مربی سلسلہ فن لینڈکے لیے منعقدکردہ الوداعی پروگرام
حال ہی میں فن لینڈ کے مربی سلسلہ مصور احمد شاہد صاحب جو کہ مبلغ انچارج کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے تھے کی تقرری ناروے جبکہ ناروے کے مربی سلسلہ شاہد احمد کاہلوں صاحب جو کہ ناروے میں مبلغ انچارج کے طور پر خدمت کر رہے ہیں کی تقرری فن لینڈ میں ہوئی ہے۔
مصور احمد شاہد مربی سلسلہ کی ناروے کے لیے روانگی سے قبل جماعت فن لینڈ اور تمام ذیلی تنظیموں نے مل کر ہلسنکی نماز سینٹرمیں مورخہ ۶؍جنوری ۲۰۲۴ء بروز ہفتہ بعداز نماز ظہر ڈیڑھ بجے ایک الوداعی پروگرام کا اہتمام کیا جو کہ نیشنل صدر صاحب جماعت فن لینڈ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ ملحقہ ہال میں ممبرات لجنہ و ناصرات بھی اس پروگرام میں شامل ہوئیں جبکہ دوسرے شہروں سے احباب آن لائن شامل ہوئے۔ مربی صاحب کو فن لینڈ کا پہلا باقاعدہ مشنری ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان سےپہلےسکینڈینیوین ممالک کے پہلے مشنری سید کمال احمد یوسف صاحب ریٹائرمنٹ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی منظوری سے فن لینڈ کے اعزازی مشنری کے طور پر خدمات بجا لاتے رہے اور تبلیغ اور جماعت کی تربیت کی خاطر یہاں قیام کر رہے تھے۔
تلاوت قرآن کریم و نظم کے بعد ٹیلی ویژن پر گذشتہ سالوں کا احاطہ کیے ہوئے تصاویر پر مشتمل سلائیڈز دکھائی گئیں جس کے بعدسب سے پہلے صدر صاحب مجلس انصار اللہ فن لینڈ پھر صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اس کے بعد نیشنل صدر صاحب نے مربی صاحب کے نو سال سے زائد عرصہ قیام کے دوران ان کی طرف سے کی جانے والی کاوشوں کا ذکر کیا اور شکریہ ادا کیا اور پوری جماعت کی طرف سے مربی صاحب کو ایک یادگاری شیلڈ پیش کی۔ بعد ازاں صدر مجلس خدام الاحمدیہ و صدرمجلس انصاراللہ نے اپنی اپنی مجالس کی طرف سے مربی صاحب کو تحائف پیش کیے۔
آخر پر مربی صاحب نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور جماعت فن لینڈ کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد نیشنل صدر صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اس کے بعد مردانہ ہال کے تمام حاضرین کے ساتھ مربی صاحب کی اجتماعی تصویر ہوئی۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مربی صاحب کو خدماتِ دینیہ کی مزید توفیق دیتا چلا جائے۔ آمین
(رپورٹ: طاہر احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)