کچھ جامعات سے

سالانہ تقریب تقسیم انعامات جامعہ احمدیہ جرمنی برائے سال ۲۰۲۳ء – ۲۰۲۴ء

مجلس علمی

فَاسْتَبِقُوا الْخَيْرَاتِ کے تحت طلبہ میں علمی مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے مجلس علمی کے تحت گروپس کے مابین مقابلہ جات منعقد کیے جاتے ہیں، تاہم طالب علم انفرادی طور پر بھی حصہ لے سکتا ہے۔امسال مجلس علمی کے تحت ہونے والے مقابلہ جات میں مقابلہ تلاوت قرآن کریم، مقابلہ کسوٹی، مقابلہ مضمون نویسی، مقابلہ تقریر بزبان اردو، انگریزی، عربی اور جرمن میں تقریر فی البدیہہ کے مقابلہ جات بھی منعقد کروائے گئے۔ اسی طرح مقابلہ اذان، مقابلہ نظم، مقابلہ حفظ ادعیہ، مقابلہ پیغام رسانی، بیت بازی اور ایک دلچسپ کوئز بھی کروایا گیا۔

مجلس العاب

حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے طلبہ جامعہ احمدیہ کے لیے ارشاد فرمایا ہے کہ ’’طلبہ جامعہ احمد یہ…کم از کم ڈیڑھ گھنٹہ کوئی نہ کوئی گیم کھیلیں اور Exerciseکریں۔‘‘حضور انور کے ارشاد کے تحت طلبہ جامعہ احمدیہ احمدیہ روزانہ کسی نہ کسی کھیل میں شامل ہوتے ہیں۔ اسی طرح دوران سال طلبہ کے آپس میں گروپس کی بنیاد پر یا کلاس کی سطح پر مختلف ورزشی مقابلہ جات منعقد کیے جاتے ہیں۔ اور سال کے اختتام پر تین دن سالانہ کھیلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

دوران سال منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں فٹ بال لیگ، کرکٹ اور والی بال لیگ شامل ہیں۔ اسی طرح ۷؍کلو میٹرتیز پیدل چلنے کا مقابلہ اور ۲۰؍کلومیٹر کراس کنٹری ریس بھی کروائی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ بعض کھیلوں کے کوالیفائی میچز بھی کروائے گئے۔

امسال مورخہ یکم تا ۳؍مئی ۲۰۲۴ء کو سالانہ گیمز کا انعقاد ہوا۔ تین دن جاری رہنے والی ان کھیلوں میں انفرادی اور اجتماعی یعنی گروپس کے مابین مقابلہ جات ہوئے۔ انفرادی مقابلہ جات میں نیزہ پھینکنا، گولہ پھینکنا، لمبی چھلانگ، دوڑ ۱۰۰؍میٹر، دوڑ ایک ہزار میٹر، تھالی پھینکنا، ثابت قدمی، گاڑی کھینچنا، ٹائرفلپ، پنجہ آزمائی، کلائی پکڑنا، تین ٹانگ دوڑ، Strongman Parkourاورجامعہ کی روایتی کھیل روک دوڑ شامل ہیں۔ گروپس کے مابین منعقد ہونے والے مقابلہ جات میں رسہ کشی، کرکٹ، بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ریلے ریس، باسکٹ بال، والی بال، Völkerballاور فٹ بال شامل ہیں۔

تقریب تقسیم انعامات

ان علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشنز حاصل کرنے والے، نیز تدریسی سال ۲۰۲۲ء – ۲۰۲۳ء میں کلاسز میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے مورخہ ۲۳؍جون ۲۰۲۴ء کو جامعہ احمدیہ میں ایک پروقار تقریب تقسیم انعامات کا انعقادکیا گیا جس میں مہمان خصوصی مکرم عبداللہ واگس ہاؤزر صاحب امیر جماعت احمدیہ جرمنی تھے۔ نیز جماعت کے دیگر معززین بھی مدعو تھے۔ تقریب کے آغاز میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد مکرم امیر صاحب نے پوزیشنز حاصل کرنے والے طلبہ اور گروپس میں انعامات تقسیم کیے۔ اس سال علمی مقابلہ جات میں بہترین طالب علم عزیزم فیاض احمد صاحب اور بہترین گروپ ’’صداقت‘‘ قرارپایا۔ اسی طرح ورزشی مقابلہ جات میں بہترین کھلاڑی عزیزم یونس یوسف صاحب اور بہترین گروپ ’’صداقت ‘‘ ہی قرارپایا۔ اس کے بعد مہمان خصوصی صاحب نے تدریسی سال ۲۰۲۲ء – ۲۰۲۳ء میں کلاسز میں اوّل، دوم اور سوم آنے والے طلبہ میں شیلڈز تقسیم کیں۔ انعامات کی تقسیم کے بعد امیر صاحب نے طلبہ اور بالخصوص امسال فارغ التحصیل ہونے والے مربیان سلسلہ کو ہر میدان میں جماعتی خدمات سرانجام دینے کے لیے تیار رہنے کی نصیحت کی۔ بعد ازاں مکرم شمشاد احمد قمر صاحب پرنسپل جامعہ احمدیہ جرمنی نے طلبہ کو روحانی اور عملی کردار میں آگے بڑھنے کی تلقین کی۔ اس کے ساتھ ساتھ آپ نے مکرم امیر صاحب اور دیگر مہمانان کرام کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اختتامی دعا ہوئی۔ دعا کے بعد تمام مہمانان کرام کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا اور اس طرح یہ پُروقار تقریب بخیروخوبی اپنے اختتام کو پہنچی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک

(رپورٹ: سرفرازاحمد۔ مربی سلسلہ، جامعہ احمدیہ جرمنی)

متعلقہ مضمون

رائے کا اظہار فرمائیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button