حالاتِ حاضرہ

خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)

٭… اتوار کے روز شہباز شریف پاکستان کے ۲۴ویں وزیرِ اعظم اور ۱۶ویں قائدِ ایوان منتخب ہوگئے۔ شہباز شریف اور عمر ایوب کے درمیان قائدِ ایوان کا مقابلہ ہوا۔ شہباز شریف نے ۲۰۱جبکہ حریف عمر ایوب نے ۹۲ووٹ لیے۔ مسلسل دوسری بار وزیرِ اعظم پاکستان منتخب ہونے کے بعد شہباز شریف نے ڈیڑھ گھنٹہ تقریر کی جس میں انہوں نے اتحادی راہنماؤں کا نام لے کر شکریہ ادا کیا اور اپنے منشور کے حوالہ سے اپنے وعدوں کو دہرایا۔

٭… سعودی عرب کی وزارتِ اسلامی امور کی جانب سے رمضان کے دوران مساجد کے اندر افطار پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت اسلامی امور نے مساجد کے اندر افطار پر پابندی عائد کرتے ہوئے صفائی کو برقرار رکھنے کے لیے صحنوں میں افطار کی دعوتیں منعقد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ یہ پابندی عارضی طور پر ۱۱؍مارچ سے شروع ہو کر رواں سال ۹؍اپریل کو ختم ہو جائے گی۔

٭…غزہ کے جنوب مغربی علاقے میں امداد کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ۷۷؍فلسطینی شہید ہوگئے۔ وزارت صحت کے مطابق غزہ میں پیش آنے والے سانحے میں شہادتوں کی تعداد سو سے زائد ہوسکتی ہے۔ حماس نے اس موقع پر عرب لیگ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا فوری طور پر اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ عرب لیگ اور سلامتی کونسل غزہ میں بڑے پیمانے پر قتل عام اورنسل کشی روکنے کے لیے کارروائی کرے۔ حماس نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کی ہےکہ وہ فلسطینیوں کے بڑے پیمانے پر قتل کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔

٭…اقوامِ متحدہ کے حکام کا کہنا ہے کہ چھ لاکھ فلسطینی قحط کے دہانے پر ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صدر یورپین کمیشن کو خط، لکھا ہے جس میں اقوامِ متحدہ کی امدادی ایجنسی برائے فلسطین انروا کی فنڈنگ بلا تاخیر جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔ واضح رہے کہ غزہ میں گذشتہ برس ماہِ اکتوبر سے جاری اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں فلسطینی شہداء کی تعداد تیس ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

٭…نیوزی لینڈ نے حماس کو دہشت گرد گروپ کے طور پر فہرست میں شامل کر لیا۔ پابندی کے بعد حماس کے ساتھ جائیداد، مالی لین دین، مادی مدد فراہم کرنا ایک مجرمانہ جرم ہو گا، حماس کے اثاثے بھی منجمد کر دیے جائیں گے۔نیوزی لینڈ نے انتہا پسند اسرائیلی آباد کاروں پر بھی سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔نیوزی لینڈ کے وزیرِاعظم کا کہنا ہے کہ اکتوبر میں حماس کے اسرائیل پر حملے کی واضح طور پر مذمت کی ہے۔

٭…اسرائیل کے وزیر توانائی اور سابق وزیر خارجہ ایلی کوہن کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے بدلے سعودی عرب سے تعلقات قائم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی تعلقات میں توسیع کی قیمت فلسطینی ریاست کا قیام ہے تو یہ قبول نہیں۔اس صورت میں سعودی عرب اور علاقائی تعلقات میں توسیع سے پیچھے ہٹ جائیں گے۔سعودی عرب کے ساتھ ایک ریاست کے قیام کے بغیر امن معاہدہ کرنا ممکن ہے۔اس سے قبل امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا تھا کہ سعودی عرب اسرائیل کو تسلیم کرنے کو تیار ہے، اسرائیل کا وجود برقرار رکھنے کے لیے دو ریاستی حل ضروری ہے۔

٭…بنگلہ دیش کے دارالحکومت شہر ڈھاکہ کی ایک عمارت میں آتشزدگی کے باعث ۴۳؍افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ آگ گذشتہ رات سات منزلہ عمارت میں لگی تھی۔ بنگلہ دیشی وزیرِ صحت نے ہسپتال کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ کم از کم ۴۰؍زخمیوں کا ہسپتال میں علاج کیا گیا ہے۔ عمارت میں موجود بریانی کے ریسٹورنٹ میں آگ لگی تھی جس نے اوپر کے فلورز کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ ۷۵؍افراد کو ریسکیوکیا گیا اور فائر فائٹزر نے ۲؍گھنٹے میں آگ پر قابو پالیا تھا۔

٭…جنوبی کوریا کے وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا نے ستمبر سے اب تک روس کو ۶۷۰۰؍کنٹینرز بھیجے جن میں ۳۰؍لاکھ سے زیادہ توپ خانے کے گولے اور اسلحہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلحہ کے بدلے میں روس نے شمالی کوریا کو خوراک اور ہتھیاروں کی تیاری میں استعمال ہونے والے پرزے فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ روس سے بھیجی جانے والی خوراک کے باعث شمالی کوریا میں اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔

٭…عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی طبیعت ناساز ہوگئی۔ طبیعت ناساز ہونے پر انہیں ہسپتال لے جایا گیا، جہاں معائنہ کے بعد وہ ویٹیکن واپس آگئے ہیں۔ پوپ فرانسس نے مختصر وقت ہسپتال میں گزارا۔ پوپ فرانسس پچھلے ہفتے سے انفلوئنزا کا شکار ہیں۔

٭…٭…٭

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button