خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭… امام جماعت احمدیہ عالمگیر حضرت مرزا مسرور احمد خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے اپنے خطبہ جمعہ فرمودہ ٢٢؍مارچ ۲۰۲۴ء کے اختتام پر فلسطینیوں کے لیے، پاکستان اور یمن کے اسیران راہ مولیٰ کے لیے اور پاکستان کے احمدیوں کے لیے دعا کی تحریک فرمائی۔تفصیل کے لیے ملاحظہ کریںصفحہ اوّل۔
٭…روس کے دارالحکومت ماسکو کے کنسرٹ ہال میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ۶۲؍افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہوگئے۔ خودکار اسلحے سے لیس کم از کم تین حملہ آوروں نے سٹی ہال میں گھس کر فائرنگ اور دھماکا کیا۔ دھماکے سے کنسرٹ ہال میں آگ لگ گئی، دھماکے کے باعث کنسرٹ ہال کی چھت گرنے سے لوگ دب گئے۔حملے کے وقت عمارت میں چھ ہزار سے زائد افراد موجود تھے، ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا امکان ہے۔
٭…روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زخاروا نے کہا ہے کہ اس دہشتگردی میں جو بھی ملوث ہو، اقوام متحدہ، اس کا سیکرٹریٹ، سیکرٹری جنرل اور تمام رکن ممالک پر لازم ہے کہ وہ اس خونی دہشتگردی کی غیرمشروط مذمت کریں۔ زخاروا نے کہا کہ یو این سیکرٹری جنرل کے دفتر کی جانب سے جاری اس بیان نے کئی سوالات اٹھائے ہیں کہ جس میں فائرنگ کے واقعہ پر صرف افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
٭…یوکرین نے ماسکو میں کنسرٹ ہال پر حملے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔صدارتی ایڈوائزر نے کہا کہ ماسکو کنسرٹ ہال پر حملے سے یوکرین کا کوئی تعلق نہیں ہے، ہماری جنگ صرف روس اور اس کی افواج کے ساتھ ہے۔ ایڈوائزر یوکرینی صدر کے مطابق ہر چیز سے قطع نظر تمام فیصلے میدان جنگ میں ہوں گے۔
٭…اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور یو این سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیریس نے ماسکو کے کراکس سٹی ہال میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے تمام سازشی عناصر، دہشتگردی کی منصوبہ بندی کرنے والے اور معاونت کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے اور زور دیا ہے کہ اس جرم سے متعلق تحقیقات میں روس سے تعاون کیا جائے۔ یو این سیکرٹری جنرل کی جانب سے واقعہ کی مذمت پر روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اظہار تشکر کیا ہے۔
٭…روس کے دارالحکومت ماسکو میں حملے پر امریکی قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایڈرین واٹسن نے کہا ہے کہ امریکہ نے کچھ دن قبل ماسکو میں ایک حملہ ہونے کی معلومات کا تبادلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے میں یوکرین کا کوئی عمل دخل نہیں۔ ایڈرین واٹسن کا کہنا ہے کہ ماسکو حملے کی ذمہ دار صرف داعش ہے۔ ایڈرین واٹسن کا مزید کہنا ہے کہ ۷؍مارچ کو روس میں امریکیوں کے لیے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی گئی تھی۔
٭…غزہ میں بھوک و افلاس کے شکار مزید ۱۹؍فلسطینی شہری اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ آٹے کے تھیلوں کا انتظار کرنے والوں پر اسرائیلی ٹینکوں نے مشین گن سے فائرنگ کی۔ فلسطینی وزارتِ صحت کے مطابق ۷؍اکتوبر سے اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد ۳۲؍ہزار ۱۴۲؍ہو گئی ہے۔ اسرائیلی حملوں سے ۷؍اکتوبر سے اب تک ۷۴؍ہزار ۴۱۲؍فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
٭…انڈونیشیا کے صوبہ مشرقی نوسا ٹنگارہ میں زلزلہ آیا ہے جس کی شدت ۶.۱؍ریکارڈ کی گئی ہے۔ انڈونیشین جیو فزکس ایجنسی کے مطابق زلزلے کا مرکز مشرقی نوسا ٹنگارہ صوبے میں اینڈے شہر سے ۱۰۴؍کلو میٹر جنوب مشرق میں ۴۷؍کلو میٹر کی گہرائی میں واقع تھا۔ انڈونیشیا میں اس سے قبل آنے والے زلزلے نے توبان ریجنسی میں ایک مکان اور ایک کمیونٹی کی عمارت کو نقصان پہنچایا تھا تاہم حالیہ زلزلے سے اب تک کسی طرح کے جانی اور مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ زلزلے کے باعث سونامی کاخطرہ بھی نہیں ہے۔
٭…روس اور یوکرین کی جانب سے ایک دوسرے پر فضائی حملے کیے گئے ہیں۔ روسی حکام کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے دس سے زائد میزائل مار گرائے، میزائل حملوں میں ایک خاتون زخمی ہوئی ہے جبکہ گیس لائن اور عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔ دوسری جانب روس نے یوکرین کے دارالحکومت کیف اور مغربی ریجن لیوف پر فضائی حملے کیے۔ یوکرینی حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے کیف میں حملے کو ناکام بنا دیا، ان حملوں میں کوئی جانی یا بڑا نقصان نہیں ہوا ہے۔
٭…اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے رفح کراسنگ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا کہ جنگ بندی کی جائے یرغمالیوں کو رہا کیا جائے۔ اب وقت آگیا کہ فلسطینی ریاست قائم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ کے فلسطینیوں کا درد دنیا کے سامنے لانے کےلیے رفح آیا ہوں۔ غزہ میں پہلے سے کہیں زیادہ اب انسانی امداد کی اشد ضرورت ہے، امدادی سامان کے ٹرکوں کو غزہ کی سرحد پر روکنا اخلاقی کمزوری ہے۔
٭…اسرائیل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری کے دورہ پر موقف دیتے ہوئے یو این او کو یہودی اور اسرائیل مخالف ادارہ قرار دے دیا۔ اسرائیلی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ انتونیو گوتریس کی سربراہی میں اقوام متحدہ یہودی اور اسرائیل مخالف ادارہ بن چکاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ ایسا ادارہ بن چکا ہے جو دہشتگردی کا تحفظ اور پشت پناہی کرتا ہے۔