سپورٹس بلیٹن
فٹ بال: افریقہ کپ آف نیشنز(AFCON)آئیوری کوسٹ میں جاری ہے۔۲۱؍جنوری تک ٹورنامنٹ میں شریک ۲۴؍ٹیمیں دو،دوگروپ میچز کھیل چکی ہیں۔گروپ بی میںCape Verde اورگروپ سی میں سینیگال اپنے دونوں میچز میں کامیاب رہیں۔ گذشتہ ہفتہ کھیلے گئے گروپ ای کے ایک میچ میں نمیبیا نےتیونس کو صفرکے مقابلہ میں ایک گول سے اَپ سیٹ شکست دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں اپنے ملک کےلیے پہلی کامیابی حاصل کی۔
گروپ میچزکے دوسرے راؤنڈمیں نائیجیریا نے میزبان ٹیم آئیوری کوسٹ کو ایک صفر سے مات دی جبکہ ایکویٹوریل گنی نے اپنا دوسرامیچ گنی بساؤ کے خلاف دو کے مقابلہ میں چارگول سے جیتا۔گھانا اور مصر کا میچ دو،دوگول کی برابری پر ختم ہوا۔ اسی طرح الجزائر بمقابلہ برکینا فاسو،تیونس بمقابلہ مالی، زیمبیا بمقابلہ تنزانیہ اور مراکش بمقابلہ DC Congoکےمیچز بھی ڈراہوئے۔سینیگال، جنوبی افریقہ، انگولا اور گنی کی ٹیموں کواپنے دوسرے گروپ میچ میں کامیابی حاصل ہوئی۔
۲۲؍جنوری کو گروپ اے کے آخری میچز میں ایکویٹوریل گنی نے آئیوری کوسٹ کو ۴۔صفرسے پچھاڑدیا جبکہ نائیجیریا نے گنی بساؤ کے خلاف ۱۔صفرسے کامیابی حاصل کی۔ گروپ بی میں گھانا بمقابلہ موزمبیق اورکیپ وردی بمقابلہ مصر ۲۔۲گول سے برابر ہوئے۔مصرکی ٹیم اس نتیجہ کے بعد اگلے مرحلہ میں پہنچ گئی۔
دوسری طرف قطرمیں جاری AFCایشین کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں قطر،آسٹریلیا،ایران،عراق اور سعودی عرب کی ٹیمیں اپنے ابتدائی دو میچز جیت چکی ہیں۔گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں قطر نےتاجکستان، آسٹریلیا نےشام،ایران نے ہانگ کانگ، انڈونیشیا نے ویتنام،اوربحرین نے ملائیشیا کے خلاف صفرکے مقابلہ میں ایک گول سے کامیابی حاصل کی۔ازبکستان نے بھارت کو ۳۔صفر،عراق نے جاپان کو ۲۔۱ اور سعودی عرب نے کرغزستان کو ۲۔صفر سے شکست دی۔
کرکٹ: نیوزی لینڈنے پانچ ٹی ٹوینٹی میچزکی سیریزمیں پاکستان کو۴۔۱کے واضح فرق سےہرادیا۔پہلے چارمقابلوں میں بری طرح ناکامی کے بعد۲۱؍جنوری کوکرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے آخری میچ میں پاکستان نے ۴۲؍رنزسے کامیابی حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ۲۰؍اوورزمیں ۸؍وکٹوں کےنقصان پر۱۳۴؍رنزبنائے جس کے جواب میں کیوی ٹیم محض۹۲؍کے مجموعی سکورپرآل آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے ۴؍اوورزمیں۲۴؍رنزکےعوض تین کھلاڑیوں کوآؤٹ کرنےوالے آف سپنر افتخاراحمدمیچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے جبکہ نیوزیلینڈ کےاوپنربلےبازفن ایلن(Finn Allen)پانچ میچز میں ۲۷۵؍ رنز بنا کرسیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔فن ایلن نے تیسرے ٹی ٹوینٹی میں۶۲؍گیندوں پر۱۳۷؍رنزکی شانداراننگ کھیلی جس میں۱۶؍چھکے شامل تھے۔
بھارت اور افغانستان کے مابین تین ٹی ٹوینٹی میچز کی سیریز بھارت نے تین صفرسے جیت لی۔۱۷؍جنوری کو بنگلورومیں کھیلا جانے والا آخری میچ ٹائی ہوا جس کے بعدفیصلہ سنسنی خیزاندازمیں دوسرے سپراوورمیں میزبان بھارت کے حق میں ہوا۔بھارت نے پہلے بلےبازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورزمیں کپتان روہت شرما (Rohit Sharma)کے ۱۲۱؍اوررنکوسنگھ (Rinku Singh)کے ۶۹؍ رنزکی بدولت ۲۱۲؍ رنز بنائے۔ جواب میں افغانستان کی ٹیم بھی۲۱۲؍رنزبنانے میں کامیاب ہوئی۔جس کے بعد super overہوا جس میں دونوں ٹیموں نے ۱۶؍رنزبنائے۔کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا کہ کسی میچ کے فیصلہ کے لیے دوسرا سپراوور کروایا گیا جس میں بھارت نے ۱۱؍رنزبنائے اور جواب میں افغانستان نے صرف ایک رن بنایااور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے۔یوں بھارت نے یہ مقابلہ ۱۰؍رنزسے اپنے نام کیا۔
ٹینس:میلبرن میں جاری آسٹریلین اوپن کےمینز ایونٹ میں عالمی نمبرایک نوواک جوکووِچ(Novak Djokovic) نےکوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔اسی طرح اٹلی کے Jannik Sinner، روس کے Daniil Medvedev اور سپین کے Carlos Alcaraz Garfiaبھی کوارٹرفائنل مرحلہ میں رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ویمنز سنگلز میں امریکہ کی Coco Gauff،بیلاروس کی Aryna Sabalenka،اورچین کی Zheng Qinwen کوارٹرفائنل مرحلے میں پہنچ گئیں۔
(رپورٹ: ۔ن م طاہر)