئی زائرین نے اس بک سٹال لگائے جانے پر خوشی کا اظہار کیا خصوصی طور پر موجودہ حماس اور اسرائیل کی جنگ کے تناظر میں بہت سراہا کہ اس کے نتیجہ میں میڈیا کی خبروں کی وجہ سے لوگوں میں اسلام کا جو غلط تصور پایا جاتا ہےاس کے دور کرنے میں اس قسم کی کوششیں بہت مثبت کردار ادا کر سکتی ہیں۔ ایک خاتون نے بتایا کہ چند روز قبل ہی نیٹ پر میں نےقرآن کریم دیکھا تھا لیکن معلوم نہیں تھا کہ اتنی جلد حقیقت میں بھی دیکھ لوں گی۔ بڑی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہنے لگی کہ ’’واقعی خدا بولتا ہے ‘‘۔
چونکہ یہ سٹال شہر کے عین سنٹر میں لگایا گیا تھا جہاں لوگوں کے آنے جانے کا ہجوم تھا اس لیے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خدام و ممبرات لجنہ نیز بچوں نے بھی اسلام و احمدیت کے تعارف پر مبنی پمفلٹ لوگوں میں تقسیم کیے۔ اس کے نتیجہ میں بھی بے شمار افراد تک جماعت کا پُرامن پیغام پہنچا اور کئی لوگوں کو اسلام کے متعلق سوالات پوچھنے اور مزید جاننے کا موقع ملا۔ الحمد للہ