خبرنامہ (اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)
٭…اسرائیل کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔تل ابیب میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں جبکہ ایک شخص نے مظاہرین پر گاڑی چڑھا دی جس سے ایک خاتون زخمی ہوگئی، خاتون کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔ مظاہرین کی جانب سے اسرائیلی مغویوں کی رہائی کے لیے فوری معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
٭…امریکہ کے شہر سان فرانسسکو میں چوری کی بڑی واردات سامنے آئی ہے۔ سان فرنانڈو میں منی سٹوریج سے چور ۳۰؍ ملین ڈالر لے اڑے۔ چوری کا واقعہ ایسٹر سنڈے کی رات پیش آیا۔ چور روکس فورڈ سٹریٹ پر واقعہ عمارت کی چھت توڑ کر اندر داخل ہوئے اور سیف کو توڑ کر رقم نکالی۔ یہ سان فرانسسکو کی تاریخ میں کیش چوری کی بڑی وارداتوں میں سے ایک ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ چوری کے وقت بلڈنگ کے الارم کیوں نہیں بجے، واردات پر کمپنی کا موقف سامنے نہیں آسکا۔
٭…قطر، مصر اور امریکہ کی ثالثی میں غزہ جنگ بندی مذاکرات کی کوششیں جاری ہیں۔ قاہرہ میں جنگ بندی مذاکرات آج دوبارہ شروع ہوں گے۔حماس نے مذاکرات کاروں کے وفد کو قاہرہ بھیجنے کی تصدیق کر دی ہے جبکہ اسرائیل نے اپنا وفد بھیجنے کی ابھی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے ڈائریکٹر بل برنز کا بھی قاہرہ پہنچنے کا امکان ہے۔
٭…امریکی وزیر خزانہ کی بیجنگ میں چینی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوئی ہے۔ ملاقات کا مقصد چین کی پیداواری صلاحیت سے متعلق امریکی خدشات دور کرنا تھا۔امریکی وزیرِ خزانہ نے کہا کہ ایک سال کے دوران امریکہ اور چین کے تعلقات مستحکم ہوئے ہیں، دونوں ملکوں کی ترقی کا دارومدار براہ راست مذاکرات پر ہے۔چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چین اور امریکہ کو شراکت دار ہونا چاہیے نہ کہ مخالف، امریکی وزیر خزانہ کے دورے کے دوران تعمیری پیش رفت ہوئی ہے۔