مجلس خدام الاحمدیہ اگونا ایسٹ سرکٹ، اگونا زون سنٹرل ایسٹ ریجن گھانا کے زیر اہتمام اجتماعی وقار عمل
مورخہ ۷؍ دسمبر ۲۰۲۳ء بروزجمعرات گھانا کے وسطی مشرقی ریجن کے اگونا (Agona) زون میں مجلس خدام الاحمدیہ اگونا ایسٹ سرکٹ نے عوامی صفائی کے سلسلہ میں ایک اجتماعی وقارعمل کا انعقاد کیا جو صبح سات بجے سے مینساکروم پرنسپل اسٹریٹ (Mensakrom Principal Street) پر شروع کیا گیا اور دس بجے تک جاری رہا۔
اس وقار عمل کے دوران تقریباً ۴۰۰؍ میٹر لمبے دبے ہوئے گٹروں کی نکاسی و صفائی کی گئی۔ دیگر سرگرمیوں میں جھاڑو دینا، کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنا اور اسے تلف کرنا بھی شامل تھا۔ وقار عمل میں پندرہ خدام اور چھ اطفال نے حصہ لیا۔
وقار عمل کے ذریعہ اس اجتماعی عوامی صفائی کا مقصد فروری۲۰۲۴ء میں جماعت احمدیہ گھانا کے صدسالہ جشن تشکر جلسہ کے انعقاد کی تشہیر تھا۔ یہ وقار عمل اس لحاظ سے منفرد تھا کہ اس علاقہ میں جماعت احمدیہ کے علاوہ کسی اور مذہبی گروہ نے کبھی اتنی بڑی صفائی کی مشق نہیں کی ۔اس صفائی مہم سے مقامی عوام خدام کی خدمات سے خوش ہوئے اور آنے والے سالوں میں اس نوعیت کے کام کرنے کا مزید مطالبہ کیا۔
(رپورٹ احمد طاہر مرزا۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)