جامعہ احمدیہ میں جلسہ سالانہ کی مہمان خواتین کی رہائش
(رپورٹ: سائحہ معاذ۔ شعبہ رپورٹنگ لجبہ اماء اللہ)
(۲۴؍جولائی ۲۰۲۴ء، جامعہ احمدیہ یوکے) جماعت احمدیہ برطانیہ کا جلسہ سالانہ چونکہ ایک انٹرنیشنل جلسے کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے دنیا بھر کے مختلف ممالک سے کثیر تعداد میں احباب جماعت اس میں شمولیت کے لیے تشریف لاتے ہیں۔ جامعہ احمدیہ میں بھی جلسہ سالانہ کے مہمانوں کی رہائش کا بندوبست کیا گیا ہے۔ اس وقت یہاں تقریباً ۴۰مہمان خواتین رہائش پذیر ہیں جن کا تعلق دنیا کے مختلف ممالک سے ہے۔ ان ممالک میں کبابیر، فلسطین، شام، گھانا، امریکہ، بیلجیم، پاکستان، بنگلہ دیش اور ترکمانستان شامل ہیں۔
یہاں ۱۵ ممبرات پر مشتمل ٹیم مہمان نوازی کی ڈیوٹی دے رہی ہے جن کے اوقات اس طرح تقسیم کیے گئے ہیں کہ پورے ۲۴گھنٹے یہاں مہمانوں کی دیکھ بھال کے لیے ڈیوٹی پر کوئی نہ کوئی موجود رہتا ہے۔ مہمانوں کے آنے پر سب سے پہلے ان کی رجسٹریشن ہوتی ہے جس کے بعد ان کو ان کی قیام گاہ تک لے جایا جاتاہے۔ کھانے کا انتظام ضیافت مارکی میں ہے۔ مہمانوں کی آسانی کے لیے انٹرنیٹ اور فون کی سہولت بھی موجود ہے۔ شعبہ رہائش کے علاوہ ضیافت، نظافت اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات بھی سر گرمِ عمل ہیں۔ یہاں مستورات کے لیے بھی باقاعدہ نماز باجماعت کا انتظام موجود ہے اس کے علاوہ جو اسلام آباد جاکر نماز ادا کرنا چاہیں ان کے لیے نماز سے ایک گھنٹہ قبل اعلان کردیا جاتا ہے اور ٹرانسپورٹ بھی مہیا کی جاتی ہے۔