خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سوموار ۴؍مارچ ۲۰۲۴ء کو دوسری مرتبہ وزارتِ عظمیٰ کا حلف اٹھا لیا۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریبِ حلف برداری میں صدرِ پاکستان عارف علوی نے نو منتخب وزیرِ اعظم شہباز شریف سے حلف لیا۔حلف اٹھانے کے بعد وزیرِ اعظم شہباز شریف وزیرِ اعظم ہاؤس میں تشریف لے آئے جہاں ان کے اعزاز میں گارڈ آف آنر کی تقریب منعقد ہوئی۔ واضح رہے کہ شہباز شریف ملک کے ۲۴ویں وزیرِ اعظم اور ۱۶ویں قائدِ ایوان منتخب ہوئے ہیں۔
٭…اسرائیل کے جنوبی لبنان میں کیے گئے ڈرون حملے میں حزب اللہ کے ۳ ارکان مارے گئے۔ جنوبی لبنان میں گاڑی کو سرحدی علاقے نقورہ میں نشانہ بنایا گیا۔ ڈرون حملے میں جاں بحق افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔
٭…پولینڈ میں ڈرائیور نے کار، ٹرام اسٹینڈ پر کھڑے افراد پر چڑھا دی۔ واقعے میں ۱۹؍افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ مشتبہ کار ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔پولیس نے واقعے میں دہشتگردی کا امکان رد کردیا۔ ترجمان کےمطابق گرفتار ۳۳؍سالہ پولش کار ڈرائیور کا نفسیاتی علاج چل رہا تھا۔
٭…میئر لندن صادق خان کا کہنا ہے کہ انہیں پاکستانی اور مسلمان ہونے کے سبب نسل پرستانہ مہم کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں مسلمان اور پاکستانی کہہ کر لوگوں کو ووٹ دینے سے ڈرایا جائے گا۔میئر لندن نے کہا کہ ان کے خلاف مہم مرکزی دھارے کے سیاستدان چلا رہے ہیں، پروپیگنڈا کرکے غیر مسلموں کو مسلمانوں سے ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مشکلات کے باوجود لندن میں جرائم کی وارداتیں نیچے لائے ہیں، برطانیہ کو لیبر حکومت کی ضرورت ہے۔
٭…عرب وزرائے خارجہ کے غزہ کی جنگ پر ریاض میں منعقدہ اجلاس میں مصری وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ فلسطینی کاز کو ختم کرنے کا منظم منصوبہ ہے۔ مصری وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ غزہ میں کشیدگی بحیرۂ احمر اور باب المندب تک پھیل گئی ہے۔اجلاس میں سیکرٹری خارجہ خلیج تعاون کونسل نے غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔اجلاس میں اردن اور مراکش کے وزرائے خارجہ نے بھی شرکت کی۔
٭…امریکہ میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران امریکی نائب صدر کاملا ہیرس نے حماس پر زور دیا ہے کہ وہ فوری جنگ بندی پر راضی ہوجائیں، انہوں نے اسرائیل کو غزہ میں امداد کی ترسیل پر بھی زور دیا۔انہوں نے حماس سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر چھ ہفتے کی جنگ بندی پر رضامند ہوجائیں۔ غزہ میں بے گناہ لوگ انسانی تباہی کا شکار ہیں، اسرائیل کو تباہ شدہ علاقوں میں امداد کی ترسیل بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے۔ غزہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع کے بعد وہاں فوری جنگ بندی ہونی چاہیے، اس وقت میز پر ایک معاہدہ موجود ہے، حماس کو اس معاہدے پر رضامندی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں لوگ بھوک سے مررہے ہیں، وہاں کے حالات غیرانسانی ہیں، اسرائیلی حکومت کو بغیر کسی بہانے کے امداد کی ترسیل میں نمایاں اضافہ کرنا ہوگا۔
٭…کیریبین ملک ہیٹی کے دارالحکومت پورٹ او پرنس کی مرکزی جیل پر مسلح گروہوں کے حملے کے بعد ۴ ہزار قیدی فرار ہوگئے۔ جیل توڑ کر بھاگنے والے ملزمان میں گینگ کے وہ ارکان بھی شامل ہیں جن پر ۲۰۲۱ء میں صدر جوونیل مویس کے قتل کا الزام ہے۔ حالیہ تشدد میں اضافہ جمعرات کو اس وقت شروع ہوا جب وزیراعظم ایریل ہنری نے کینیا کی زیر قیادت ملٹی نیشنل سیکیورٹی فورس کو ہیٹی بھیجنے پر بات چیت کے لیے نیروبی کا سفر کیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم کے کینیا کے دورے پر ’پورٹ او پرنس‘ کے گینگ لیڈر جمی چیریزیر نے انہیں عہدے سے ہٹانے کے لیے ایک مربوط حملے کا اعلان کیا تھا۔
٭…بھارت کی جانب سے پاکستان کا تجارتی سامان قبضے میں لینے کی مذمت کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ نے سامان سے متعلق پاکستانی موقف کی تصدیق کردی اور کہا کہ تجارتی سامان سے متعلق بھارتی دعوے غلط ہیں۔چینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ سامان ایک چینی کمپنی نے بنایا ہے اور اس کا استعمال دفاعی مقاصد کےلیے نہیں ہوسکتا، سامان برآمدی کنٹرول کے تابع نہیں ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے پاکستان کے تجارتی سامان کو قبضے میں لینے کے بھارتی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ سادہ سی کمرشل لیتھ مشین کا معاملہ ہے، متعلقہ ادارہ پاکستان میں آٹوموبِل صنعت کو پرزے فراہم کرتا ہے۔