مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کی انیسویں نیشنل تربیتی کلاس کا انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی نے ۲۳ تا ۲۸؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنی انیسویں نیشنل تربیتی کلاس جامعہ احمدیہ جرمنی کی عمارت میں منعقد کرنے کی توفیق پائی۔ اس تربیتی کلاس میں ۲۷۵؍تنظیم میں آنے والے نئے خدام نے شمولیت اختیار کی۔
تمام خدام کو سات کلاسز میں تقسیم کیا گیا۔ ۱۴؍طلبہ جامعہ احمدیہ جرمنی Mentor کے طور پر تربیتی کلاس کے دوران خدام کے ساتھ رہے اور اخوت اور دوستانہ ماحول میں خدام کی تعلیم و تربیت کی کوشش کرتے رہے۔ نیز خدام کو تہجد، تلاوت قرآن کریم اور نمازوں کی تلقین کے ساتھ ساتھ روزانہ ورزش کی ترغیب بھی دلاتے رہے اور تدریس اور بزرگان کے ساتھ نشست میں ان کی حاضری یقینی بنانے کی کوشش کی۔ تدریس میں خدام کو ۱۳؍مربیان کرام سے مستفیض ہونے کا موقع ملا جس میں مندرجہ ذیل مضامین پڑھائے گئے: تفسیر، کلام، تاریخ اسلام،تاریخ احمدیت،وضو اور نماز کا طریق۔ اسی طرح ورزش کے لیے فٹبال، والی بال، باسکٹ بال، ٹیبل ٹینس، کرکٹ، تیراکی ، self defense اور پنجہ آزمائی کا انتظام کیا گیا تھا۔
تربیتی کلاس کی ہر شام ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا جس میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے ایک نشست میں حافظ اعجاز احمد طاہر صاحب (نائب صدرصف دوم مجلس انصار اللہ یوکے) نے شرکت کی۔ دیگر ایام میں مکرم صداقت احمد صاحب مشنری انچارج جرمنی اور مکرم امتیاز احمد شاہین صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی شامل ہوئے۔ نیز مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت جرمنی کے ساتھ ایک campfireکی صورت میں نشست منعقد ہوئی۔
نیشنل تربیتی کلاس کے آخر پر تمام خدام کا امتحان لیا گیا۔ ۲۸؍دسمبر۲۰۲۳ء کو نیشنل تربیتی کلاس کی اختتامی تقریب ہوئی جس میں مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے شرکت کی۔
(رپورٹ: اسامہ احمد۔ معتمد مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی)